اہم خبریں: شمال مشرقی چین میں دھماکے سے تین افراد ہلاک، 30 زخمی

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

21 Oct 2021, 4:32 PM

شمال مشرقی چین میں دھماکے سے تین افراد ہلاک، 30 زخمی

شین یانگ: چین کے صوبہ لیاؤننگ کے دارالحکومت شین یانگ کے ایک ریستوران میں جمعرات کو ہونے والے دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد تین ہوگئی ہے اور 30 ​​دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی اشتہاری محکمہ نے یہ اطلاع دی ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ دھماکہ ضلع ہیپنگ کے تائی یوانن گلی میں آج صبح تقریباً 8.20 بجے ہوا۔ اس کی وجہ سے قریبی عمارتوں اور ایک بس کو نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دھماکے کی وجہ سے آس پاس کے تقریباً 15000 ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے اور پاور سپلائی کمپنی اسے ٹھیک کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

21 Oct 2021, 3:31 PM

ایک ارب کووڈ ویکسینیشن کو ڈبلیو ایچ او نے غیرمعمولی حصولیابی قرار دیا

نئی دہلی: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ہندوستان میں ایک ارب کووڈ ویکسینیشن کو غیر معمولی حصولیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر جان بچانے والی کووڈ ویکسین تک سب کی رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ڈبلیو ایچ او میں جنوب مشرقی ایشیا کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر پونم کھیتر پال سنگھ نے جمعرات کو یہاں کہا کہ مختصر وقت میں اتنی بڑی تعداد میں کووڈ کے ٹیکے لگانا ایک غیرمعمولی حصولیابی ہے۔

21 Oct 2021, 2:31 PM

پانچ کروڑ کا تاوان نہ دینے پر فائرنگ

اجمیر: راجستھان میں اجمیر کے سول لائن تھانہ علاقے میں کچہری روڈ واقع گجراتی اسکول کے قریب پٹرول پمپ پر بدھ کی شب بائیک پرسوار نامعلوم بدمعاشوں نے پانچ کروڑ کے تاوان کے مطالبہ کے تعلق سے فائرنگ کی۔ اچانک ہوئی فائرنگ سے پٹرول پمپ پر بھگدڑ مچ گئی۔ اس کے بعد ملزم نوجوان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جے پور روڈ پر فرار ہوگئے۔ پٹرول پمپ آفس کے شیشے پر کی گئی فائرنگ سے ٹوٹے کانچ کے ٹکڑے پمپ مالک کے بیٹے کے سر میں لگے اور وہ زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ سول لائن پولیس سمیت پولیس کے حکام موقع پر پہنچے اور معائنہ کیا۔ یہ واقعہ پمپ پر نصب سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا۔ سول لائن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پمپ پر نصب سی سی ٹی وی کی بنیاد پر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔ اس کے لیے ناکہ بندی بھی کی گئی لیکن صبح تک ملزم کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔


21 Oct 2021, 1:23 PM

ہندوستانی فضائیہ کا میراج لڑاکا طیارہ گر کر تباہ

نئی دہلی: ہندوستانی فضائیہ کا ایک میراج لڑاکا طیارہ جمعرات کو مدھیہ پردیش کے بھنڈ علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، تاہم خوش قسمتی سے پائلٹ بروقت محفوظ طریقے سے طیارہ سے بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔ فضائیہ کے ترجمان نے جمعرات کو بتایا کہ میراج لڑاکا طیارے نے صبح معمول کی تربیتی پرواز کی تھی لیکن یہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے مرکزی سیکٹر میں گر کر تباہ ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ طیارے کا پائلٹ بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا۔ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم ایئر فورس نے کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کا ابھی انتظار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔