اہم خبریں: روسی میزائل نے خرکیف میں سٹی کونسل کی عمارت کو کیا تباہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

02 Mar 2022, 9:34 PM

روسی میزائل نے خرکیف میں سٹی کونسل کی عمارت کو کیا تباہ

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کا آج ساتواں دن ہے۔ روسی فوج کے حملوں سے آج خرکیف بری طرح دہل گیا۔ بدھ کے روز روس نے خرکیف میں ایک کروز میزائل سے حملہ کیا جس میں سٹی کونسل کی عمارت پوری طرح تباہ ہو گئی۔ کئی دیگر ڈھانچوں کے تباہ ہونے کی بھی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔

02 Mar 2022, 3:02 PM

گوگل نے آر ٹی، اسپوتنک سے متعلق ایپس پر لگائی پابندی

کیلی فورنیا: گوگل نے روسی آر ٹی براڈ کاسٹر اور اسپوتنک نیوز ایجنسی سے تعلق رکھنے والی موبائل ایپس پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ فیصلہ امریکی کمپنی کی جانب سے منگل کو یوکرین میں خصوصی مہم کے مدنظر تمام یوروپی نیوز /نیوز چینل سے منسلک یو ٹیو ب چینلوں پر پابندی لگانے کے بعد کیا گیا ہے۔

روس سے منسلک نیوز چینلوں کو میٹا، ٹک ٹاک اور دیگر آئی ٹی کمپنیوں نے نشانہ بنایا ہے کیونکہ اتوار کے روز یورپی یونین کی صدر ارسولا وان ڈیر لین نے یوکرین میں روسی فوجی آپریشنوں کے دوران روس پر عائد نئی پابندیوں میں آر ٹی، اسپوتنک اور ان کی ذیلی کمپنیوں سمیت سرکاری ملکیت والے روسی میڈیا چینلوں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔

02 Mar 2022, 1:54 PM

حیدرآباد کے نیلوفر اسپتال سے لڑکی کا اغوا

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے نیلوفر اسپتال سے 18 ماہ کی لڑکی کے اغوا کی واردات پیش آئی۔ پولیس کے مطابق یہ لڑکی وقارآباد ضلع کے شاہ آباد منڈل سے اپنی ماں کے ساتھ اسپتال آئی تھی۔ پولیس نے کہا کہ اس لڑکی کی ماں حاملہ ہے اور وہ ڈاکٹر سے تشخیص کروانے کے لئے اپنی بیٹی کو ساتھ لائی تھی۔ اس کی ماں تشخیص کروانے کے لئے ڈاکٹر کے روم کے باہر لڑکی کو چھوڑ کر گئی اور جب وہ واپس آئی تو یہ لڑکی غائب تھی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اسپتال کی کسی خاتون نے اس کا اغواکیا۔ پولیس اس کی تلاش کی کوشش کر رہی ہے۔ سمجھاجاتا ہے کہ لڑکی کا اغوا کرنے والی خاتون کا نارسنگی میں پتہ چلا۔ پولیس کی تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ اس لڑکی کا پتہ چلایا جاسکے۔


02 Mar 2022, 12:40 PM

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں آگ بھڑکنی شروع

ویانا: یوکرین پر روس کے حملہ کے اثرات عالمی معیشت پر پڑنا شروع ہوگئے ہیں اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں آگ بھڑکتی جا رہی ہے۔ برینٹ خام تیل دوران ٹریڈنگ 111 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گیا۔ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 5 فیصد اضافے کے بعد 109 ڈالر فی بیرل سے اوپر ہو گئی ہے۔ امریکی اور یوروپی منڈیوں میں مندی کا رجحان رہا، شنگھائی اور ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینجز میں بھی 1 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔ واضح رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی موجودہ قیمتیں 2011 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

02 Mar 2022, 10:57 AM

مغربی بنگال، بلدیاتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی شروع

کولکاتہ: مغربی بنگال میونسپل کارپوریشن انتخابات کے ووٹوں کی گنتی بدھ کی صبح سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شروع ہوگئی۔ اتوار کو ریاست میں 8,160 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے 108 بلدیاتی انتخابات میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان تقریباً 77 فیصد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کی۔ معلومات کے مطابق وارڈ نمبر 103 میں صرف ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس کے بعد انہیں بلامقابلہ فاتح قرار دیا گیا۔


02 Mar 2022, 9:28 AM

امریکی کمپنی’ایکسن موبل‘ کا روس میں سرمایہ کاری کرنے سے انکار

واشنگٹن: امریکی توانائی کمپنی ’ایکسن موبل‘ نے کہا ہے کہ وہ روس میں اپنے سخالن-1 پروجیکٹ پر کام روک دے گی اور یوکرین میں جاری روسی فوجی آپریشن کے جواب میں روسی ترقی میں سرمایہ کاری کو بھی ختم کر دے گی۔ کمپنی نے منگل کی ریلیز میں کہا کہ ’’ایکسن موبل، جاپانی، ہندوستانی اور روسی کمپنیوں کے بین الاقوامی کنسورشیم کی جانب سے سخالن-1 پروجیکٹ چلاتا ہے۔ حالیہ پیش رفت کے پیش نظر، ہم آپریشن بند کرنے کے عمل میں ہیں‘‘۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے کمپنی روس میں نئی ​​پیش رفت میں سرمایہ کاری نہیں کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔