اہم خبر: سعودی عرب میں پولس تھانے پر حملہ، چار حملہ آور ہلاک

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

21 Apr 2019, 6:10 PM

سعودی عرب میں پولس تھانے پر حملہ، 4 حملہ آور ہلاک

ریاض: سعودی عرب نے دار الحکومت ریاض کے شمال میں ایک پولس تھانے پر حملے کو ناکام بنا دیا، جس میں چار حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ یہ اطلاع العربیہ ٹی وی نے آج دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ حملہ ریاض سے تقریباً 250 کلومیٹر دور مضافاتی علاقہ الزلفی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ سینٹر کو نشانہ بناکر کیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور مشین گن اور بموں سے لیس تھے۔

سعودی عرب میں رواں مہینے کے آغاز میں مشرقی صوبہ کی ایک سیکورٹی چیک پوائنٹ پر حملے کی کوشش کو ناکام بنایا گيا تھا، جس میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے اور دو دیگر کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں چند شہری اور پولس کے جوانوں کی بھی موت ہوگئی تھی۔

21 Apr 2019, 4:10 PM

افغانستان: ہوائی حملوں میں 7 طالبان ہلاک

ترن کوٹ: افغانستان فوج نے ملک کے اروجگان صوبے میں سنیچر کے روز طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کرکے 7 طالبانیوں کو ہلاک کردیا۔

فوج نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ صوبے کی راجدھانی ترن کوٹ کے باہر مہرہ آباد علاقے میں سنیچر کی دوپہر فضائی حملے کیے گئے جس میں سات طالبانی موقع پر ہی ہلاک اور متعدر زخمی ہوگئے۔

بیان کے مطابق طالبانیوں کی چار موٹر سائیکلیں بھی ان حملوں میں تباہ ہوگئی ہیں۔ طالبان نے ابھی تک اس بارے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

21 Apr 2019, 3:10 PM

تمل ناڈو کے مندر میں بھگڈڑ، سات کی موت، دس زخمی

تروچراپلی: تملناڈو کے متھیاپلیم میں واقع کروپنا سوامی مندر میں تہوار کے دوران اتوار کو بھگدڑ مچ جانے سے چار خواتین سمیت 7 عقیدت مندوں کی موت اور 10دیگر زخمی ہوگئے۔

پولس نے بتایا کہ سکّوں کی تقسیم کے لئے منعقدہ ’پڈی کاسو ‘ تقریب کے دوران اچانک بھگدڑ مچ گئی۔ ’چترا پورنامی’تہوار کے موقع پر صبح دس بجکر چالیس منٹ پر یہ حادثہ ہوا۔ سکّہ لینے کے لئے مندر کے نزدیک بڑی تعداد میں بھیڑ جمع تھی اور اس دوران سکّہ لینے کی کوشش میں بھگدڑ کی زد میں کئی لوگ آگئے۔

مرنے والوں کی شناخت اے شانتی (50)، ایس گندھائی (38)، وی پون گونم (50)، آر ولی (35)، آر لکشمی کانتن (60)، کے رجاویل (55) اور رمار( 50) شامل ہیں جو کروڑ، کڈالور، سلیم، نماکل اور ولوپورم اضلاع کے رہنے والے تھے۔ زخمیوں کو تھریور کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔


21 Apr 2019, 3:01 PM

برازیل میں عمارتوں کے منہدام ہونے سے 22 افراد ہلاک

كراكس: برازیل کے ریو دی جنیرو میں بھاری بارش کی وجہ سے دو عمارتوں کے گرنے کی وجہ سے ہونے والے حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی ہے۔ مقامی میڈیا نے گزشتہ روز یہ اطلاع دی۔

شہر کے مزیما فاؤئیلا علاقے میں غیر قانونی طور پر بنی پانچ منزلہ عمارت گزشتہ ہفتے بھاری بارش اور سیلاب کی وجہ سے منہدم ہوگئی تھی، اس حادثے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔

دو لاپتہ بچوں کی لاشیں ہفتہ کو برآمد کر لی گئی تھیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انتظامیہ حادثے کے آس پاس بنی 16 دیگر عمارتوں کو بھی گرانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

اس حادثے کے بعد انتظامیہ کے حکام کو اس بات کی فکر ہے کہ پہاڑی ڈھلانوں پر غیر قانونی طور پر عمارتوں کی تعمیر کی جا رہی ہے، بھاری بارش ہونے کی صورت میں ان عمارتوں پر خطرہ بڑھ جائے گا۔

21 Apr 2019, 2:11 PM

ہندی فلم انڈسٹری کے عظیم فلمساز بی آر چوپڑہ

ممبئی: ہندستانی فلم انڈسٹری میں بی آر چوپڑا کو ایک ایسے فلمساز کے طور پر یاد کیا جائے گا جنہوں نے خاندانی، سماجی اور صاف ستھری فلمیں بناکر تقریباً پانچ دہائیوں تک فلم شائقین کے دلوں میں اپنی پہچان بنائے رکھی۔

پنجاب کے لدھیانہ شہر میں 22 اپریل 1914 کو پیدا ہوئے بی آر چوپڑہ عرف بلدیو رائے چوپڑہ بچپن سے ہی فلموں میں کام کر کے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنا چاہتے تھے۔ انہوں نے لاہور کے گورنمنٹ کالج سے انگریزی ادب میں گریجویشن کیا۔

بی آر چوپڑہ نے اپنا کیرئیر فلمی صحافی کے طور پر شروع کیا۔ فلم میگزین ’سنے ہیرالڈ‘ میں وہ فلموں کا تجزیہ لکھا کرتے تھے۔ 1949 میں انہوں نے فلم ’کروٹ‘ سے فلمسازی کے میدان میں قدم رکھا لیکن یہ فلم بری طرح فلاپ رہی۔


21 Apr 2019, 1:04 PM

مین پوری: آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے پر خوفناک حادثہ، 7 افراد ہلاک، 30 زخمی

مین پوری، 21 اپریل ( یواین آئی) اتر پردیش میں مین پوری کے كرهل علاقے میں آگرہ- لکھنؤ ایکسپریس وے پر ایک تیز رفتار پرائیویٹ بس آگے چل رہے ٹرک سے ٹکراکر الٹ جانے سے سات افراد کی موت ہو گئی اور 30 دیگر زخمی ہو گئے۔

پولس ذرائع نے یہاں بتایا کہ آگرہ سے لکھنؤ جارہی تیز رفتار پرائیویٹ بس ہفتہ کو دیر رات آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے پر كرهل علاقے میں87 کلو میٹرکے قریب آگے جا رہے ٹرک سے جا ٹکرانے کے بعد بے قابو ہوکر پلٹ گئی۔

اس حادثے میں بس میں سوار سات مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 30 دیگر زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی کئی تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ تمام زخمیوں کو سیفئی میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔