اہم خبریں: بچوں کو کو ویکسین کے ٹیکے لگانے کو ملی منظوری

بھارت بائیوٹیک ویکسین، تصویر آئی اے این ایس
بھارت بائیوٹیک ویکسین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

12 Oct 2021, 2:32 PM

بچوں کو کو ویکسین کے ٹیکے لگانے کو ملی منظوری

نئی دہلی: انڈین ڈرگز اینڈ کنٹرولر جنرل نے منگل کے روز ہندوستان میں تیار کووڈ ٹیکے- کوویکسین کو 2 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو لگانے کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری ہنگامی استعمال کے لیے دی گئی ہے اور توقع ہے کہ اس کا استعمال رواں ماہ کے آخر تک شروع ہو جائے گا۔ انڈیا بائیوٹیک کی تیار کردہ کوویکسین کے ستمبر میں بچوں پر تین ٹرائل مکمل ہوچکے ہیں۔ ان سے متعلق تفصیلی رپورٹ رواں ماہ کے شروع میں ڈرگس اینڈ کنٹرولر جنرل آف انڈیا کو سونپ دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق تفصیلی مطالعہ کے بعد متعلقہ کمیٹی نے دو سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے ویکسین کی منظوری کا فیصلہ کیا۔ بچوں کو یہ ویکسین دو خوراکوں میں 20 دن کے وقفے سے دی جائے گی۔

12 Oct 2021, 1:29 PM

دہلی میں پاکستانی دہشت گرد گرفتار، اے کے 47 اور ہینڈ گرینیڈ برآمد

نئی دہلی: دہلی پولیس نے ایک پاکستانی دہشت گرد کو اے کے 47 اور ہینڈ گرینیڈ کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے منگل کو بتایا کہ گرفتار ملزم کا نام محمد اشرف ہے۔ دہلی پولیس کی اسپیشل برانچ نے اسے جمنا پار کے لکشمی نگر علاقے سے گرفتار کیا ہے۔ اس سے ہینڈ گرینیڈ اور اے کے 47 جیسے مہلک ہتھیار اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ اشرف نیپال کے راستے ہندوستان میں داخل ہوا تھا۔ وہ تہواروں کے دوران یہاں کسی بڑے واقعہ کو انجام دینے آیا تھا۔

12 Oct 2021, 11:26 AM

چین میں طوفانی بارشوں کے باعث 15 افراد ہلاک

تائیوان: چین کے صوبہ شانکسی میں طوفان اور مسلسل گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں کی وجہ سے کم از کم 15 افراد ہلاک اور تین لاپتہ ہو گئے ہیں۔ یہ اطلاع صوبائی حکومت نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں دی۔ 2 سے 7 اکتوبر تک شانکسی میں موسم خزاں کا بدترین سیلاب آیا۔ مسلسل بارشوں نے صوبے بھر کے 76 کاؤنٹی علاقوں میں تقریباً 17.6 ملین باشندوں کو متاثر کیا ہے اور 120100 افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ سیلاب اور طوفان سے تقریبا 238460 ہیکٹر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، 37700 مکانات منہدم ہوئے یا شدید نقصان پہنچا جس سے 5.03 ارب یوآن (تقریبا 78 ملین امریکی ڈالر) کا براہ راست معاشی نقصان ہوا ہے۔


12 Oct 2021, 9:12 AM

یمن میں دھماکہ، پولیس افسر سمیت تین افراد ہلاک

صنعاء: مشرقی یمنی شہر سیون میں ہوئے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار کی موت ہوگئی۔ سیکورٹی سروس سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ پیر کی شام صوبہ حضرموت کے دوسرے سب سے بڑے شہر سیون میں واقع ایک اسپتال کے باہر ایک کار دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے ایک پولیس افسر کی موت ہوگئی۔ اس دھماکے میں پولیس افسر کے علاوہ دو دیگر افراد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔