بڑی خبر: سعودی شہزادہ طلال بن عبدالعزیز سپرد خاک

سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ طلال سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز کے 18ویں فرزند تھے۔ مرحوم شہزادہ سعودی فرمانرواں شاہ سلمان کے سگے بھائی اور ارب پتی شہزادہ الولید بن طلال کے والد تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 Dec 2018, 8:10 PM

سعودی شہزادہ طلال بن عبدالعزیز کی وفات

دبئی : سعودی شہزادہ طلال بن عبدالعزیز 87 برس کی عمر میں وفات پا گئے۔

سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ طلال سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز کے 18ویں فرزند تھے۔ مرحوم شہزادہ سعودی فرمانرواں شاہ سلمان کے سگے بھائی اور ارب پتی شہزادہ الولید بن طلال کے والد تھے۔

شہزادہ طلال کا شمار سعودی شاہی خاندان کے انتہائی تعلیم یافتہ افراد میں کیا جاتا تھا، انہوں نے طویل عرصے تک سعودی عرب میں مختلف اعلی مناصب پرفائز رہے۔ شہزادہ طلال بن عبد العزیز مختلف وزارتوں کے علاوہ فرانس میں سعودی عرب کے سفیر بھی رہے۔

اس کے علاوہ شہزادہ طلال نے یونیسیف اور یونیسکو کے خصوصی ایلچی کا عہدہ بھی سنبھالا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شاہی دیوان کی طرف سے گزشتہ روز دیر شام کو جاری بیان میں یہ خبر دی گئی ہے کہ "امیر طلال بن عبدالعزیز آج بروز سنیچر بتاریخ 15 ربیع الآخر 1440 ہجری کو وفات پاگئے۔ ان کی نماز جناز بروز اتوار یعنی آج ریاض کی جامع ترکی میں عصر کے بعد ادا کی گئی"۔

23 Dec 2018, 6:09 PM

دہلی میٹرو اسٹیشن پر نابالغ کے پاس سے دیسی طمنچہ برآمد

نئی دہلی: دہلی کے اشوک پارک لین اسٹیشن پر ایک نابالغ کے پاس سے دیسی طمنچہ برآمد ہوا ہے۔

مرکزی صنعتی سلامتی فورس (سی آئی ایس ایف) نے بتایا کہ گزشتہ رات 11:45 بجے اشوک پارک میں میٹرو اسٹیشن پر ایکسرے مشین میں سامان کی جانچ کے دوران ہیڈ کانسٹبل ہوا سنگھ کو ایک تھیلے میں پستول جیسی کچھ چیز دیکھائی دی ۔ اس نے فوراً مشین کی بیلٹ اور مسافر کو روک کر سینئر افسران کو اس کی اطلاع دی۔ مسافر کی موجودگی میں تھیلے کی جانچ کرنے پر اس سے ایک دیسی طمنچہ برآمد ہوا۔

تھیلے کے مالک کی عمر 16 برس ہے اور دہلی کے ہی منگول پوری کا رہنے والا ہے۔ اسے طمنچے کے ساتھ دہلی میٹرو ریلوے پولس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

23 Dec 2018, 4:09 PM

تین ریاستوں میں فتح کے بعد اب کانگریس نے جھارکھنڈ میں لہرایا جیت کا پرچم

جھارکھنڈ کی کولے بیرا سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخابات میں کانگریس نے شاندر جیت درج کی ہے۔ یہاں پر کانگریس کے امیدوار نمن وکسیل کونڈاگی 9658 ووٹوں سے جیت گئے ہیں۔ حال ہی میں مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں جیت درج کرنے والی کانگریس کی اس جیت سے ظاہر ہو رہا ہے کہ عوام میں کانگریس کی مقبولیت میں یزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ادھر گجرات میں جسدن سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے امیدوار اور ریاستی حکومت کے وزیر كنورجی باوليا نے اپنے جیت درج کی ہے۔


23 Dec 2018, 3:06 PM

جھارکھنڈ ضمنی انتخاب، کولے بیرا سیٹ پر کانگریس امیدوار 7 ہزار ووٹوں سے آگے

جھارکھنڈ کی کولے بیرا اسمبلی سیٹ پر ووٹ شماری کا عمل جاری ہے۔ یہاں سے کانگریس امیدوار 7 ہزار ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں اور 13 مراحل کی ووٹ شماری ختم ہو چکی ہے۔

نکسل متاثرہ کولے بیرا میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جمعرات کو ووٹ شماری کا عمل شروع ہوا۔ یہاں تقریباً 64 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران کسی بھی طرح کے پر تشدد واقعہ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔ سیٹ پر کل 5 امیدوار اپنی قصمت آزمانے کے لئے اترے تھے۔

23 Dec 2018, 2:08 PM

تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر

حیدرآباد: تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر جاری ہے۔ رات کے درجہ حرارت میں اچانک تیزی سے گراوٹ ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ چند دنوں کے دوران سردی کی لہر برقرار رہے گی ۔ چھوٹے بچوں اور ضعیف افراد کو زیادہ سردی محسوس ہورہی ہے۔ ساتھ ہی گرم ملبوسات کی خرید و فروخت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ عوام سویٹرس‘ ٹوپیوں اور مفلرس کااستعمال کررہے ہیں۔ہوٹلوں عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔

صبح کے اوقات میں ضلع کے بیشتر مقامات پر عوام آگ تاپتے نظر آرہے ہیں۔ کئی لوگوں نے سردی کی لہر میں اضافہ کے سبب گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی ہے۔ شدید سردی کے سبب صبح کے اوقات میں چہل قدمی ، دفاتر جانے والوں کے ساتھ ساتھ اسکولی طلبہ کو بھی مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔کئی مقامات پر کہر کے سبب گاڑیوں کی روشنی کھول کر چلانے پرڈرائیورس مجبور ہیں۔کہر کے سبب حادثات کا بھی خدشہ ہے۔ریاست کے کئی مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت 7تا 11 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کا ہجوم ہے۔ نزلہ‘ کھانسی‘ زکام اور بخار میں کئی افراد مبتلا ہیں۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے ماہ جنوری میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ کی پیش گوئی کی ہے۔


23 Dec 2018, 12:56 PM

بہار میں نتیش-پاسوان کے آگے جھکی بی جے پی، جے ڈی یو کو 17، ایل جے پی کو دیں 6 نشستیں

بہار میں این ڈی اے نے لوک سبھا انتخابات کے لئے سیٹوں کی تقسیم کا کام پورا کرلیا، بی جے پی، جے ڈی یو اور ایل جے پی کے آگے جھک گئی ہے، بی جے پی نے جے ڈی یو کو 17 نشستیں اور خود بھی 17 سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے، وہیں رام ولاس پاسوان کی پارٹی ایل جے پی کو 6 نشستیں دی ہیں۔

بہار میں لوک سبھا سیٹوں کی تقسیم کے اعلان کے بعد ریاست کے وزیر اعلی نتیش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’ہم بہار کی ترقی کے لئے مصروف عمل ہیں، ہمیں لگتا ہے کہ رام مندر مسئلہ کو عدالت پر چھوڑ دینا چاہیے‘‘۔

23 Dec 2018, 12:10 PM

جھارکھنڈ ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار آگے

گجرات کی جسدن اور جھارکھنڈ کی کولے بیرا سیٹ پر ہوئے ضمنی اسمبلی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی صبح 8 بجے سے جاری ہے۔ تازہ اطلاع ملنے تکت جھارکھنڈ کی سیٹ سے کانگریس جبکہ گجرات کی سیٹ سے بی جے پی امیدوار آگے چل رہے ہیں۔

جھارکھنڈ کی کولے بیرا سیٹ پر چھٹے مرحلہ کی ووٹ شماری ختم ہونے کے بعد کانگریس امیدوار نمن وکسیل سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ گجرات اور جھارکھنڈ کی سیٹ پر 20 دسمبر کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ گجرات کی جسدن سیٹ پر کانگریس کے سابق رہنما کنور جی باولیا بی جے بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے جبکہ قتل کے معاملہ میں جھارکھنڈ کی کولے بیرا سیٹ سے رکن اسمبلی اینوس ایکا کو سزا سنائے سنائی گئی تھی، خالی ہونے کی وجہ سے ان دونوں سیٹوں پر انتخاب کرایا گیا ہے۔


23 Dec 2018, 9:14 AM

فیض آباد میں گھر میں گھس کر ٹھیکیدار کا قتل، بی جے پی رکن اسمبلی پر کیس درج

ہفتہ کی شام فیض آباد میں ایک سرکاری ٹھیکیدار کا اس کے گھر میں گھس کر قتل کر دیا گیا۔ قتل کا الزام بی جے پی رکن اسمبلی اندر پرتاپ پر لگائے جانے کے بعد پولس نے بی جے پی ایم ایل اے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولس نے بتایا کہ ٹھیکیدار اجے پرتاپ سنگھ (40) کا شام 4 بجے کوشل پوری کالونی میں ان کے گھر پر قتل کر دیا گیا۔ اجے کے والد راج کمار سنگھ کا الزام ہے کہ ان کے بیٹے کا قتل اندر پرتاپ نے کرایا ہے۔ فیض آباد ایس پی انل سنگھ نے بتایا کہ پرتاپ اور دو دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ حالانکہ گوسائی گنج سے بی جے پی کے رکن اسمبلی اندر پرتاپ نے قتل میں ان کا ہاتھ ہونے سے انکار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔