اہم خبریں: حکومت نے ناگالینڈ، آسام اور منی پور میں افسپا کے دائرہ کار میں کی کمی

امت شاہ، تصویر یو این آئی
امت شاہ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

31 Mar 2022, 4:59 PM

حکومت نے ناگالینڈ، آسام اور منی پور میں افسپا کے دائرہ کار میں کی کمی

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے شمال مشرقی ریاستوں ناگالینڈ، آسام اور منی پور میں آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ ( اے ایف ایس پی اے) کے تحت آنے والے شورش زدہ علاقوں کے دائرے میں کمی کرنے کا فیصلہ لیا ہے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو سلسلہ وار ٹوئٹ کر کے کہا کہ ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے ناگالینڈ، آسام اور منی پور میں آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ ( اے ایف ایس پی اے ) کے تحت آنے والے شورش زدہ علاقوں کے دائرے میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں شمال مشرقی خطے میں ترقیاتی پروگراموں اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مختلف معاہدوں کی وجہ سے حالات میں بہتری کے نتیجے میں لیا گیا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ وہ اس فیصلے کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ کئی دہائیوں سے نظر انداز تھا لیکن اب وہاں امن، خوشحالی اور غیر معمولی ترقی کی لہر دوڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر شمال مشرق کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

31 Mar 2022, 3:05 PM

ایوان بالا کے 72 ارکان کو الوداع کیا گیا

نئی دہلی: ایوان بالا راجیہ سبھا کی مدت پوری کرنے والے 72 ارکان کو آج الوداع کیا گیا اور ان کے روشن مستقبل کے ساتھ عوامی زندگی میں سرگرم رہنے کے لئے دعا کی گئی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر لیڈر اور وزیر خزانہ نرملا سیتارامن، قائد ایوان پیوش گوئل اور اقلیتی بہبود کے وزیر مختار عباس نقوی، کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما، اے کے انٹونی، پی چدمبرم، امبیکا سونی، جنتا دل (یو) کے رہنما اور اسٹیل کے وزیررام چندر پرساد سنگھ اور بین الاقوامی کھلاڑی اور نامزد رکن میری کوم نمایاں ہیں۔

ارکان کو الوداع کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس ایوان کی مدت پوری کرنے والے بہت سے ارکان بہت تجربہ کار رہے ہیں اور بعض اوقات تجربہ علم سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے۔ تجربے سے مسائل آسان طریقے سے حل ہوتے ہیں اور غلطیاں بہت کم ہوتی ہیں۔ ان ارکان کے ایوان سے جانے کے بعد تجربے کی بہت بڑی کمی محسوس کی جائے گی، جسے پُر کرنا نئے آنے والوں کی ذمہ داری ہوگی۔ انہیں پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

31 Mar 2022, 2:02 PM

سونیا گاندھی نے بولا مرکز پر حملہ، منریگا کے بجٹ میں کمی کا لگایا الزام

کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے لوک سبھا میں کہا کہ منریگا، جس کا چند سال پہلے بہت سے لوگوں نے مذاق اڑایا تھا۔ اس منریگا نے کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے دوران کروڑوں متاثرہ غریب لوگوں کی مدد کی ہے۔ جان بچانے میں مثبت کردار ادا کیا۔ اس کے باوجود منریگا کے لیے مختص بجٹ میں مسلسل کٹوتی کی جا رہی ہے۔


31 Mar 2022, 1:10 PM

مہنگائی کا ایک اور جھٹکا! اب نیشنل ہائی وے پر سفر کرنا ہوا مہنگا، ٹول ٹیکس میں 15 فیصد کا اضافہ

مہنگائی کی مار ملک کے عوام پر ایک بار پھر پڑی ہے۔ دراصل آج رات 12 بجے سے یعنی جمعہ سے ہائی وے پر سفر کرنا مزید مہنگا ہو جائے گا۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) نے ٹول ٹیکس میں تقریباً 10 سے 65 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ جس کی وجہ سے اب ہائی وے پر سفر کرنا مہنگا پڑے گا۔

31 Mar 2022, 12:03 PM

سعودی شہریوں سے جمعہ کو رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل

الریاض: سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے مملکت میں موجود مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروز جمعہ بتاریخ یکم اپریل یعنی 29 شعبان کو رمضان المبارک کا چاند دیکھیں اور حکومت کو اپنی شہادت ریکارڈ کرائیں۔ سعودی عرب کی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو بھی شہری کھلی آنکھ سے یا دوربین کے ذریعے چاند کو دیکھے وہ فوری طور پر قریبی عدالت جاکر اپنی شہادت درج کرائے۔ اگر سعودی عرب میں یکم اپریل کو چاند نظر آگیا تو پہلا روزہ 2 اپریل کو ہوگا اور اگر شعبان کا مہینہ 30 ایام کا ہوا تو پہلا روزہ 3 اپریل کو ہوگا۔


31 Mar 2022, 9:39 AM

گوجر لیڈر کرنل کروڑی سنگھ بینسلا کا انتقال

جے پور: راجستھان میں گوجر لیڈر کرنل کروڑی سنگھ بینسلا کا آج یہاں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر تقریباً 82 سال تھی۔ بینسلا طویل عرصے سے علیل تھے۔ انہوں نے صبح منی پال اسپتال میں آخری سانس لی۔ انہوں نے راجستھان میں گوجر ریزرویشن کے لیے ایک طویل جنگ لڑی، وہ گوجر تحریک کے بڑے لیڈر تھے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا نے ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر پونیا نے جو احمد آباد کے دورے پر تھے، گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کرنل بینسلا کے بیٹے وجے بینسلا سے فون پر بات کرکے انہیں تسلی دی۔ ڈاکٹر پونیا نے کہا کہ کسانوں اور نوجوانوں کو سماج اور ریاست سے واقف کرانے میں کرنل بنسلا کا اہم کردار تھا، ان کی موت ریاست کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔