اہم خبریں: محمد شامی کے خلاف پھیلائی جا رہی نفرت کا مقابلہ کرنے راہل آئے سامنے

راہل گاندھی، تصویر inc.in
راہل گاندھی، تصویر inc.in
user

قومی آوازبیورو

25 Oct 2021, 7:32 PM

محمد شامی کو ٹرول کیے جانے کے خلاف راہل گاندھی نے اٹھائی آواز

پاکستان سے ہندوستان کی شکست کے بعد محمد شامی کو ہندوستان میں ٹرول کیا جانے لگا ہے۔ شامی کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے اور کئی لوگوں نے اس کی تنقید کی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بھی محمد شامی کے خلاف پھیلائی جا رہی نفرت کا مقابلہ کرنے کے لیے سامنے آئے ہیں۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’محمد شامی، ہم سب تمھارے ساتھ ہیں۔ یہ (تنقید کرنے والے) لوگ نفرت سے بھرے ہیں کیوںکہ انھیں کسی سے بھی محبت نہیں ملی۔ انھیں معاف کر دو۔‘‘

25 Oct 2021, 3:33 PM

چندرشیکھرراو ٹی آرایس کے صدر منتخب

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو، مسلسل نویں مرتبہ ٹی آرایس کے صدر منتخب قرار دیئے گئے۔ ٹی آر ایس کے الیکشن ریٹرننگ آفیسر و ٹی آرایس کے جنرل سکریٹری سرینواس ریڈی ایم ایل سی نے شہر کے ہائی ٹیکس میں منعقدہ پارٹی کے پلینری سیشن میں چندرشیکھرراو کے بلامقابلہ پارٹی کے صدرکے طور پر منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ ٹی آرایس کے بیشتر پارٹی لیڈروں نے 18 پرچہ نامزدگیاں چندرشیکھرراو کی حمایت میں داخل کئے تھے۔ پارٹی کے کسی اور لیڈر نے اس عہدہ کے لئے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا۔ اس پلینری سیشن میں ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے پارٹی کا صدر منتخب ہونے پر چندرشیکھرراو کو مبارکباد پیش کی گئی۔

25 Oct 2021, 1:23 PM

دگوجے سنگھ نے آرین خان معاملے میں این سی بی پر اٹھائے سوال

بھوپال: کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے آرین خان کی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ذریعہ گرفتاری پر آج سوال اٹھاتے ہوئے ٹوئٹ کئے ہیں۔ دگوجے سنگھ نے سلسلے وار ٹوئٹ کے ذریعہ کہا کہ این سی بی کے اہم گواہ پربھاکر سایل کا بیان سن لیجئے۔ آرین کو جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کے لیے کیا متعلقہ افسران کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہونا چاہیے؟ انہوں نے اس مشہور کیس میں مزید سوالات اٹھائے ہیں۔


25 Oct 2021, 11:55 AM

کرنٹ کی زد میں آنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک

بھنڈ: مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی کرنٹ لگنے سے موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ عمری تھانہ علاقہ کے نونہاٹا گاؤں میں کل کروا چوتھ کی رات کرنٹ کی زد میں آنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہوگئی۔ یہ خاندان بیل گاڑی پر جا رہا تھا کہ تبھی ایک جھولتے ہوئے تار کی زد میں آنے سے شیام سنگھ، ان کی اہلیہ چریا اور چھ سالہ بیٹی کی موت ہوگئی۔ اس حادثہ میں دو دیگر افراد بجلی کا کرنٹ لگنے سے جھلس گئے۔ ان دونوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

25 Oct 2021, 10:33 AM

پرینکا گاندھی کا یوگی حکومت پر حملہ، کہا- یوپی کے صحت نظام کی حالت خراب

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ کورونا کے دور میں حکومتی نظراندازی اور اب ریاست میں بخار پھیلنے کی وجہ سے ہر ایک نے یوپی کے صحت نظام کی خستہ حالت دیکھی۔ سستے اور اچھے علاج کے لیے منشور کمیٹی کی رضامندی سے یوپی کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت بننے پر 'کسی بھی بیمار کا 10 لاکھ روپے تک کا مفت سرکاری علاج'۔


25 Oct 2021, 9:23 AM

اسرائیل نے کیا مغربی کنارے میں یہودیوں کے لئے نئے گھروں کی تعمیر کا اعلان

تل ابیب: اسرائیل رواں ہفتے مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے لئے نئے گھر تعمیر کروائے گا۔ اسرائیل کی غیرسرکاری نگراں واچ ڈاگ گروپ ’پیس ناؤ‘ نے اپنے بیان میں کہا کہ مغربی کنارے میں مزید 2800 یونٹ کی تعمیر کی منظوری کے لئے کمیٹی بدھ کو ملاقات کرے گی۔ دوسری جانب خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں تعمیرات کے منصوبہ پر امریکہ نے ’تحمل‘ کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسرائیلی وزارت تعمیرات کے مطابق مغربی کنارے کے 2 علاقوں میں 1355 گھروں کی تعمیر کے ٹینڈر شائع کر دیئے گئے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے اس اقدام سے فلسطینیوں کے ساتھ پھر کشیدگی بڑھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔