اہم خبریں: ادھو ٹھاکرے کابینہ کی توسیع پیر کو، کانگریس کے 12 وزراء لیں گے حلف

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

29 Dec 2019, 9:08 PM

مہاراشٹر: اُدھو ٹھاکرے کابینہ کی توسیع پیر کو، کانگریس کے 12 وزراء لیں گے حلف

مہاراشٹر میں مہااگاڑی حکومت کی کابینہ میں توسیع پیر کے روز ہوگی۔ کانگریس ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ 36 نئے وزرا پیر کے رو زحلف لے سکتے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی کابینہ میں فی الحال وزریر اعلی کے علاوہ 6 وزرا ہیں۔ حلف برداری تقریب کے لیے سبھی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔ گورنربھگت سنگھ کوشیاری سبھی وزرا کو عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گے۔

مہاراشٹر حکومت میں وزیر اور کانگریس لیڈر بالا صاحب تھوراٹ نے کابینہ توسیع سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ”کل ہونے والی حلف برداری کے لیے فہرست کو آخری شکل دے دی گئی ہے۔ آج فائنل لسٹ جاری کر دی جائے گی۔ کابینہ میں کانگریس کے 12 وزیر شامل ہیں جن میں 10 کابینہ رینک کے ہیں۔“

29 Dec 2019, 8:10 PM

تریپورہ: اسمگلنگ کے لیے 12 آوارہ کتوں کو لے جا رہا 2 شخص پولس گرفت میں

تریپورہ پولس نے 12 آوارہ کتوں کے ساتھ تریپورہ-میزورم سرحد پر دو اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ ”ان کتوں کو میزورم میں اسمگلنگ کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔ پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار اشخاص نے انکشاف کیا کہ میزورم میں ہر کتے کی قیمت 2000 سے 2500 روپے کے درمیان ہے کیونکہ وہاں کتے کے گوشت کی طلب زیادہ ہے۔“

29 Dec 2019, 7:11 PM

پرینکا گاندھی کو اسکوٹر پر لے جانے والے کانگریس کارکن کا ہوا 6100 روپے کا چالان

کانگریس پارٹی کے کارکن جن کے اسکوٹر پر پرینکا گاندھی ہفتہ کی شام کو سابق آئی پی ایس افسر ایس آر دارا پوری کے اہل خانہ سے ملنے کے لئے گئی تھیں، ان کا ہیلمیٹ نہیں پہننے پر 6100 روپے کا چالان کاٹا گیا۔


29 Dec 2019, 6:18 PM

سی اےاے، این آر سی،این پی آر کی مخالفت کے لئے سیکولر جماعتوں میں تال میل ضروری: اسٹالن

چنئی: تمل ناڈو میں اپوزیشن پارٹی ڈراوڈ منیتر كژگم (ڈی ایم کے) کے اسپیکر ایم کے اسٹالن نے اتوار کے روز کہا کہ شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اےاے)، قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کی مخالفت کے لئے سیکولر جماعتوں کے درمیان تال میل ضروری ہے۔

ایم کے اسٹالن نے جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے لیڈر اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین کی حلف برداری کی تقریب میں حصہ لینے کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا کہ سیکولر جماعتوں میں تال میل فرقہ وارانہ طاقتوں سے جدوجہد اور سماجی انصاف کے قیام کی کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی اےاے، این آر سی اور این پی آر کی مخالفت اور فرقہ وارانہ طاقتوں سے لڑنے اور سماجی انصاف کی حفاظت کے لئے سیکولر جماعتوں کے درمیان اتحاد اور تال میل ضروری ہے۔ اسٹالن نے کہا کہ ’’ہیمنت سورین کی حلف برداری کی تقریب میں حاضر ہو کر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ جھارکھنڈ میں نئی

حکومت کی کامیاب مدت کار کا متمنی ہوں‘‘۔ ڈی ایم کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ ٹی آر بالو اور کنی موجھی نے بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔

29 Dec 2019, 5:51 PM

جھارکھنڈ حکومت تمام لوگوں کے مفاد میں کام کرے گی... راہل گاندھی

نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ جھارکھنڈ کی نئی حکومت تمام شہریوں کے مفاد میں اور ریاست کی خوشحالی اور امن کے لئے کام کرے گی۔ راہل گاندھی نے رانچی میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ہیمنت سورین کے وزیر اعلی کی حلف برداری تقریب میں حصہ لینے کے بعد ٹوئٹر پر بتایا کہ میں نے آج رانچی میں وزیر اعلی ہیمنت سورین کے اور کانگریس کے وزراء کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ جھارکھنڈ کی نئی حکومت سبھی شہریوں کے مفادات میں کام کرے گی اور ریاست میں امن و خوشحالی کا دور لے کر آئے گی۔


29 Dec 2019, 5:11 PM

اترپردیش حکومت نے غیر انسانی سلوک کی حدیں پار کردیں... پرینکا گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کی سینئر لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے اترپردیش حکومت پر غیر انسانی سلوک کی حدیں پار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اتوار کو کہا کہ ریاستی پولیس بے بنیاد الزام لگا کر کانگریس لیڈروں کو جیل میں ڈال رہی ہے، پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہا، ’’اترپردیش حکومت نے غیر انسانی سلوک کی ساری حدیں پار کردی ہیں۔ کانگریس کی کارکن صدف جعفر واضح طور پر ویڈیومیں پولیس سے تشدد بھڑکانے والوں کو گرفتار کرنے کی بات کہہ رہی ہیں۔ پولیس نے صدف پر جھوٹے الزامات لگا کر جیل میں ڈال دیا۔‘‘

29 Dec 2019, 3:19 PM

کانگریس کے دو اور آر جے ڈی کے ایک رکن اسمبلی نے لیا وزیر کے عہدے کا حلف

جھاركھڈ کے پاكوڑ سے کانگریس کے ممبر اسمبلی عالمگیر عالم نے ہیمنت سورین حکومت میں وزارت کا حلف لیا ہے۔ عالمگیر جھارکھنڈ کے اسپیکر بھی رہ چکے ہیں، اس کے ساتھ ہی کانگریس کے رامیشور اوراؤں نے بھی وزیر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔ وہیں آر جے ڈی کوٹے سے بھی ایک رکن اسمبلی نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔


29 Dec 2019, 2:20 PM

سورین نے جھارکھنڈ کے 11 ویں وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا

ہیمنت سورین نے جھارکھنڈ کے 11 ویں وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا، حلف برداری تقریب میں راہل گاندھی، تیجسوی یادو، عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ، این سی پی سربراہ شرد پوار سمیت کئی بڑے لیڈر موجود ہیں۔

29 Dec 2019, 2:15 PM

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور اشوک گہلوت بھی حلف برداری تقریب کے پلیٹ فارم پر پہنچ گئے ہیں.


29 Dec 2019, 1:58 PM

جھارکھنڈ: ہیمنت سورین تھوڑی دیر میں 11 ویں وزیر اعلی کا لیں گے حلف

29 Dec 2019, 1:48 PM

سی اے اے کی بی ایس پی ممبراسمبلی نے کی حمایت، مایاوتی نے کیا پارٹی سے معطل

نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی نے مدھیہ پردیش اسمبلی میں اپنی ممبر اسمبلی رمابائی پریہار کو شہریت ترمیمی قانون کی حمایت کرنے کی وجہ سے پارٹی سے معطل کر دیا ہے، بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے اتوار كو ایک ٹوئٹ پیغام میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا ’’بی ایس پی ڈسپلن پارٹی ہے اور اس کو توڑنے پر پارٹی کے ایم پی اور ایم ایل اے وغیرہ کے خلاف بھی فوری طور کارروائی کی جاتی ہے۔ اسی سلسلہ میں مدھیہ پردیش میں پتھیريا سے بی ایس پی ممبر اسمبلی رمابائی پریہار کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون کی حمایت کرنے پر ان کو پارٹی سے معطل کر دیا ہے۔ ان پر پارٹی پروگرام میں حصہ لینے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے‘‘۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ بی ایس پی نے سب سے پہلے اسے تقسیم کرنے والا اور غیر آئینی بتا کر اس کی شدید مخالفت کی۔ پارلیمنٹ میں بھی اس کے خلاف ووٹ دیا اور اس کی واپسی کو بھی لے کر صدر کو میمورنڈم دیا۔ پھر بھی ممبر اسمبلی پریہارنے شہریت ترمیمی قانون کی حمایت کی۔ پہلے بھی انہیں کئی بار پارٹی لائن پر چلنے کی ہدایت دی گئی تھی۔


29 Dec 2019, 1:12 PM

چنئی میں سی اے اے کے خلاف رنگولی بنا رہے لوگوں کو پولیس نے حراست میں لیا

چنئی پولیس نے ان سات افراد کو گرفتار کرنے کے بعد رہا کر دیا، یہ لوگ بغیر کسی پیشگی اجازت کے ایک جگہ جمع ہوئے تھے، یہ سبھی لوگ شہریت ترمیم ایکٹ کے خلاف رنگولی بنا رہے تھے، اسی دوران پولیس نے انہیں بسنت نگر میں حراست میں لے لیا تھا۔

29 Dec 2019, 12:12 PM

کسانوں کے بھوک ہڑتالی کیمپ کو پولیس کی گاڑی نے ماری ٹکر، ایک کسان شدید زخمی

حیدرآباد: آندھراپردیش کے تین دارالحکومتوں کے قیام کی تجویز کے خلاف کسانوں کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے خیمہ کو پولیس گاڑی کی ٹکر کے نتیجہ میں ایک کسان شدید زخمی ہوگیا۔ اس کو فوری طور پرعلاج کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسی دوران اس مسئلہ پر کسانوں کا احتجاج 12ویں دن میں داخل ہوگیا۔ کسانوں نے آج انسانی زنجیر کا اہتمام کیا۔ ساتھ ہی وجئے واڑہ کے بنز سرکل تک ریلی نکالی گئی۔ کسانوں نے دارالحکومت امراوتی بچاؤ کے نعرے لگائے۔ انہوں نے تین دارالحکومتوں کی تجویز سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس بات کو سمجھے کہ کسانوں نے دارالحکومت کی ترقی کے لئے 33 ہزارایکڑ اراضی دی ہے۔ کسانوں کے ساتھ ساتھ امراوتی بچاؤ کونسل نے کہا کہ امراوتی کو ہی دارالحکومت کے طور پر برقرار رکھنے کے حکومت کی جانب سے اعلان کیے جانے تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔


29 Dec 2019, 11:44 AM

شہریت ترمیم قانون مخالف تشدد کے سلسلے میں گجرات میں ایک اور کانگریس لیڈر گرفتار

پالن پور:گجرات میں پولیس نے شہریت ترمیمی قانون مخالف پرتشدد مظاہروں کے سلسلے میں کانگریس کے ایک اور لیڈر کو گرفتار کیا ہے۔ بناسكانٹھا ضلع کانگریس کے نائب صدر یاسین بنگلہ والا کو گزشتہ 19 دسمبر کو چھا پی شہر میں پولیس کو گھیرنے اور حملے کی کوشش سے جڑے معاملے میں پکڑا گیا ہے۔ ڈی ایس پی اے آر جنكانت نے آج یو این آئی کو بتایا کہ بغیر اجازت کے ریلی نکال رہی بھیڑ کے پولیس کا گھیراؤ کر کے تشدد کی کوشش کرنے سے منسلک معاملے میں بنگلہ والا 22 نامزد ملزمان میں سے ایک تھے۔ اس کے علاوہ 3000 نامعلوم افراد کی بھیڑ کو بھی ملزم بنایا گیا تھا۔ انہیں گزشتہ شام ان کے آبائی شہر كنودر سے پکڑا گیا۔ اس معاملے میں یہ 49 ویں گرفتاری ہے۔ مذکورہ واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل احمد آباد کے شاه عالم علاقے میں ایسے ہی ایک معاملے میں کانگریس کے كارپوریٹر شاہزاد پٹھان سمیت 50 سے زیادہ لوگوں کو پکڑا گیا تھا۔ اس کے علاوہ فیس بک پر شہریت قانون مخالف مظاہروں کو لے کر غلط پوسٹ کرنے والے ایک اور کانگریس کے لیڈر کو بھی پولیس نے پکڑا تھا۔

29 Dec 2019, 10:58 AM

خودساختہ بھگوان نتیانند کے گجرات کے آشرم کو منہدم کیاگیا

احمد آباد: خود ساختہ بھگوان سوامی نتیانند کے گجرات کے احمد آباد کے هاتھی جن علاقے میں مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے بنائے گئے آشرم کو منہدم کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ احمد آباد شہری ڈیولپمنٹ اتھارٹی (اوڈا) نے اس آشرم کو منہدم کیا ہے۔ یہ دہلی پبلک اسکول کلوریکس فاؤنڈیشن کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے لیز پر دی گئی زمین پر اسکول کے پاس ہی بنایا گیا تھا۔

آشرم اور اس کے ساتھ چل رہا اس کا اسکول کچھ وقت پہلے غلط وجوہات کی وجہ سے اس وقت سرخیوں میں آیا تھا، جب نتيانند کے ایک سابق پیروکار تمل ناڈو واقع جناردن شرما نے مقدمہ درج کراتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ان کی ایک نوجوان بیٹی اور دو نابالغ بچوں کو آشرم نے جبراً اپنے قبضے میں رکھا تھا۔ اس کے بعد آشرم میں کام کرنے والی دو لڑکیوں کو گزشتہ ماہ گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ جانچ کے دوران یہ بھی پتہ چلا کہ آشرم مذکورہ اسکول کی جانب سے غیر قانونی طریقے سے لیز پر دی گئی زمین پر واقع ہے۔ اس معاملے میں ڈی پی ایس اسکول کے پرنسپل کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔


29 Dec 2019, 10:27 AM

فجی میں طوفان، ایک کی موت، 2500 سے زائد افراد بے گھر

سووا: فجی میں طوفان ’سرائے‘ کی وجہ سے ایک 18 سالہ طالب علم کی موت ہو گئی اور ایک دوسرا شخص زخمی ہوا ہے۔ فجی کے قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفس نے بتایا کہ ملک بھر میں ’سرائے‘ کی وجہ سے 2500 سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ دفتر نے کہا ’’ایک 18 سالہ طالب علم کی ہفتہ کو شام میں كداوو میں بید مدام ندی میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ وہ دوستوں کے ساتھ تیرا کی کے دوران ندی کی تیز دھارے میں بہہ گیا‘‘۔ وہیں درخت گرنے کی وجہ سے دارالحکومت سووا میں ایک شخص زخمی ہو گیا، جبكہ صوبہ نیٹسری میں ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ ملک بھر میں 2538 لوگ 70 پناہ گزین کیمپوں میں رہ رہے ہیں، ملک کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔