بڑی خبر: تلنگانہ میں سرکاری اسکول کی 67 طالبات بیمار، اسپتال میں ہوئیں داخل

تلنگانہ کے رنگاریڈی ضلع میں سرکاری اسکول کی 67 طالبات بیمار ہو گئی ہیں۔ پیٹ درد کی شکایت کے بعد سبھی طالبات کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

07 Jan 2019, 10:09 PM

تلنگانہ: رنگاریڈی ضلع میں سرکاری اسکول کی 67 طالبات بیمار، اسپتال میں داخل

تلنگانہ کے رنگاریڈی ضلع کے ایک سرکاری اسکول میں اس وقت افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا جب 67 طالبات کے پیٹ میں اچانک درد شروع ہو گیا۔ درد کی شکایت کے بعد سبھی طالبات کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال یہ پتہ نہیں لگ سکا ہے کہ یہ درد کسی نقصاندہ کھانا کی وجہ سے ہوا ہے یا پھر کسی مشروب کی وجہ سے۔

07 Jan 2019, 9:09 PM

چنئی: انجینئرنگ کے طالب علم نے کالج ہاسٹل میں پھندا لگا کر کی خودکشی

چنئی: تمل ناڈو کے ضلع کانچی پورم میں کل رات ایک کالج ہاسٹل میں انجینئرنگ کے ایک طالب علم نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کو جب طالب علم کافی دیر تک اپنے کمرے سے باہر نہیں نکلا تو اس کے ساتھیوں نے اسکول انتظامیہ کو مطلع کیا اس کے بعد پولیس کو معاملے کی اطلاع کی گئی اور پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر دروازہ توڑا تو طالب علم کی لاش پھندے سے لٹکی پائی گئی۔اس کی شناخت اروند راجیندرن (20) کے طورپر کی گئی ہے۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے چینگل پیٹ سرکاری اسپتال بھجوا دیا ہے۔ اسی دوران طالب علم کے لواحقین نے واقعہ کےلئے کالج انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اروند ایسا انتہائی قدم نہیں اٹھاسکتا ۔پولیس نے معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی ہے۔

07 Jan 2019, 8:09 PM

میگھالیہ: بی جے پی دفتر میں پٹرول بم سے حملہ

شیلانگ: میگھالیہ کے دارالحکومت شیلانگ میں واقع بی جےپی دفتر پر کچھ بدمعاشوں نے اتوار کی رات پٹرول بم پھینکا۔اس حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ حملہ رات تقریباً 11 بج کر 20منٹ پر ہوا،اور ایسے وقت میں ہوا جب مودی حکومت کے مجوزہ متنازعہ شہریت ایکٹ (ترمیم) بل، 2016 کے خلاف لوگوں میں حکومت کے تئیں غصہ ہے، حالانکہ اس کی پوری امیدہےکہ پارلیمنٹ میں یہ بل پاس ہوجائے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ اسٹیفن رنجاہ نے یواین آئی کو بتایا کہ حملہ آوروں نے بیور روڈ پر واقع بی جے پی دفتر پر پٹرول بم پھینکا جس کی وجہ سے دفتر کے سامنے کی کھڑکی کو نقصان پہنچا ہے۔ وہیں اس واقعہ کے بعد فورنسک کے ماہرین کی ٹیم بی جے پی دفتر پہنچی اور نمونے جمع کئے۔ساتھ ہی واقعہ کے وقت کی سی سی ٹی وی فٹیج کو اپنے قبضے لے لیا۔ مسٹررنجاہ نے بتایا کہ ان کی ٹیم واقعہ کے ہر پہلو کی جانچ کر رہی ہے اورحملہ آور بدمعاشوں کو پکڑنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے۔


07 Jan 2019, 6:10 PM

گجرات: غیر قانونی ہتھیارکے ساتھ راجکوٹ میں ایک نوجوان گرفتار

گجرات میں راجکوٹ شہر کے ڈی سی بی علاقے میں پیر کو ایک شخص غیر قانونی ہتھیار کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک اطلاع کی بنیاد پر صبح کواڈوا جی آئی ڈی سی سپتریشی آشرم کے نزدیک سڑک پر مادھو کمار منڈل (20) کی تلاشی لی گئی۔ اس دوران اس کے پاس سے ایک دیسی پستول اور دو کارتوس ضبط کی گئیں۔ اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس معاملہ درج کرکے گرفتار شخص سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔

07 Jan 2019, 5:09 PM

سپریم کورٹ نے انل امبانی کے خلاف نوٹس جاری کیا

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ’ایرکسن انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کی توہین کی درخواست پر ریلائنس کمیونیکشنز کے چیئرمین انل امبانی کو نوٹس جاری کیا۔ جسٹس روهنگٹن ایف نریمن کی صدارت والی بنچ نے ایرکس انڈیا کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے انل امبانی اور دیگر کو نوٹس جاری کیا۔ کورٹ نے جواب کے لئے انہیں چار ہفتوں کا وقت دیا ہے۔ اس سے پہلے ریلائنس کی جانب سے پیش وکیل کپل سبل اور مکل روہتگی نے 118 کروڑ روپے جمع کرانے کی کوشش کی، لیکن ایرکسن کے وکیل نے اس سے انکار کر دیا۔ کورٹ نے ریلائنس کو رجسٹری میں 118 کروڑ روپے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ جمع کرانے کی ہدایت دی۔

قابل غور ہے کہ ریلائنس ’جیو انفوکام لمیٹڈ‘ کے ساتھ اثاثوں کی فروخت کی تکمیل کی سمت میں 550 کروڑ روپے کی بقایا رقم کے احکامات کی تعمیل نہ کرنے کے لئے ایرکسن انڈیا نے انل امبانی کے خلاف عدالت کی توہین کا معاملہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایرکسن نے عدالت سے اپیل کی تھی کہ انل انبانی کو تب تک جیل میں بند کیاجائے جب تک کہ وہ مکمل ادائیگی نہیں کردیتے۔


07 Jan 2019, 3:09 PM

مودی حکومت نے اعلیٰ ذات کو 10 فیصد ریزرویشن دینے کا کیا اعلان

لوک سبھا انتخابات سے قبل مودی حکومت نے اعلیٰ ذات کو خوش کرنے کے لیے بڑا داؤ کھیلا ہے۔ حکومت نے اعلیٰ ذات کو ریزرویشن دینے کا فیصلہ لیا ہے اور اس سلسلے میں پیر کے روز مودی کابینہ کی ہوئی میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا۔ فیصلے کے مطابق اعلیٰ ذات کو 10 فیصد ریزرویشن دینے پر مہر لگ گئی ہے۔ خبروں کے مطابق معاشی طور پر کمزور اعلیٰ ذات کو حکومت ملازمت میں ریزرویشن دینے جا رہی ہے۔

07 Jan 2019, 1:11 PM

راجیہ سبھا کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی

نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے چھاپے اور رافیل جیسے مختلف امور پر اپوزیشن کے ہنگامے کے سبب راجیہ سبھا کی کارروائی پیر کے روز 2 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو معمول کا کام کاج نمٹانے اور دستاویزات ٹیبل پر رکھے جانے کے بعد چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ انہیں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ضابطہ 267 کے تحت نوٹس موصول ہوئے ہیں لیکن انہوں نے سب کو نامنظور کر دیا ہے۔ اس پر اپوزیشن پارٹی کے ارکان مشتعل ہوکر ہنگامہ کرنے لگے۔

کانگریس، سماجوادی پارٹی اور بائیں بازو کے پارٹی ارکان نے زور زور سے بولنا شروع کردیا۔ بائیں پارٹی کے راجیش ہاتھ میں کاغذ لیکر اپنی سیٹ سے چھوڑکر باہر آ گئے۔

سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو سی بی آئی کے چھاپے کا معاملہ اٹھانے کے لئے نائیڈو سے اجازت طلب کر رہے تھے، لیکن شور شرابے میں کسی رکن کی آواز صاف سنائی نہیں دے رہی تھی۔ کانگریس کے رکن رافیل معاملے پر شور مچا رہے تھے۔ ہنگامہ نہ تھمتے ہوئے دیکھ کر نائیڈو نے 11 بجکر 15 منٹ پر ایوان کی کارروائی دو بجے تک کے لئے ملتوی کر دی۔


07 Jan 2019, 12:09 PM

نواز شریف کے العزیزیہ اسٹیل ملز بدعنوانی معاملے میں سماعت آج

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ، سابق وزیراعظم نواز شریف کے العزیزیہ اسٹیل ملز بدعنوانی معاملے میں سزا معطل کرنے سے متعلق درخواست پر پیر کے روز سماعت کرے گا۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نواز شریف کی درخواست پر سماعت کریں گے۔ سابق وزیر اعظم کی سزا معطل کئے جانے کی اپیل کے سلسلے میں ان کے وکلاء نے گزشتہ ہفتے عدالت میں عرضی دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے 24 دسمبر 2018 کو نواز شریف پر العزیزیہ بدعنوانی معاملے میں سات سال کی سزا کے ساتھ ہی ڈھائی کروڑ ڈالر اور 15 لاکھ پونڈ کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

07 Jan 2019, 11:09 AM

سڈنی ٹسٹ جیتنے کے بعد بولے کپتان كوہلی، 12 ماہ کی محنت رنگ لائی

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر جاری چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن کا کھیل بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا اور اسی کے ساتھ ہندوستان نے 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی ہے، آسٹریلیا میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے 72 سال بعد آسٹریلیا میں سیریز جیت کر تاریخ رقم کی ہے، یہ ہندوستانی ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف اسی کے گھر میں پہلی سیریز جیت ہے۔

ہندوستانی کپتان نے کہا ’’سب سے پہلے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ میں اپنی ٹیم پر بہت زیادہ فخر محسوس کر رہا ہوں، گزشتہ 12 ماہ سے ہم ٹیم کلچر بنانے کی کوشش کر رہے تھے، ہمارے میں تبدیلی یہیں سے شروع ہوئی، جب میں پہلی بار کپتان بنا تھا۔ میں صرف ایک لفظ کہوں گا کہ میں بہت فخر محسوس کر رہا ہوں، ان کھلاڑیوں کی قیادت کرنا ہمارے لئے اعزاز ہے، وہ کپتان کو اچھا دکھاتے ہے، وہ اس لمحے جشن منانے کے حقدار ہیں‘‘۔

ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار آسٹریلیا کو انہی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کے بعد ہندوستانی ٹیم کے کوچ روی شاستری نے کہا، " یہ میرے لئے کتنا تسلی بخش لمحہ ہے. ورلڈ کپ 1983، ورلڈ چیمپئن شپ 1985، جیسا ہی بڑا ہے، یا اس سے بھی کہیں بڑا ہے، کیونکہ یہ کھیل کا حقیقی فارمیٹ ہے، یہ ٹیسٹ کرکٹ ہے‘‘۔


07 Jan 2019, 10:10 AM

ایران میں 9.5 شدت کا زلزلہ، 75 افراد زخمی

تہران: مغربی ایران کے كرمانشاه صوبے کے گیلانغرب شہر میں اتوار کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس ہوئے جس کی وجہ سے کم از کم 75 افراد زخمی ہو گئے۔

ایران کے ایمرجنسی سروس محکمہ کے سربراہ پیر حسین خلیفند نے یہ اطلاع دی ہے۔ ریختر پیمانے پر اس زلزلے کی شدت 5.9 ناپی گئی ہے ۔ ایران کے زلزلہ مطالعاتی مرکز کے مطابق ریخترپیمانے پر اس زلزلے کے 3.0 سے 4.8 شدت کے کم از کم 15 جھٹکے محسوس کئے گئے۔

ایک میڈیکل افسر نے بتایا کہ زلزلہ سے گھبراکر کئی افراد اپنے گھروں سے بھاگے جس کی وجہ سے زیادہ تر لوگ زخمی ہوگئے اور کچھ رہائشی عمارتوں کوبھی نقصان پہنچا ہے۔

زلزلے کی وجہ سے گیلانغرب شہر میں لوگوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پیر کو گیلانغرب شہر میں سبھی اسکول بند رہیں گے۔ زلزلے کے جھٹکے پڑوسی صوبہ لاریستان کے علاوہ عراق میں بھی محسوس کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ نومبر 2017 میں ایران ۔عراق سرحد کے سرپل ذہاب علاقے میں 3.7 کی شدت سے آئے زلزلے کی وجہ سے 211 افراد کی موت ہوگئی تھی۔

06 Jan 2019, 10:43 PM

افغانستان میں سونے کی کان میں حادثہ،30 افراد ہلاک،15 زخمی

کابل: افغانستان کے شمالی بدخشاں صوبہ میں آج صبح سونے کی ایک غیرقانونی کان میں سونے کی کھدائی کے دوران مٹی دھنسنے سےکم ازکم 30 افراد ہلاک اور 15زخمی ہوگئے۔

قومی آفات بندوبست اتھارٹی کے سربراہ سید عبداللہ ہمایوں دہقان نے یہ اطلاع دی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ یہ حادثہ کوہستانی ضلع کے شیپو علاقہ میں صبح ساڑھے دس بجے اس وقت پیش آیا جب 50 سے زیادہ لوگ اس غیر قانونی سونے کی کان میں کھدائی کر رہے تھے اور اچانک مٹی دھنس گئی جس میں یہ سبھی دب گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد فوراً راحت اور بچاؤ کام شروع کیا گیا اور ابھی تک 30لاشیں نکالی جاچکی ہیں اور 15زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ضلع کے گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ اس حادثہ میں 15مزدورشدید طورپر زخمی ہیں۔

دریں اثنا حادثہ کی اطلاع ملتے ہی صدر اشرف غنی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انتظامیہ کو راحت اور بچاؤ کام میں تیزی لانے کے احکامات دیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔