اہم خبریں LIVE: آسام کے ضلع کچھار سے 160 کروڑ روپے کی ڈرگس ضبط، خفیہ خبر پر پولیس کی کارروائی

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
علامتی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

28 Sep 2022, 6:36 PM

آسام پولیس نے کچھار ضلع سے 160 کروڑ روپے کی ڈرگس ضبط کی

میڈیا رپورٹس کے مطابق آسام پولیس نے کچھار ضلع سے 160 کروڑ روپے قیمت کی نشیلی اشیاء یعنی ڈرگس ضبط کی ہے۔ افسران نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے منگل کی شب سلچر-آئزول قومی شاہراہ پر میزورم سے آسام آ رہی ایک گاڑی سے یابا ٹیبلٹ برآمد کیا۔ کچھار کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نمال مہتو نے کہا کہ انھیں خبر ملی تھی کہ ایک گاڑی میں کثیر مقدار میں نشیلی اشیاء لے جائی جا رہی ہے۔ اس کی بنیاد پر کچھار پولیس نے مہم چلائی اور میزورم سے آسام کی طرف آنے والی سبھی گاڑیوں کی جانچ کی۔

28 Sep 2022, 4:13 PM

دہلی وقف بورڈ سے منسلک معاملے میں امانت اللہ خان کو ملی ضمانت

دہلی کی ایک عدالت نے دہلی وقف بورڈ میں مبینہ بے ضابطگی سے جڑے معاملے میں عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو ضمانت دے دی ہے۔ اس سے قبل منگل کے روز خصوصی جج وکاس ڈھل نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ امانت اللہ خان کی طرف سے پیش سینئر وکیل راہل مہرا نے کہا تھا کہ کسی بھی اصول کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے اور یہ الزام محض ایک خامی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’فنڈ کا کوئی غلط استعمال نہیں ہوا اور نہ ہی پہلی نظر میں اس کا کوئی ثبوت ہے۔‘‘ فنڈ کے مبینہ غلط استعمال کے سلسلے میں وکیل نے کہا کہ ’’ایک ایک پیسے کا حساب رکھا گیا۔‘‘

28 Sep 2022, 2:39 PM

مغربی بنگال حکومت کی ’دوارے راشن‘ کو کلکتہ ہائی کورٹ نے غیر قانونی اسکیم قرار دیا

کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال حکومت کی جانب سے چلائی جا رہی ’دوارے راشن‘ اسکیم کو غیر قانونی اسکیم قرار دے دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ نیشنل فوڈ سیکورٹی قانون کی خلاف ورزی کرتی ہے۔ مغربی بنگال حکومت کی اسکیم دوارے راشت کے ذریعے مستفیضین کو راشت کی دور اسٹیپ ڈلیوری کی جاتی ہے۔


28 Sep 2022, 1:06 PM

پی ایف آئی کو بین کئے جانے پر ایم این ایس میں جشن؛ میٹھائی تقسیم کر کے کیا خوشی کا اظہار

پی ایف آئی (پاپولر فرنٹ آف انڈیا) کو کالعدم تنظیم قرار دئے جانے کے بعد مہاراشٹر نونرمان سینا کی طرف سے جشن منایا جا رہا ہے۔ پارٹی کے متعدد کارکنان خوشی کے مارے سڑکوں پر نکل آئے اور پٹاخہ چلا کر اور مٹھائیاں تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کیا۔

28 Sep 2022, 11:05 AM

نوٹ بندی کے خلاف دائر عرضیوں پر 12 اکتوبر کو سماعت کرے گی سپریم کورٹ آئینی بنچ

سپریم کورٹ کی آئینی بنچ کا کہنا ہے کہ وہ 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹوں کو منسوخ کرنے یعنی نوٹ بندی کے مرکز کے 2016 کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر 12 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔


28 Sep 2022, 10:00 AM

سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مملکت کا وزیراعظم مقرر کیا

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مملکت کا وزیراعظم مقرر کیا ہے، سعودی پریس ایجنسی نے ایک شاہی فرمان کے حوالے سے یہ خبر دی۔ دریں اثناء بادشاہ نے منگل کو کابینہ میں ردوبدل کا حکم جاری کرتے ہوئے سعودی شہزادہ خالد بن سلمان کو وزیر دفاع مقرر کیا۔ وزارتوں کے سربراہان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ان میں وزیر توانائی، وزیر خارجہ، وزیر سرمایہ کاری، وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ شامل ہیں۔

28 Sep 2022, 9:22 AM

ہندوستان میں کورونا کے 3615 نئے کیسز، فعال کیسز کی تعداد 40979 رہ گئی

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3615 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔ اس دوران 4972 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی۔ ملک بھر میں اب کورونا کے 40979 کیسز فعال ہیں جبکہ یومیہ پازیٹوٹی کی شرح 1.12 فیصد ہو گئی ہے۔


28 Sep 2022, 8:09 AM

بھارت جوڑو یاترا 21ویں روز میں داخل

بھارت جوڑو یاترا آج 21ویں روز میں داخل ہو گئی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے دیگر پارٹی لیڈران اور کارکنان کے ساتھ آج مالپورم کے پانڈیکڑ سے سفر شروع کیا۔

28 Sep 2022, 6:45 AM

پی ایف آئی پر مرکزی حکومت نے عائد کی 5 سال کے لئے پابندی

مرکزی حکومت نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) اور اس کی ذیلی تنظیموں پر پابندی لگا دی ہے۔ کئی ریاستوں نے پی ایف آئی پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ حال ہی میں، این آئی اے اور تمام ریاستوں کی پولیس اور ایجنسیوں نے پی ایف آئی کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے اور سینکڑوں گرفتاریاں کیں۔ وزارت داخلہ نے پی ایف آئی کو 5 سال کے لیے کالعدم تنظیم قرار دے دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔