اہم خبریں: ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، محمد سمیع کو نہیں ملی جگہ

ہندوستانی ٹیم، تصویر آئی اے این ایس
ہندوستانی ٹیم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

12 Sep 2022, 7:34 PM

ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، محمد سمیع کو نہیں ملی جگہ

آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان ہو گیا ہے۔ بی سی سی آئی کے ذریعہ پیر کے روز 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس میں جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل کی واپسی ہوئی ہے۔ ایشیا کپ کے لیے منتخب ٹیم میں صرف دو تبدیلی کی گئی ہے۔ اویس خان اور روی بشنوئی کی جگہ جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل کو شامل کیا گیا۔ محمد سمیع کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے، حالانکہ وہ ان چار کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنھیں اسٹینڈ بائی میں رکھا گیا ہے۔ یعنی اگر ٹی-20 عالمی کپ کے دوران یا اس سے پہلے کوئی کھلاڑی کسی وجہ سے باہر ہوتا ہے تو محمد سمیع کو موقع مل سکتا ہے۔

12 Sep 2022, 4:00 PM

گیان واپی مسجد معاملہ پر وارانسی کورٹ کے فیصلے سے مایوس مسلم فریق نے ہائی کورٹ جانے کا کیا اعلان

گیان واپی-شرنگار گوری معاملے پر سیوان ضلع کورٹ سے مایوسی ہاتھ لگنے کے بعد مسلم فریق نے ہائی کورٹ جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ضلع جج وشویش نے جب ہندو فریق کی عرضی کو قابل سماعت قرار دیا، تو مسلم فریق کو بہت حیرانی ہوئی۔ اس معاملے میں مولانا خالد رشید نے کہا کہ ’’بابری مسجد کے فیصلہ کے دوران وَرشپ ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے جو باتیں کہی تھیں اس سے یہ لگنے لگا تھا کہ اب ملک میں مندر-مسجد کا مسئلہ ختم ہو گیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود بھی اس طریقے کے ایشوز سامنے آ رہے ہیں۔‘‘

12 Sep 2022, 3:16 PM

پنجاب کے کئی شہروں میں این آئی اے کے چھاپے

چنڈی گڑھ: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے پیر کی صبح شمالی ہندوستان میں تقریباً 50 مقامات پر منشیات کی دہشت گردی، ہتھیاروں کی اسمگلنگ، بین گینگ دشمنی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 'منظم دہشت گرد گروہوں' کے خلاف چھاپے مارے۔ سرچ آپریشن کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث منظم گروہوں کی ایک بڑی سازش کی تحقیقات کرنا ہے۔ شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں میں دہلی، ہریانہ اور پنجاب میں چھاپے مارے جانے کی اطلاع ملی ہے۔


12 Sep 2022, 2:38 PM

گیان واپی معاملہ قابل سماعت، وارانسی عدالت کا بڑا فیصلہ، اگلی سماعت 22 ستمبر کو

وارانسی ڈسٹرکٹ جج کورٹ نے گیان واپی-سرنگر گوری معاملے میں بڑا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے مسلم فریق کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ قابل سماعت ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 22 ستمبر کو ہوگی۔

12 Sep 2022, 2:23 PM

سی اے اے معاملہ: سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت کے لیے 19 ستمبر کی تاریخ مقرر کی

سپریم کورٹ میں آج سی اے اے معاملے پر داخل 200 سے زائد درخواست پر سماعت ہونی تھی، لیکن اس کے لیے آئندہ پیر یعنی 19 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ ’بار اینڈ بنچ‘ کے ٹوئٹر ہینڈل پر دی گئی جانکاری کے مطابق سینئر وکیل اے ایم سنگھوی اور مکل روہتگی کی درخواست پر عدالت عظمیٰ نے اس معاملے پر آج کی سماعت ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔


12 Sep 2022, 12:37 PM

چین میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 93 ہوئی

چینگدو: چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچوان کے لوڈنگ کاؤنٹی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں 5 ستمبر کو آنے والے 6.8 شدت کے زلزلے میں اب تک کل 93 افراد ہلاک اور کم از کم 25 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ مقامی حکام نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ گنجی تبتی آٹونومس صوبے کے لوڈنگ میں 55 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ یان شہر میں 38 لوگوں کی جان گئی ہے۔ لوڈنگ میں 9 اور یاآن کے شمین کاؤنٹی میں 16 لوگوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

12 Sep 2022, 9:21 AM

مہاراشٹر میں کورونا کے 701 نئے معاملے، تین مریضوں کی موت

ممبئی: مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے کل 701 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور تین مزید مریضوں کی موت ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے پیر کو جاری کردہ بلیٹن کے مطابق نئے کیسز کے ساتھ ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد اب بڑھ کر 8110832 اور اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 148288 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 1056 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد کورونا سے پاک افراد کی مجموعی تعداد 7956324 ہوگئی۔ ریاست میں صحت یابی کی شرح 98.08 فیصد اور شرح اموات 1.82 فیصد ہے۔ ریاست میں فی الحال 6220 ایکٹیو کیسز ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */