اہم خبریں LIVE: راجستھان میں 500 روپے میں دیا جائے گا رسوئی گیس سلنڈر، وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا اعلان

اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

19 Dec 2022, 6:56 PM

راجستھان میں 500 روپے میں دیا جائے گا رسوئی گیس سلنڈر، وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا اعلان

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک ایسی کیٹگری تیار کر رہے ہیں جس کے اندر آنے والے لوگوں کو 1040 روپے والا گھریلو رسوئی گیس سلنڈر محض 500 روپے میں ملے گا۔ یہ سلنڈر اپریل سے ریاست میں دستیاب ہوگا۔ اشوک گہلوت نے بتایا کہ آئندہ ماہ بجٹ پیش کیا جائے گا جس میں رسوئی سے مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے کِٹ تقسیم کرنے سے متعلق منصوبہ لائیں گے۔ انھوں نے اس سلسلے میں میڈیا کو جو بیان دیا ہے اس میں کہا ہے کہ ’’میں آئندہ ماہ بجٹ پیش کروں گا اور اس میں اعلان کروں گا کہ جو لوگ بی پی ایل سے جڑے ہیں انھیں یکم اپریل کے بعد سے سال میں 12 گھریلو سلنڈر، جس کی قیمت 1040 روپے ہے، وہ ہم 500 روپے میں دیں گے۔ مہنگائی میں جو کچھ ہم کر سکتے ہیں وہ کریں گے۔‘‘

19 Dec 2022, 5:05 PM

’نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھول رہا ہوں‘، راہل گاندھی کا پی ایم مودی پر طنز

راجستھان میں الور کے مالاکھیڑا میں راہل گاندھی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے بی جے پی والے برے نہیں لگتے۔ میں راستے میں جاتا ہوں تو اشارہ کر کے پوچھتے ہیں کہ کیا کر رہے ہو؟ میں انھیں جواب دینا چاہتا ہوں کہ نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھول رہا ہوں۔ آئیے آپ بھی اس نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولیے۔‘‘

19 Dec 2022, 2:13 PM

نہر میں ڈوبنے سے تین حقیقی بہنوں کی موت

ریوا: مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع کے وشو ودیالیہ تھانہ علاقہ کے اٹورا گاؤں میں نہر میں نہانے گئیں تین حقیقی بہنوں کی ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تینوں بہنیں کل اٹورا گاؤں کے قریب ایک نہر میں نہانے گئی تھیں۔ نہاتے ہوئے سب سے چھوٹی بہن کا پاؤں پھسل گیا اور وہ ڈوبنے لگی، بڑی بہن نے اسے بچانے کی کوشش کی تو دونوں ڈوبنے لگیں۔ دونوں بہنوں کو ڈوبتے دیکھ کر سب سے بڑی بہن نے بھی نہر میں چھلانگ لگا دی اور تینوں کی ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ پولیس نے تینوں کی لاشیں نہر سے برآمد کر لی ہیں۔ تینوں بہنیں اٹورا گاؤں کی رہنے والی ہیں۔ پولیس نے تینوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کرلیا ہے۔


19 Dec 2022, 11:59 AM

تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر چٹان کھسک آنے سے ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوگئی ہے۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ تاریخی مغل روڈ پر شکر گڑھ علاقے میں چٹان کھسک آئی ہے جس کے نتیجے میں ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی آمد و رفت کو بحال کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ دریں اثنا وادی کشمر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔

19 Dec 2022, 9:14 AM

اتراکھنڈ کے اترکاشی میں زلزلے کے جھٹکے، ریکٹر اسکیل پر شدت 3.1 ریکارڈ

اتوار کی دیر رات اتراکھنڈ کے اترکاشی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے صبح 1.50 پر محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ فی الحال جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */