اہم خبر: دہلی واقع نبی کریم میں چار منزلہ عمارت منہدم

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

24 Jul 2019, 5:10 PM

دہلی: نبی کریم میں عمارت منہدم، کوئی جانی نقصان نہیں

نئی دہلی: پرانی دہلی کے بھیڑ بھاڑ والے علاقے صدر بازار کے نبی کریم میں بدھ کو ایک پانچ منزلہ پرانی عمارت منہدم ہو گئی۔ اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ فائر بریگیڈ محکمے سے موصول اطلاع کے مطابق عمارت گرنے کی اطلاع 10 بج کر 57 منٹ پر موصول ہوئی۔ محکمے نے فوراً جائے وقوع پر چار گاڑیوں کو روانہ کردیا۔ یہ عمارت کافی رانی بتائی جاتی ہے اور اسے خطرناک قرار دیا جا چکا تھا۔ یہ عمارت صدر بازار کے سنگھاڑا چوک میں واقع تھی۔

24 Jul 2019, 4:09 PM

الگ عقیدہ رکھنے والوں کو ’جے شری رام‘ کہنے کے لیے مجبور کیوں کیا جا رہا: اپرنا سین

بنگالی اور ہندی فلم انڈسٹری کی معروف ہستی اپرنا سین نے ملک میں ہو رہے موب لنچنگ کے واقعات پر سوال کھڑے کیے ہیں۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ آخر الگ عقیدہ رکھنے والے لوگوں کو ’جے شری رام‘ کہنے کے لیے مجبور کیوں کیا جا رہا ہے۔ پورے ملک میں لوگوں کی موب لنچنگ ہو رہی ہے، جو درست نہیں۔

24 Jul 2019, 2:56 PM

آر ایس ایس والے ہمارا بال بھی بیکا نہیں کر سکتے: اکبرالدین اویسی

آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے لیڈر اکبرالدین اویسی نے آر ایس ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ ’’آر ایس ایس والے ہمارا بال بھی بیکا نہیں کر سکتے۔ دنیا اسی کو ڈراتی ہے جو ڈرتا ہے، دنیا اسی سے ڈرتی ہے جو ڈرانا جانتا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اکبرالدین اویسی سے نفرت کیوں ہے؟ ’15 منٹ‘ ایسا ضرب ہے جو ابھی بھی نہیں بھر سکا۔‘‘


24 Jul 2019, 2:04 PM

کرناٹک میں سیاسی گرمی کے دوران یدی یورپا کی آر ایس ایس لیڈروں سے ملاقات

بنگلورو میں بی جے پی لیڈر بی ایس یدی یورپا نے چمراج پیٹ کے آر ایس ایس دفتر پہنچ کر آر ایس ایس لیڈروں سے ملاقات کی۔ اس دوران انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں یہاں آر ایس ایس فیملی کے سینئر لیڈروں کی دعائیں لینے کے لیے آیا تھا۔ میں دہلی سے حکم کا انتظار کر رہا ہوں، کسی بھی وقت ہم قانون ساز پارٹی کے لیے کال کریں گے اور پھر راج بھون جائیں گے۔‘‘

24 Jul 2019, 1:09 PM

کرناٹک: کانگریس کا ایک نمائندہ وفد اسپیکر رمیش کمار سے ملنے پہنچا

کرناٹک میں باغی اراکین اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کو لے کر کانگریس کا ایک نمائندہ وفد اسپیکر رمیش کمار سے ملاقات کے لیے ان کے دفتر پہنچا ہے۔ واضح رہے کہ 23 جولائی کو ریاستی اسمبلی میں کانگریس-جے ڈی ایس حکومت اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی تھی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی بی جے پی یہاں حکومت سازی کا عمل شروع کرے گی۔


24 Jul 2019, 12:09 PM

مظفر نگر فساد سے منسلک 20 مزید کیس لیے جائیں گے واپس، یوگی حکومت کی منظوری

اتر پردیش کی یوگی حکومت نے مظفر نگر فسادات سے جڑے 20 کیس اور واپس لینے کی اجازت دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت اب تک کل 68 مقدموں کو واپس لینے کی اجازت دے چکی ہے۔ حکومت کی طرف سے جن معاملوں کی واپسی کی اجازت دی گئی ہے وہ پولس اور پبلک کی طرف سے درج کرائے گئے تھے۔ یہ سبھی کیس آگ زنی، لوٹ، ڈکیتی جیسی دفعات سے جڑے ہوئے ہیں۔

24 Jul 2019, 11:08 AM

اتر پردیش: فائرنگ واقعہ کی جانچ کے لیے ایک ٹیم آج پہنچے گی سون بھدر

اتر پردیش کے اَپر چیف سکریٹری کی قیادت میں ایک جانچ کمیٹی آج سون بھدر کا دورہ کرے گی۔ سون بھدر میں 17 جولائی کو آراضی تنازعہ میں ایک فریق نے دوسرے فریق پر فائرنگ کر دی تھی جس میں 10 قبائلیوں کی جان چلی گئی تھی اور کئی زخمی ہوئے تھے۔ جانچ کمیٹی اس واقعہ کے تعلق سے پوری جانکاری حاصل کرے گی۔


24 Jul 2019, 9:57 AM

وندے بھارت ایکسپریس کے پروڈکشن میں تاخیر پر سنجے راؤت نے دیا وقفہ صفر میں نوٹس

شیو سینا رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت ’وندے بھارت ایکسپریس‘ کے پروڈکشن میں تاخیر سے ناراض ہیں اور انھوں نے اس تعلق سے راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کا نوٹس دیا ہے۔

24 Jul 2019, 9:07 AM

لالچ اور ذاتی مفادات کے سامنے جمہوریت اور کرناٹک کے عوام کی شکست ہوئی: راہل

کرناٹک میں کانگریس-جے ڈی ایس حکومت گرنے کے بعد کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ پہلے دن سے ہی اتحاد کے خلاف کچھ لوگ ذاتی مفادات کے لیے سازش تیار کر رہے تھے۔ آج اسی لالچ کے سامنے جمہوریت اور کرناٹک کے لوگوں کی شکست ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔