بڑی خبر: حج کے لیے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ بڑھا کر 12 دسمبر کی گئی

عازمین حج
عازمین حج
user

قومی آوازبیورو

17 Nov 2018, 10:09 PM
اب 17 نومبر نہیں بلکہ 12 دسمبر تک حج کی درخواست ہوگی قبول

حج کمیٹی آف انڈیا کی آج ہوئی میٹنگ میں حج کے لئے دی جانے والی درخواستوں کی تاریخ 17 نومبر سے بڑھاکر 12 دسمبر کردی گئی ہے۔ سرکاری اطلاع کے مطابق اب 12 دسمبر تک جاری کئے گئے پاسپورٹ کی بنیاد پر حج کے لئے درخواست دی جاسکیں گی۔ یہ درخواستیں آف لائن اور آن لائن دونوں طریقوں سے جمع کی جاسکیں گی۔

17 Nov 2018, 9:09 PM
مودی حکومت نے ملک کو ’امیر‘ اور ’غریب‘ دو حصوں میں تقسیم کر دیا: راہل گاندھی

پتّھل گاؤں: کانگریس صدر راہل گاندھی نے مرکزی کی مودی حکومت پر ملک کو پندرہ سے بیس امیدواروں اور باقی عوام کی درمیان تقسیم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی حکومت بنی تو اس تفریق کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ مسٹر گاندھی یہاں ضلع جش پور کے باغیچہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک آئین ہے لیکن وزیراعظم نے بڑے سرمایہ داروں اور باقی عوام کے درمیان خلیج پیدا کردی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ غریبوں کی زمین اور دیگر املاک ان کی منظوری کے بغیر چند سرمایہ داروں کے حوالے کی جارہی ہیں۔ کانگریس کی حکومت بننے کے بعد اس ناانصافی کو ختم کردیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چھتیس گڑھ ملک کی سب سے مالا مال ریاست ہے۔ یہاں پانی، جنگل کے علاوہ بے پناہ دولت اور املاک ہے لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ یہاں غریبوں کو اپنی زمین، پانی، جنگل سے بے دخل کیا جارہا ہے۔ یہاں کے نوجوانوں کو بے روزگاری کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں کانگریس کی حکومت آنے پر کسانوں کے قرضے معاف کرنے کے ساتھ ان کے دھان کی بقایہ رقم بھی ادا کی جائے گی۔

(یو این آئی)

17 Nov 2018, 8:09 PM
ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان اپنا کردار بدلیں: محمود اسعد مدنی

مئو: موجودہ وقت مسلم نوجوانوں سے اس بات کا طالب ہے کہ وہ اپنے کردار میں تبدیلی لائیں اور پوری ہمت و حوصلہ کے ساتھ حالات سے مایوس ہوئے بغیر پوری حکمت عملی کے ساتھ 20 سال کی منصوبہ بندی کر کے اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارجمعیت علمائے ہند کے جنرل سکریٹری محمود اسعد مدنی نے دیر شام مصطفی آباد صحن میں قرقہ واریت اور قومی اتحاد کے موضوع پر منعقد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں نے ترقی کے ہر محاذ پر اپنا کردار بخوبی ادا کیا ہے۔ آج پھر وقت ان سے اس بات کاطالب ہے کہ موجودہ حالا ت کا سامنا کرنے کے لئے مسلمانوں کو اپنے کردار میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ ’’مسلمان وہ قوم ہیں جو 70 سال قبل نہ کے برابر تھی، لیکن آج انہوں نے اپنی محنت،لگن اور جستجو سے ایک مقام حاصل کیا ہے۔ ایک وقت تھا کہ جب مسلمانوں میں جنازہ کی نماز پڑھانے کے لئے امام نہیں ملتا تھا۔ امام کے نہ ہونے کی وجہ سے لاش رکھی رکھی سڑنے لگنے تھی اور بغیر نماز جنازہ کی ادائیگی کے اسے دفن کرنا پڑتا تھا۔لیکن حالات میں تبدیلی آئی اور مسلمانوں نے دینی اور دنیوی تعلیم کی طرف توجہ کی اور حالات میں تبدیلی آئی۔

(یو این آئی)


17 Nov 2018, 7:09 PM
مودی-یوگی پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کرتے ہوئے کسانوں نے احتجاجی مارچ نکالا

دھان کی تیار فصل کی خرید نہیں ہونے اور کئی مقامات پر دھان خرید کے بعد ادائیگی نہیں ملنے سے ناراض سینکڑوں کسانوں نے ہفتہ کے روز بارہ بنکی سے لکھنؤ کے لیے ایک احتجاجی مارچ نکالا۔ کسانوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کرتے ہوئے فصل نہیں خریدے جانے کی بات کہی۔ کسانوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ سمیت سبھی لوگ کسانوں کے بارے میں بات کرتے ہیں لیکن دھان کی خریداری نہیں ہو رہی۔

17 Nov 2018, 6:09 PM
سی بی آئی نے سنٹرل جی ایس ٹی کے تین افسران کو رشوت لینے کے جرم میں گرفتار کیا

سنٹرل جی ایس ٹی کے تین افسران کو سی بی آئی نے 70 ہزار رشوت لینے کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ڈائریکٹ ٹچ ایڈورٹائزنگ ایجنسی کو ٹیکس، پینالٹی، سود کل ملا کر 6 لاکھ 84 ہزار روپے ادا کرنے تھے، لیکن اس نے سنٹرل جی ایس ٹی کے تین افسران کو رشوت دے کر یہ رقم کم کرانے کی کوشش کی۔ شکایت دہندہ کا کہنا ہے کہ سنٹر جی ایس ٹی کے تین افسران نے ملی بھگت کر کے فرم کے مالک کو پینالٹی کم کرنے کا لالچ دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں افسران نے پہلے تو 2 لاکھ کا مطالبہ کیا اور پھر 1.5 لاکھ دینے کی بات کہی۔ لیکن یہ بات 70 ہزار پر آ کر ختم ہوئی۔ پھر اس پورے معاملے کی شکایت فرم کے ڈائریکٹر مہاویر سنگھ گودارا نے سی بی آئی کے چنڈی گڑھ برانچ سے کر دیا۔ شکایت ملتے ہی سی بی آئی متحرک ہوئی اور جب جمعہ کے روز انڈسٹریل ایریا واقع ای ایس آئی اسپتال کی بلڈنگ کے پاس سنٹرل جی ایس ٹی کے تینوں افسران نے شکایت دہندہ کو 70 ہزار روپے کے ساتھ بلایا تو انھیں گرفتار کر لیا گیا۔ جن تین افسران کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے نام انسپکٹر پروشوتم، سپرنٹنڈنٹ پرتھوی راج مینا اور گنپت چوہان ہیں۔


17 Nov 2018, 5:10 PM
لالو پرساد یادو کی طبیعت لگاتار بگڑ رہی ہے: ریکھا دیوی

رانچی کے ’ریمس‘ اسپتال میں زیر علاج آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی طبیعت لگاتار خراب ہوتی جا رہی ہے۔ 17 نومبر کو ان سے ملاقات کرنے والی آر جے ڈی لیڈر ریکھا دیوی نے میڈیا سے بتایا کہ انھیں بہتر علاج کی ضرورت ہے جو ریمس میں نہیں ہو رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’لالو جی نہ ہی ٹھیک سے بیٹھ پا رہے ہیں اور نہ ہی کھڑے ہو پا رہے ہیں۔ ان کے خون میں سوگر کی سطح بھی کافی بڑھ گئی ہے۔‘‘ ریکھا دیوی نے مطالبہ کیا ہے کہ لالو جی کو کسی ایسی جگہ منتقل کیا جانا چاہیے جہاں بہتر علاج ہو سکے۔

17 Nov 2018, 3:48 PM
کسانوں کے پیسوں کو کالا دھن بتا رہے ہو مودی جی، ملک بےعزتی نہیں سہےگا، راہل

کانگریس صدر راہل گاندھی نے نوٹ بندی اور کالا دھن کے حوالہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کے دئے گئے بیان پر پلٹ وار کیا ہے۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے پوچھا، ’’کیا آپ نے مالیا، میہل بھائی، نیرو مودی کو گیہوں اگاتے دیکھا ہے؟ مودی جی کسان کا اپمان (بے عزتی) مت کرو۔‘‘ راہل نے مزید کہا، ’’پہلے آپ نے نوٹ بندی کر کے کسان کا پیسہ بٹور کر سوٹ بوٹ والے دوستوں کو دینے کا گھوٹالہ کیا۔ اب کہہ رہے ہو کہ کسان کا وہ پیسہ کالا دھن تھا۔ کسان کی یہ بے عزتی ہندوستان برداشت نہیں کرے گا۔‘‘


17 Nov 2018, 2:09 PM
فرار چل رہی بہار کی سابق وزیر منجو ورما کی املاک قرق

مظفرنگر گرلز ہاسٹل عصمت دری معاملہ میں فرار چل رہی بہار کی سابق زیر منجو ورما کی املاک پولس نے قرق کر لی ہے۔ بیگوسرائے میں منجو ورما کی رہائش پر املاک قرق کرنے کے کارروائی انجام دینے کے لئے بڑی تعداد میں پولس اہلکار پہنچے۔ یہ کارروائی عدالتی حکم سے انجام دی گئی۔

قبل ازیں، پولس نے منجو ورما کی رہائش پر نوٹس چسپاں کر دیا تھا۔ ساتھ ہی گھر کے باہر اس امر کی منادی بھی کرائی گئی تھی۔ ساتھ ہی پولس نے بیان جاری کر کے کہا تھا کہ منجو ورما نے اگر خود سپردگی نہیں کی تو ان کی املاک قرق کر لی جائے گی۔

واضح رہے کہ، منجو ورما کے خلاف پویس نے بیگو سرائے ضلع میں منجھول واقع چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں درخواست دے کر اشتہار اور قرقی کا حکم جاری کرنے کی اپیل کی تھی۔ پولس نے یہ اپیل تعزیرات ہند کی دفعہ 82 اور 83 کے تحت کی تھی۔ عدالت نے پولس کی درخواست پر قرقی کا حکم صادر کر دیا۔

17 Nov 2018, 12:10 PM
کشمیر پنچایتی انتخابات: 11 بجے تک 18.5 فیصد ووٹنگ درج

جموں و کشمیر میں پنچائتی انتخابات کے لئے پہلے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے اور 11 بجے تک مجموعی طور پر 18.5 فیصد پولنگ درج کی گئی ہے۔


17 Nov 2018, 11:10 AM
تیلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس کی تیسری فہرست جاری

تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس نے اپنی تیسری فہرست جاری کر دی ہے۔ اس لسٹ میں 13 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے لئے 7 دسمبر کو پلنگ ہونا ہے۔

17 Nov 2018, 9:10 AM
جموں و کشمیر میں پنچایت چناؤ کے پہلے مرحلہ کے لئے پولنگ شروع

جموں و کشمیر میں پنچائت چناؤ کے پہلے مرحلہ کے لئے پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ افسران نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے چناؤ میں 536 سرپنچ حلقوں کے لئے 427 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ 4048 پنچ وارڈوں کے لئے 5951 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔