اہم خبریں: ٹی-20 عالمی کپ کے پہلے ’سپر-12‘ مقابلے میں جنوبی افریقہ پر آسٹریلیا کی جیت

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 Oct 2021, 7:43 PM

ٹی-20 عالمی کپ: آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے میں جنوبی افریقہ کو شکست دی

ٹی-20 عالمی کپ کے پہلے ’سپر-12‘ مقابلے میں آج آسٹریلیا نے انتہائی دلچسپ مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ نے 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر 118 رن کا اسکور کھڑا کیا تھا۔ 119 رن کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے آسٹریلیا کو بھی کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے پانچ وکٹ گر گئے اور آخری اوور میں اس نے جیت حاصل کی۔

23 Oct 2021, 5:32 PM

مغربی چمپارن میں کھیت سے عورت کی لاش برآمد

بگہا: بہار میں مغربی چمپارن ضلع کے رام نگر تھانہ حلقہ سے پولیس نے ہفتہ کو گنے کے کھیت سے ایک عورت کی لاش برآمد کی ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں سے موصول اطلاع کی بنیاد پر بیلورا گاؤں کے پاس گنے کے کھیت سے ایک عورت کی لاش برآمد کی گئی ہے۔ مہلوکہ کی شناخت چھوگھریا گاؤں باشندہ انوج راج کی بیوی پرتیما دیوی (35) کے طور پر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پرتیما دیوی جمعہ کو گاؤں کے مضافات میں گھاس کاٹنے گئی تھی۔ دیر شام تک جب وہ گھر نہیں لوٹی تو اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کر دی، لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ ہفتہ کو گنے کے کھیت سے پرتیما دیوی کی لاش برآمد کی گئی۔ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

23 Oct 2021, 2:35 PM

چین، کیمیکل پلانٹ میں دھماکہ، چار افراد ہلاک

بیجنگ: چین کے اندرونی منگولیا میں ایک کیمیکل پلانٹ میں دھماکے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا نے یہ رپورٹ ہفتہ کو دی ہے۔ چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن کے مطابق دھماکہ الکسالیگ میں تقریباً 3 تین بجے ژونگ گاؤ کیمیکل کمپنی کے پلانٹ میں یہ دھماکہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ دو دیگر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ مقامی حکام نے حادثے کی تفتیش شروع کردی ہے۔


23 Oct 2021, 1:16 PM

مدھیہ پردیش میں موٹر سائیکل کی ٹکر سے دو افراد ہلاک

نرسنگھ پور: مدھیہ پردیش کے ضلع نرسنگھ پور میں دو موٹر سائیکلوں کی آمنے سامنے ٹکر سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کل تندو کھیڑہ تھانے کے ایس ڈی ایم آفس کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں بائیک کے دونوں ڈرائیور ہلاک ہوگئے۔ اس واقعہ میں تیندوکھیڑا تھانہ علاقہ کے کھرکیڑی کے رہنے والے شیو پرساد ٹھاکر اور دیوری تھانہ علاقہ کے علی واڑہ کے رہنے والے کملیش ریکوار کی موت ہوگئی۔ اس حادثہ میں زخمی ہونے والے ایک اور شخص کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

23 Oct 2021, 11:21 AM

ملیشیا میں کورونا وائرس کے مزید 6630 نئے کیسز اور 78 ہلاکتیں

کوالالمپور: ملیشیا میں کورونا وائرس (کووڈ-19) کے 6630 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے اس ملک میں متاثرین کی تعداد 2,420,222 ہو گئی ہے۔ جمعہ کی رات دیر گئے جاری کردہ اعداد و شمار میں وزارت صحت نے کہا کہ 6,615 نئے کیسز مقامی ہیں اور 15 باہر سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی عرصے کے دوران کورونا کے باعث مزید 78 مریضوں کی موت کی وجہ سے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 28312 ہوگئی ہے۔ اس دوران 7 ہزار 630 مریض کورونا سے صحت یاب ہو ئے ہیں، جس سے ملک میں اب تک 23 لاکھ 11 ہزار 213 افراد اس جان لیوا وبا کو شکست دے چکے ہیں۔ اس وقت ملیشیا میں 80697 ایکٹیو کیسز ہیں۔


23 Oct 2021, 9:14 AM

پاکستان میں مظاہرے کے دوران جھڑپوں میں تین پولیس اہلکار ہلاک

لاہور: پاکستان کے شہر لاہور میں مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں میں کم از کم تین پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ’ڈان‘ اخبار کے مطابق مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ اور پٹرول بم پھینکے، ساتھ ہی افسران پر لاٹھی بھی استعمال کی گئی۔ احتجاجی مظاہرے کا اہتمام تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اسلامی تحریک نے کیا تھا۔ اس تنظیم پر اپریل 2021 میں پابندی عائد کی گئی تھی۔ ٹی ایل پی کے حامی اپنے رہنما سعد حسین رضوی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے لاہور مارچ کرتے ہوئے اسلام آباد جانا چاہتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔