اہم خبریں: جیتن رام مانجھی کے بیٹے سنتوش کمار سمن ہوں گے ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

16 Apr 2022, 7:29 PM

جیتن رام مانجھی کے بیٹے سنتوش کمار سمن ہوں گے ہندوستانی عوام مورچہ کے صدر

بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور ہندوستانی عوام مورچہ کے سربراہ جیتن رام مانجھی نے اعلان کیا ہے کہ ان کے بیٹے سنتوش کمار سمن پارٹی نے اگلے صدر ہوں گے۔ مانجھی نے پٹنہ میں کہا ’’ہم نے دہلی میں 4 مہینے قبل اجلاس منعقد کیا تھا، جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ سنتوش کمار سمن کو پارٹی کا اگلا صدر بنایا جانا چاہئے۔‘‘

16 Apr 2022, 5:04 PM

آسنسول سے جیت کے بعد شترو کا بیان ’پہلے کئی مقامات پر ای وی ایم کا کھیلا ہوا تھا، یہاں نہیں ہوا‘

مغربی بنال کی آسنسول سیٹ سے ضمنی انتخاب میں جیت درج کرنے کے بعد ٹی ایم سی لیڈر شتروگھن سنہا نے کہا، ’’پہلے کئی مقامات پر کھیلا ہوا تھا لیکن یہاں بغیر کسی خوف کے آزاد اور شفاف انتخابات کرائے گئے۔ یہ جیت ٹی ایم سی، ممتا بنرجی اور آسنسول کے عوام کی جیت ہے۔‘‘

16 Apr 2022, 2:00 PM

ضمنی انتخابات: بی جے پی کو جھٹکا، مہاراشٹر-چھتیس گڑھ میں کانگریس آگے

کانگریس کے لیے مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ سے اچھی خبر سامنے آ رہی ہے۔ دونوں ہی ریاستوں میں ایک ایک اسمبلی سیٹ کے لیے گزشتہ دنوں انتخاب ہوا تھا اور آج ووٹ شماری کا عمل جاری ہے۔ مہاراشٹر کے کولہاپور اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدوار جئے شری جادھو بی جے پی امیدوار ستیہ جیت کدم سے21ویں راؤنڈ کے بعد 15222 ووٹوں سے آگے ہے۔

دوسری طرف چھتیس گڑھ کے خیراگڑھ اسمبلی سیٹ پر 7ویں راؤنڈ کی ووٹ شماری مکمل ہو چکی ہے۔ یہاں کانگریس امیدوار یشودا ورما اپنے قریبی حریف سے9901 ووٹ سے آگے چل رہی ہیں۔


16 Apr 2022, 12:01 PM

ضمنی انتخابات: چار ریاستوں میں بی جے پی امیدوار پیچھے، ووٹ شماری جاری

ہندوستان کی 4 ریاستوں کی 5 سیٹوں کے لیے گزشتہ دنوں ہوئی ووٹنگ کے بعد آج ووٹ شماری کا عمل چل رہا ہے۔ ایک لوک سبھا اور 4 اسمبلی سیٹوں پر 12 اپریل کو ضمنی انتخابات ہوئے تھے۔ ان میں بنگال کی ایک لوک سبھا اور ایک اسمبلی سیٹ، جب کہ مہاراشٹر، بہار اور چھتیس گڑھ اسمبلی کی بھی ایک ایک سیٹ شامل ہیں۔ قابل ذکر یہ ہے کہ پانچوں سیٹوں پر بی جے پی امیدوار پیچھے چل رہے ہیں۔ مغربی بنگال کی لوک سبھا اور اسمبلی سیٹوں پر ترنمول امیدوار آگے ہیں، بہار کی بوچہا اسمبلی سیٹ پر آر جے ڈی امیدوار آگے ہے، جب کہ مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ میں کانگریس امیدوار سبقت بنائے ہوئے ہیں۔

16 Apr 2022, 10:11 AM

روس نے گوگل پر دوبارہ لگایا 144000 ڈالر کا جرمانہ

ماسکو: ماسکو کی ایک عدالت نے غیر قانونی مواد کو ہٹانے میں بار بار ناکامی پر دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل پر 144000 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ ایک عدالتی ذریعے نے خبر رساں ایجنسی اسپوتنک کو بتایا کہ "عدالت کو روس کے انتظامی جرائم کوڈ کے آرٹیکل 13.41 کے حصہ 2 کے تحت گوگل کے خلاف دو انتظامی پروٹوکول موصول ہوئے ہیں۔" میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی قانون کے تحت نئی خلاف ورزیوں پر جرمانے کی رقم 12 ملین روبل (144000 ڈالر) تک ہوگی۔ سن 2021 کے آغاز سے ہی روسی حکام نے اس غیر ملکی ٹیک کمپنی پر اپنے پلیٹ فارم سے غیر قانونی مواد ہٹانے کے لیے دباؤ ڈالا تھا، لیکن عدالت نے تعمیل نہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا۔


16 Apr 2022, 8:33 AM

ممبئی میں ٹرین حادثہ، ماٹونگا اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتری دادر-پڈوچیری ایکسپریس

ممبئی کے ماٹونگا اسٹیشن کے قریب دادر-پڈوچیری ایکسپریس پٹری سے اتر گئی۔ ٹرین کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔ حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ سنٹرل ریلوے کے جی ایم انیل کمار لاہوتی نے کہا، ’’تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ہیں، جن میں سے 2 بوگیوں کا کام پورا ہو گیا ہے، صرف ایک کوچ کا کام جاری ہے۔ ڈاؤن اور اپ لوکل لائن سروس بحال ہے۔ ہم 1 گھنٹے میں اپ تھرو لائن کو ٹھیک کرنے کے قابل ہو جائیں گے اور ڈاؤن لائن کو بحال کرنے میں کچھ اور وقت لگے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔