اہم خبریں: موربی پل حادثہ کے 22 دن بعد بھی نہ کوئی گرفتاری ہوئی، نہ اصلی ذمہ دار پکڑے گئے... راہل گاندھی

راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر@INCIndia
راہل گاندھی، تصویر ٹوئٹر@INCIndia
user

قومی آوازبیورو

21 Nov 2022, 8:35 PM

موربی پل حادثہ کے 22 دن بعد بھی نہ کوئی گرفتاری ہوئی، نہ اصلی ذمہ دار پکڑے گئے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے 21 نومبر کو گجرات میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف سخت آواز بلند کی۔ اس درمیان انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں موربی پل حادثہ معاملے میں اب تک کوئی گرفتاری نہ ہونے پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’موربی میں تقریباً 150 لوگ مارے گئے، ان میں 47 معصوم بچے تھے۔ اس اندوہناک واقعہ کے 22 دن ہو گئے۔ لیکن حادثہ کے اصلی ذمہ داری نہ پکڑے گئے اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی۔‘‘ پھر وہ لکھتے ہیں ’’گنہگاروں کا ساتھ، بدعنوانوں کی ترقی - یہی ہے بی جے پی کا کرپشن اینڈ کمیشن ماڈل۔‘‘

21 Nov 2022, 2:30 PM

ارون گوئل نے نئے الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالا

نئی دہلی: الیکشن کمیشن میں نئے تعینات ہونے والے الیکشن کمشنر ارون گوئل نے پیر کو چارج سنبھال لیا۔ صدر دروپدی مرمو نے ہندوستانی انتظامی سروس کے سابق افسر گوئل کو ہفتہ کے روز الیکشن کمشنر مقرر کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے پیر کو ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس میں سال 1985 بیچ کے پنجاب کیڈر کے افسر گوئل چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے کے ساتھ الیکشن کمیشن کا حصہ ہوں گے۔ سشیل چندر مئی میں چیف الیکشن کمشنر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ ان کی جگہ راجیو کمار نئے چیف الیکشن کمشنرمقرر ہوئے تھے۔

21 Nov 2022, 11:43 AM

اڈیشہ میں ٹرین حادثہ، دو افراد ہلاک

نئی دہلی: اڈیشہ میں ایسٹ کوسٹ ریلوے کے تحت بھدرک کپیلاس سیکشن کے کورائی اسٹیشن پر پیر کی صبح ایک مال گاڑی کے حادثہ کا شکار ہو جانے سے کم از کم دو افراد ہلاک اور کچھ دیگر زخمی ہو گئے۔ ریلوے کی باضابطہ اطلاع کے مطابق کھردہ روڈ ڈویژن کے تحت صبح 6 بجکر 44 منٹ پر ٹرین کے پٹری سے اترنے کے باعث ویگن گرنے سے ریلوے اسٹیشن کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے اور دونوں جانب سے ٹریک پر ٹریفک بلاک ہوگیا ہے۔ ریلوے کی ایکسیڈنٹ ٹرین اور ایکسیڈنٹ ریلیف میڈیکل ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔ ڈویژنل ریلوے منیجر اور دیگر افسران بھی کورائی اسٹیشن پہنچ گئے ہیں۔ تفصیل کا انتظار ہے۔


21 Nov 2022, 9:17 AM

عوام پر ایک اور مہنگائی کی مار، مدر ڈیری نے آج سے بڑھائے دودھ کے دام

نئی دہلی: دودھ کی قیمتیں لگاتار بڑھتی جا رہی ہیں، آج سے مدر ڈیری نے بھی دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ مدر ڈیری نے فل کریم دودھ کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ٹوکن والے دودھ کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔