اہم خبر: بہار میں آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے 8 بچوں کی موت، 10 زخمی

بہار میں نوادہ ضلع کے کاشی چک کے دھان پور مسہری گاؤں میں آج آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے آٹھ بچوں کی موت ہوگئی اور دس دیگر زخمی ہوگئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

19 Jul 2019, 7:10 PM

بہار میں آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے 8 بچوں کی موت، 10 زخمی

نوادہ: بہار میں نوادہ ضلع کے کاشی چک کے دھان پور مسہری گاؤں میں آج آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے آٹھ بچوں کی موت ہوگئی اور دس دیگر زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع نے یہاں بتایاکہ دھانپور مسہری گاؤں کے بچے پیپل کے درخت کے نیچے کھیل رہے تھے تبھی بارش کے دوران آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے آٹھ بچوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور دیگر بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے بتایاکہ زخمی بچوں کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

19 Jul 2019, 5:10 PM

کانگریس لیڈر کا گولی مار کر قتل

بگہا: بہار میں مغربی چمپارن ضلع کے رام نگر تھانہ علاقہ کے چودھریا گاؤںمیں بدمعاشوں نے آج کانگریس لیڈر کا گولی مار کر قتل کر دیا۔

پولس ذرائع نے یہاں بتایا کہ چودھریا گاؤں باشندہ اور کانگریس لیڈر محمد فخر الدین خان ( 45) اپنے گھر کے نزدیک تالاب کے قریب کھڑے تھے تبھی موٹر سائیکل پر سوار بدمعاشوں نے دھاوا بولا ۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے انہیں گولی مار کر زخمی کردیااور فرار ہو گئے۔

ذرائع نے بتایاکہ زخمی لیڈر کو علاج کیلئے رام نگر پرائمری ہیلتھ مرکز میں لے جایا جارہا تھا تبھی راستے میں انہوں نے دم توڑ دیا۔ قتل کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ پولس موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش کر رہی ہے ۔ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجی جارہی ہے۔

19 Jul 2019, 4:10 PM

ورلڈ ہنگر انڈیکس میں ہندوستان 103ویں نمبر پر!

نئی دہلی: ہندوستان ورلڈ ہنگر (بھوک) انڈیکس میں 119 ملکوں میں 102ویں مقام پر ہے۔ شہری ترقیات کے وزیر نریندر سنگھ تومر نے آج راجیہ سبھا میں تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری طور پر دستیاب اطلاع کے مطابق ’ویلتھ ہنگر ہلفے اینڈ کنسرن ورلڈوائیڈ‘ کے ذریعہ تیار ورلڈ ہنگر انڈیکس میں ہندوستان 103ویں نمبر پر ہے۔

ایک دیگرسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی روزگار گارنٹی قانون (منریگا) کے تحت درج فہرست ذات کے مزدوروں پر خرچ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سال 2015-16 میں درج فہرست ذات کے مزدوروں پر 8075 کروڑ روپے اور 2018-19میں 9934 کروڑ روپے خرچ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ منریگا کے تحت سال 2015-16 میں 123.12لاکھ کام انجام دئے گئے جب کہ مالی سال 2018-19میں یہ بڑھ کر 204.4لاکھ ہوگیا۔


19 Jul 2019, 2:10 PM

این آر سی: مرکز اور آسام کی درخواست پر 23 جولائی کو سماعت

نئی دہلی: سپریم کورٹ آسام میں قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کو آخری شکل دینے کے لئے مقررہ وقت کو بڑھانے کے مرکزی اور ریاستی حکومت کی درخواست پر 23 جولائی سماعت کرے گا۔

مرکز ی اور آسام کی حکومت نے جمعہ کو عدالت سے این آر سی کو حتمی شکل دینے کے لئے طے شدہ آخری تاریخ (31 جولائی) کو بڑھانے کی درخواست کی۔ دونوں حکومتوں نے چیف جسٹس رنجن گگوئی اور جسٹس روہنگٹن ایف نریمن کی بینچ کے سامنے کہا کہ ہندوستان کو دنیا کے پناہ گزینوں کی راجدھانی بننے نہیں دیا جاسکتا۔

دونوں نے این آر سی میں شامل شہریوں کے نمونے کی توثیق بھی درخواست کی ہے۔ مرکز اور ریاستی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ متصل اضلاع میں مقامی حکام کی ساز باز کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو غلط طریقے سے آسام قومی شہری رجسٹر میں شامل کیا گیا ہے۔

مسٹر مہتا نے دلائل دیئے کہ غلط طریقے سے بعض لوگوں کو شامل کئے جانے اور کچھ لوگوں کو اس سے باہر رکھے جانے کا پتہ لگانے کے لئے 20 فیصد نمونہ سروے کی تصدیق کرنے کی اجازت دی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں این ٓارسی شامل میں ملوث لوگوں کے لئے نمونے کی توثیق کے عمل پر پھر سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے مرکزی اور ریاستی حکومت کی درخواست پر غور کرنے کے لئے 23 جولائی کی تاریخ کی مقر کی ہے۔

19 Jul 2019, 12:29 PM

یوگی کی پولس نے پرینکا گاندھی کو سون بھدر جانے سے روکا

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو پولس نے مرزا پور واقع نارائن پور میں اس وقت روک لیا جب وہ سون بھدر جا رہی تھیں۔ دراصل پرینکا گاندھی سون بھدر میں اراضی تنازعہ کے دوران 17 جولائی کو ہوئی فائرنگ میں ہلاک شدگان کے گھر والوں سے ملنے کے لیے جا رہی تھیں جب انھیں نارائن پور پولس چوکی کے پاس روک لیا گیا۔ یوگی کی پولس کے اس قدم سے ناراض پرینکا اپنے حامیوں کے ساتھ وہیں دھرنے پر بیٹھ گئیں جس کے بعد پولس نے انھیں حراست میں لے لیا اور گاڑی سے کسی دوسری جگہ کے لیے روانہ ہو گئے۔ اس درمیان میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ مجھے کہاں لے جایا جا رہا ہے یہ معلوم نہیں لیکن میں ان کے ساتھ جا رہی ہوں۔


19 Jul 2019, 11:57 AM

انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس ’نیوزی لینڈر آف دی ائیر‘ ایوارڈ کے لیے نامزد

عالمی کپ کے فائنل میچ میں مین آف دی میچ سے نوازے گئے انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو ’نیوزی لینڈر آف دی ائیر‘ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ جی ہاں، یہ حیران کرنے والی بات اس لیے ہے کیونکہ انھوں نے انگلینڈ کو فتحیاب کرانے میں اہم ذمہ داری نبھائی، لیکن چونکہ انھوں نے پورے عالمی کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ان کی پیدائش نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں ہوئی تھی، اس لیے انھیں ’نیوزی لینڈر آف دی ائیر‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ’نیوزی لینڈر آف دی ائیر‘ ایوارڈ کے لیے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

19 Jul 2019, 11:03 AM

سون بھدر میں گولی باری میں ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے پرینکا آج کریں گی ملاقات

17 جولائی کو اراضی تنازعہ معاملہ میں ہوئی گولی باری میں 10 لوگ ہلاک ہوئے تھے جن کے گھر والوں سے ملاقات کرنے آج پرینکا گاندھی سون بھدر پہنچیں گی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی مہلوکین کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گی اور ان کے غم میں شریک ہوں گی۔


19 Jul 2019, 9:06 AM

بہار: مویشی چوری کے شک میں 2 لوگوں کی موب لنچنگ

بہار میں 19 جولائی کی صبح سویرے دو لوگوں کی کچھ لوگوں نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ موب لنچنگ کا یہ واقعہ سارن ضلع کے بنیا پور میں پیش آیا جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مقامی لوگوں نے مویشی چوری کے شک میں دو لوگوں کی زبردست پٹائی کر دی جس کی وجہ سے دونوں افراد کی موت ہو گئی۔ پولس نے دونوں کی لاش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور پورے معاملے کی جانچ شروع ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔