اہم خبریں: دہلی-این سی آر میں بدلا موسم کا مزاج، تیز آندھی کے ساتھ بارش شروع

بارش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
بارش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

30 May 2022, 5:14 PM

دہلی-این سی آر میں بدلا موسم کا مزاج، تیز آندھی کے ساتھ بارش شروع

دہلی-این سی آر میں اچانک موسم کا مزاج بدل گیا ہے۔ صبح سے تیز دھوپ تھی اور پھر سہ پہر کے بعد اچانک موسم نے کروٹ لی، پھر دیکھتے ہی دیکھتے تیز آندھی کے ساتھ بارش بھی شروع ہو گئی۔ اس بارش نے گرمی سے فوری طور پر راحت پہنچائی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آندھی و بارش سے تقریباً دو گھنٹے پہلے امکان ظاہر کیا تھا کہ گرمی سے راحت مل سکتی ہے۔ مغربی دہلی کے ساتھ ساتھ راجدھانی کے جنوبی اور جنوب مغربی علاقوں میں 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

30 May 2022, 3:31 PM

دہلی میں بارش کا امکان

نئی دہلی: قومی راجدھانی میں پیر کو ہلکی بارش متوقع ہے۔ یہ اطلاع محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ "آج دارالحکومت میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔" انہوں نے کہا کہ آج یہاں کم سے کم درجہ حرارت 27.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے ایک ڈگری کم ہے، جبکہ صبح 8:30 بجے نمی نسبتاً 63 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ آئی ایم ڈی کے عہدیدار نے کہا کہ دہلی والوں کو اگلے چند دنوں تک گرمی کی لہر سے راحت ملے گی۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ دارالحکومت میں اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

30 May 2022, 2:15 PM

برازیل میں شدید بارشوں سے 56 افراد ہلاک

ریوڈی جنیرو: برازیل کی شمال مشرقی ریاست پرنامبوکو میں شدید بارشوں سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 56 ہو گئی ہے۔ مقامی سویلین ڈیفنس نے اتوار کے روز کہا کہ 56 افراد اب بھی لاپتہ ہیں اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے تقریباً 4000 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ پرنامبوکو کے دارالحکومت ریسیف سٹی میں سب سے زیادہ 30 اموات ہوئیں۔ برازیل کے صدر جیر بولسونارو نے ٹوئٹ کیا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پیر کو ریسیف کا دورہ کریں گے۔ بارش نے پڑوسی ریاست الاگوس کو بھی متاثر کیا، جہاں سیلاب سے دو افراد ہلاک اور تقریباً 7000 بے گھر ہو گئے۔


30 May 2022, 12:21 PM

جینت چودھری نے راجیہ سبھا انتخابات کے لئے مشترکہ امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کیا

جینت چودھری نے راشٹریہ لوک دل اور سماج وادی پارٹی کے مشترکہ امیدوار کے طور پر لکھنؤ میں راجیہ سبھا انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس دوران سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو بھی موجود تھے۔ آر ایل ڈی-ایس پی کے مشترکہ امیدوار کے طور پر راجیہ سبھا انتخابات کے لئے نامزدگی داخل کرنے کے بعد، جینت چودھری نے کہا، "ہم نے عمل مکمل کر لیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اتحاد نے اب تک جس طرح مضبوطی سے مقابلہ کیا ہے، ہم مل کر آگے بڑھیں گے۔ میں اکھلیش یادو اور ایس پی اتحاد کے تمام کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

30 May 2022, 10:37 AM

نیوزی لینڈ میں کورونا کے 5,836 نئے معاملے

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس (کووڈ-19) کے 5,836 نئے معاملے اور اس بیماری کی وجہ سے مزید پانچ اموات کی اطلاع ملی ہے۔ وزارت صحت نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے کہا کہ نئے کیسز میں آکلینڈ شہر میں سب سے زیادہ 1,923 معاملے ریکارڈ ہوئے۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کی سرحد پر 52 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وقت نیوزی لینڈ کے اسپتالوں میں 403 کووڈ مریض زیر علاج ہیں۔ اس میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل 10 مریض بھی شامل ہیں۔ وزارت نے کہا کہ نئے کیسز کی آمد کے ساتھ ہی ملک میں اب تک تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1,148,905 ہو گئی ہے۔


30 May 2022, 9:23 AM

نیپال میں طیارہ حادثے کی جگہ پہنچی ٹیم، لاشوں کی شناخت میں ہو رہی دشواری

ایک اہلکار نے بتایا کہ نیپال پولیس کے انسپکٹر راج کمار تمانگ کی قیادت میں ایک ٹیم ہوائی جہاز کے حادثے کے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مسافروں کی لاشوں کی شناخت مشکل ہے۔ پولیس لاشوں کو اکٹھا کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔