اہم خبریں: راہل-پرینکا گاندھی نے برسا منڈا کے یوم پیدائش پر پیش کیا خراج عقیدت

راہل گندھی، پرینکا گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گندھی، پرینکا گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

15 Nov 2021, 3:41 PM

راہل-پرینکا گاندھی نے برسا منڈا کے یوم پیدائش پر پیش کیا خراج عقیدت

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور اتر پردیش کی جنرل سکریٹری انچارج پرینکا گاندھی نے 24 سال کی عمر میں اپنی جان قربان کرنے والے بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش پر قبائلیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش پر سماجی مساوات کے عظیم قبائلی لیڈر کو سلام۔ ایسے عظیم بہادر جنگجوؤں کی قربانی سے ہم نے آزادی حاصل کی۔ اس آزادی کا احترام کرنا ہر سچے ہندوستانی کا فرض ہے۔ جے ہند۔"

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کے ذریعہ کہا کہ ''پانی پر حق قبائلیوں کا ہے، جنگل قبائلیوں کا ہے، زمین پر دعویٰ قبائلیوں کا ہے۔ قبائلی حقوق کی مضبوط آواز اور انگریزوں کے خلاف قبائلی انقلاب کا آغاز کرنے والے دھرتی پتر بھگوان برسا منڈا کو ان کے یوم پیدائش پر دلی خراج عقیدت۔‘‘

15 Nov 2021, 1:42 PM

پرینکا گاندھی تیز بخار میں مبتلا، مراد آباد جانے کا پروگرام کیا منسوخ

نئی دہلی: کانگریس کی اتر پردیش کی انچارج- جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے تیز بخار کی وجہ سے اتر پردیش کے مراد آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرنے کا اپنا پروگرام منسوخ کر دیا ہے۔ کانگریس ذرائع نے پیر کو بتایا کہ پرینکا واڈرا گزشتہ دو دنوں سے بخار میں مبتلا ہیں اور اس کے باوجود انہوں نے اتوار کو اتر پردیش میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا، لیکن آج انہیں تیز بخار ہے جس کی وجہ سے انہوں نے جلسہ سے خطاب کرنے کے لیے اپنا پہلے سے طے شدہ خطاب منسوخ کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ''تیز وائرل بخار کی وجہ سے پرینکا واڈرا آج مرادآباد میں کانگریس عہدیداروں کی میٹنگ میں بھی نہیں پہنچ پائیں گی۔ وہ ہلکے بخار کے باوجود کل بلند شہر کانفرنس میں پہنچی تھیں۔ قابل ذکر ہے کہ مرادآباد میں ریاستی کانگریس کے عہدیداروں کا کنونشن ہے، جس سے ریاستی کانگریس صدر اجے کمار للو اور دیگر سینئر لیڈران خطاب کریں گے۔

15 Nov 2021, 12:33 PM

نائیڈو نے جھارکھنڈ کے یوم تاسیس پر نیک خواہشات کا اظہار کیا

نئی دہلی: نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے جھارکھنڈ کے یوم تاسیس پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کے لوگوں کی خوشحالی اور ترقی کی دعا کی ہے۔ نائب صدر نائیڈو نے کہا کہ ریاست قدرتی وسائل، خوبصورتی اور حیاتیاتی تنوع سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ریاست کے لوگوں کی خوشحالی اور ترقی کی دعا کرتا ہوں۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ برسا منڈا کے یوم پیدائش کو، ان کی جائے پیدائش اور میدان عمل، جھارکھنڈ کے یوم تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے۔


15 Nov 2021, 9:11 AM

برطانیہ کے لیور پول میں اسپتال کے باہر گاڑی میں دھماکہ، 1 شخص ہلاک، 3 افراد گرفتار

لندن: برطانیہ کے شہر لیورپول میں اسپتال کے باہر گاڑی میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گرفتار کئے گئے افراد کی عمریں 21،26 اور 29 برس ہیں۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ جس گاڑی میں دھماکہ ہوا وہ ٹیکسی تھی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق مرنے والا شخص مسافر تھا، دھماکے میں ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے، واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔