اہم خبریں: 2014 کے بعد پہلی مرتبہ مہاراشٹر کابینہ میں 4 مسلم چہرے شامل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

30 Dec 2019, 9:09 PM

مہاراشٹر: 2014 کے بعد پہلی مرتبہ کابینہ میں 4 مسلم نمائندے

ممبئی: 2014 کے بعد آج پہلی مرتبہ مہاراشٹر کی ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی حکومت میں 4 مسلم وزراء کو شامل کیا گیا ہے۔ ان مسلم وزراء میں کانگریس سے اسلم شیخ، این سی پی سے نواب ملک اور حسن مشرف کے علاوہ شیوسینا سے عبدالستار شیخ شامل ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ریاست میں کانگریس حکومت جب برسراقتدار تھی تب ایک مرتبہ 4 مسلم وزراء وزارت میں شامل ہوئے تھے جن میں محمد اسماعیل اسیر، محمدعظیم الدین، اظہر خان اور جاوید خان کے نام قابل ذکر ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دو مرتبہ جب بی جے پی حکومت مہاراشٹر میں برسراقتدار تھی تب بی جے پی اور شیوسینا کے خیموں میں ایک بھی مسلم رکن اسمبلی نہیں تھا یہی وجہ تھی کہ کسی بھی مسلم نمائندے کو وزارت میں جگہ نہیں دی گئی تھی۔

30 Dec 2019, 7:55 PM

دہلی: پی ایم مودی کی رہائش گاہ پر لگی آگ، دمکل کی 9 گاڑیاں موجود

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پی ایم نریندر مودی کے 7 لوک کلیان مارگ واقع رہائش پر آگ لگ گئی ہے۔ اس آگ کو بجھانے کے لیے موقع پر فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں بھی پہنچ چکی ہیں۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا ہے۔ حالانکہ پوری طرح سے اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ وزیر اعظم رہائش گاہ کے کسی خاص حصے میں آگ لگی ہے یا پھر رہائش گاہ سے کچھ دور ہٹ کر یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

خبر رساں ادارہ اے این آئی کے مطابق یہ آگ شام 7.25 بجے لگی ہے اور آگ کی شدت بہت زیادہ نہیں ہے۔ آگ لگنے کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ آگ بجھانے کی کوشش اب بھی جاری ہے۔

30 Dec 2019, 7:02 PM

تمل ناڈو: طالبہ فاطمہ لطیف خودکشی معاملے کی جانچ اب سی بی آئی کرے گی

تمل ناڈو میں آئی آئی ٹی-مدراس کی طالبہ فاطمہ لطیف کی خودکشی معاملہ کی جانچ اب سی بی آئی نے خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کافی دنوں سے اس خودکشی معاملے میں سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا جا رہا تھا اور سی بی آئی نے اس معاملے کو اپنے ہاتھوں میں لے لیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کچھ لوگ فاطمہ لطیف کو قتل قرار دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ فاطمہ لطیف ایک ہونہار لڑکی تھی اور وہ خودکشی نہیں کر سکتی۔


30 Dec 2019, 5:37 PM

منگل کی شب 9 بجے کے بعد راجیو چوک میٹرو اسٹیشن سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں: دہلی میٹرو

دہلی میٹرو کے مطابق ’’نئے سال سے قبل کی شام یعنی 31 دسمبر 2019 کو بھیڑ بھاڑ پر قابو پانے کے مقصد سے رات 9 بجے کے بعد راجیو چوک میٹرو اسٹیشن سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حالانکہ، آخری میٹرو جانے تک مسافروں کے داخل ہونے کا دروازہ کھلا رہے گا۔‘‘

30 Dec 2019, 4:41 PM

دہلی: شہریت قانون کے خلاف انڈیا گیٹ پر یوتھ کانگریس کا زبردست مظاہرہ، بڑی تعداد میں کارکنان ہوئے جمع

دہلی کے انڈیا گیٹ پر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف یوتھ کانگریس زبردست مظاہرہ کر رہی ہے۔ بڑی تعداد میں اس احتجاجی مظاہرہ میں یوتھ کانگریس کے کارکنان شامل ہوئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں لگاتار شہریت قانون کے خلاف دھرنا و مظاہرہ جاری ہے اور کانگریس بھی مختلف مقامات پر اس قانون کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کر رہی ہے۔


30 Dec 2019, 3:45 PM

یو پی پولس بے قصور عوام پر منمانے طریقے سے کارروائی کر رہی ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوگی حکومت کے ساتھ ساتھ یو پی پولس پر کئی طرح کے الزامات عائد کیے۔ پرینکا گاندھی نے کئی مثالیں پیش کرتے ہوئے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ عام لوگوں کے خلاف ریاستی پولس اور یوگی حکومت نے کئی ایسی کارروائی کی جو نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ انارکی پھیلانے میں ان کا اہم کردار رہا۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے مسلم بچوں انس اور سلیمان کی موت اور سابق آئی پی ایس افسر داراپوری و کانگریس لیڈر صدف جعفر کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے الزامات کو ثابت کرنے کی کوشش کی اور یہ بھی بتایا کہ انھوں نے ایک چٹھی ریاستی گورنر کے نام بھیجا ہے جس میں بطور ثبوت ایسے ویڈیو بھی ہیں جن میں یو پی پولس کو عام لوگوں پر ظلم کرتے اور توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

30 Dec 2019, 2:57 PM

شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ میں زخمی افراد کی پارٹی کارکنان مدد کریں: راہل گاندھی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پارٹی کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان لوگوں سے ملاقات کریں جو ملک بھر میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کے دوران زخمی ہو گئے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ مظاہرہ کے دوران جو لوگ مارے گئے ہیں، ان کے اہل خانہ سے بھی پارٹی کارکنان ملاقات کریں اور ان کی ہر ممکن مدد کریں۔


30 Dec 2019, 1:22 PM

مہاراشٹر: اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا لیا حلف

مہاراشٹر حکومت کی توسیع کا عمل اس وقت جاری ہے۔ اراکین اسمبلی کو وزارتی عہدہ کا حلف دلایا جا رہا ہے۔ اس درمیان اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا ہے۔ کانگریس کے اشوک چوہان اور دلیپ پاٹل نے بھی وزارتی عہدہ کا حلف لے لیا ہے۔

30 Dec 2019, 12:39 PM

مہاراشٹر کابینہ میں توسیع، 36 رکن اسمبلی وزیر کے عہدے کا لیں گے حلف

مہاراشٹر کابینہ تھوڑی دیر میں توسیع کرے گا، بتایا جا رہا ہے کہ 36 ایم ایل اے وزیر کے عہدے کا حلف لیں گے، ان میں 25 کابینہ وزیر ہوں گے، ان میں 10 وزیر مملکت ہوں گے، اجیت پوار نائب وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے، کابینہ وزیر کی فہرست میں آدتیہ ٹھاکرے اور دھننجے منڈے کا بھی نام شامل ہے۔


30 Dec 2019, 11:43 AM

پرینکا گاندھی نے کوی دشینت کمار کو ان کی برسی پر کیا یاد

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کوی دشینت کمار کو ان کی برسی پر یاد کیا ہے، ان کی شاعری کے ذریعے پرینکا گاندھی نے موجودہ سیاست پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کہا،

’’آج یہ دیوار، پردوں کی طرح ہلنے لگی

شرط لیکن تھی کہ یہ بنیاد ہلنی چاہیے

صرف ہنگامہ کھڑا کرنا میرا مقصد نہیں

ساری کوشش ہے کہ یہ صورت بدلنی چاہیے

ہندی زبان کے عظیم شاعر دشینت کمار کو ان کی برسی پر یاد کرتے ہوئے۔

30 Dec 2019, 11:11 AM

گوتم بدھ نگر کے دنكور میں کار نہر میں گری، 6 افراد ہلاک

گوتم بدھ نگر: اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے گریٹر نوئیڈا میں آج علی الصبح گھنے دھند کی وجہ سے دنكور علاقے میں ایک گاڑی کے نہر میں گرنے سے اس میں سوار چھ افراد کی موت ہو گئی جبکہ پانچ افراد بچالیےگئے۔ پولیس ترجمان نے پیر کو اس حادثہ کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سنبھل کے حیات نگر کے رہنے والے 11 افراد کار سے دہلی جا رہے تھے۔علی الصبح تقریباً ساڑھے چار بجے گھنے دھند کی وجہ سے ان کی کار كھریلہ نهر میں جا گری۔ حادثہ میں نیرج، رام کھلاڑی، مترپال، ملو، مہیش اور کشن لال کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ حادثہ میں پانچ افراد نہر سے محفوظ نکلنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے بتایا کہ کار سوار خریدے گئے مکان کی پوجا پاٹھ کرانے دہلی جا رہے تھے۔ بچائے گئے پانچ افراد کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔


30 Dec 2019, 11:05 AM

اتر پردیش: غازی آباد کے لونی میں کرنٹ لگنے سے 6 افراد ہلاک

30 Dec 2019, 10:32 AM

گریٹر نوئیڈا میں دھند کی وجہ سے نہر میں گری کار، ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک، 5 زخمی

گریٹر نوئیڈا میں دھند کی وجہ سے شدید سڑک حادثہ ہوا ہے، نہر میں کار کے گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ہو گئی اور 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں، تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، حادثے کے وقت گاڑی میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد سوار تھے، تمام لوگ سنبھل سے دہلی آ رہے تھے۔


30 Dec 2019, 10:02 AM

دہلی میں ریکارڈ سردی کے بعد دھند کی مار

نئی دہلی: دہلی اور قومی دارالحکومت علاقہ (این سی آر) میں پڑ رہی ریکارڈ سردی کے درمیان پیر کی صبح دھند نے پورے علاقے کو اپنے آغوش میں لے لیا اور ریل اور ہوائی ٹریفک پر اس کا وسیع پیمانہ پر اثر پڑا۔ مجموعی طور پر شدید ٹھنڈ سے پورا شمالی ہندوستان دوچار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔