اہم خبریں: دہلی کے جیت پور، سریتا وہار اور مدن پور کھادر علاقوں میں تجاوزات مخالف مہم چلانے کی تیاری!

بلڈوزر، تصویر آئی اے این ایس
بلڈوزر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

26 Apr 2022, 7:35 PM

دہلی کے جیت پور، سریتا وہار اور مدن پور کھادر علاقوں میں تجاوزات مخالف مہم چلانے کی تیاری!

دہلی کے جہانگیر پوری میں تجاوزات مخالف مہم چلانے کے بعد اب کئی علاقوں میں ایسی ہی کارروائی کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ساؤتھ دہلی میونسپل کارپوریشن (ایس ڈی ایم سی) کے میئر اور کمشنر جیت پور، سریتا وہار اور مدن پور کھادر میں کل 27 اپریل کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزارت کا معائنہ کرنے جا رہے ہیں۔ ان علاقوں کا سروے کرنے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔

26 Apr 2022, 5:01 PM

دہلی ایمس نے احاطہ میں ملازمین کے کسی بھی طرح کے دھرنا و مظاہرہ پر لگائی پابندی

دہلی ایمس نے ایک نوٹس جاری کر کہا ہے کہ اسٹاف کا کوئی بھی ملازم یا فیکلٹی رکن کسی بھی وجہ سے کام بند نہیں کرے گا یا کام میں رخنہ نہیں ڈالے گا، یا اس طرح کی رخنہ اندازی میں مدد نہیں کرے گا۔ احاطہ میں لاؤڈاسپیکرس کا استعمال، نعرے بازی، مظاہرہ، دھرنا نہیں ہوگا۔

26 Apr 2022, 4:21 PM

کانگریس اور پرشانت کشور کے درمیان نہیں بن سکی بات!

پرشانت کشور اور کانگریس کے درمیان جاری بات چیت کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ہے۔ امید کی جا رہی تھی کہ جلد ہی پرشانت کانگریس میں شامل ہوں گے، لیکن کانگریس کے ساتھ چل رہی ان کی بات چیت کامیاب نہیں ہو سکی۔ حالانکہ کانگریس نے پرشانت کشور کے ذریعہ دیے گئے مشوروں کی تعریف کی ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ٹوئٹ کر جانکاری دی۔


26 Apr 2022, 1:55 PM

کار کے نہر میں گرنے سے پانچ کی موت

لدھیانہ: پنجاب میں لدھیانہ ضلع جھمٹ برج کے پاس ایک کار کے نہر میں گرنے سے پانچ لوگوں کی موت ہوگئی۔ واقعہ منگل کی رات دو بجے کا بتایا جاتا ہے۔ ہلاک شدگان کی پہچان نگلا کے رہنے والے جتیندر سنگھ (40)، جگتار سنگھ (45)، گوپال پور کے جگا سنگھ (35)، لیہل کے کلدیپ سنگھ (45) اور روڑکی کے جگدیپ سنگھ (35) کے طور پر کی گئی ہے۔ موصول اطلاع کے مطابق کار میں کل چھ لوگ سوار تھے، جن میں سے پانچ کی موت ہوگئی ہے اور سندیپ سنگھ نامی شخص بال بال بچ گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو لدھیانہ سیول اسپتال کے مردہ گھر میں رکھوا دی ہے۔

26 Apr 2022, 12:37 PM

نونیت رانا اور ان کے شوہر روی فی الحال جیل میں رہیں گے، سیشن کورٹ سے کوئی راحت نہیں

ایم پی نونیت رانا اور ان کے شوہر روی رانا کو سیشن کورٹ سے راحت نہیں ملی ہے۔ دونوں کی ضمانت کی درخواست اب 29 اپریل کو سماعت کے لیے آئے گی۔ ممبئی سیشن کورٹ نے نونیت رانا اور روی رانا کی درخواست ضمانت پر خصوصی سرکاری وکیل سے 29 اپریل کو جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ عدالت اب رانا جوڑے کی درخواست ضمانت پر سماعت 29 اپریل کو کرے گی۔

نونیت رانا اور ان کے شوہر روی رانا کے وکیل رضوان مرچنٹ نے کہا کہ "عدالت پر کام کا بہت زیادہ بوجھ ہے، اس لیے ہم نے 29 اپریل کے لیے درخواست ضمانت کا جواب قبول کر لیا ہے، جس کے بعد عدالت مزید سماعت پر فیصلہ کرے گی۔ یہ 29 اپریل اور اس سے آگے بھی ہو سکتا ہے۔"


26 Apr 2022, 11:36 AM

ملک میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2483 نئے معاملے

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 2,483 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور 1,970 افراد کو ڈسچارج کیا گیا ہے۔ فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر 15,636 ہوگئی ہے۔

26 Apr 2022, 8:15 AM

جموں و کشمیر کے ادھم پور کے گنگارا ہلز جنگل میں لگی آگ، قابو پانے کی کوششیں جاری

جموں و کشمیر کے ادھم پور کے گنگارا پہاڑی جنگل میں آگ لگ گئی ہے۔ آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ آئی ایف ایس ڈسٹرکٹ آفیسر نے کہا، "علاقے میں ٹیم کو تعینات کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے ایک میٹنگ ہوئی ہے۔ 99 فیصد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، یہ گرم موسم کی وجہ سے ہوا ہے۔ لوگوں کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔