اہم خبریں: مہارشٹر حکومت کے قلمدانوں کی تقسیم، جانیں کسے کیا ملا؟

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

12 Dec 2019, 7:30 PM

مہارشٹر حکومت کے قلمدانوں کی تقسیم، جانیں کسے کیا ملا؟

مہاراشٹر حکومت کے وزراء میں قلمداوں کی تقسیم کر دی گئی ہے، جو اس طرح ہے

  • شیوسینا کے ایکناتھ شندے کو شہری ترقی، ماحولیات، پی ڈبلیو ڈی، سیاحت اور پارلیمانی امور
  • این سی پی کے چھگن بھجبل کو دیہی ترقی، سماجی انصاف، آبی وسائل اور ایکسائز
  • شیوسینا کی سبھاش دیسائی کو صنعت، اعلی اور تکنیکی تعلیم، محکمہ کھیل اور نوجوان، محکمہ روزگار
  • کانگریس کے نتن راوت کو قبائلی ترقی، او بی سی ڈویلپمنٹ، بہبود خاتون و اطفال اور راحت اور بحالی
  • کانگریس کے بالا صاحب تھوراٹ کو ریوینیو، اسکولی تعلیم، مویشی اور ماہی پروری
  • این سی پی کے جینت پاٹل کو خزانہ اور منصوبہ بندی، ہاؤسنگ، غذائی ترسیل اور اجرت
12 Dec 2019, 6:47 PM

کیرالہ شہریت ترمیمی بل کو قبول نہیں کرے گا، وزیر اعلی پنارائی وجین

کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے شہریت ترمیمی بل پر کہا کہ کیرالہ اس بل کو کبھی قبول نہیں کرے گا کیوں کہ یہ غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا، مرکزی حکومت ہندوستان کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ نیز، حکومت ملک میں مساوات اور سیکولرازم کو ختم کرنے کی سازش رچ رہی ہے۔

12 Dec 2019, 6:11 PM

جھارکھنڈ میں تیسرے مرحلے کی ووٹنگ ختم، 61.93 فیصد پولنگ درج

رانچی: جھارکھنڈ میں تیسرے مرحلےمیں آج 17 اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ پرامن طریقے سے ختم ہوگئی اور اس دوران تقریبا 93ء61 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

ریاستی الیکشن کمیشن دفتر کے ذرائع نے یہاں بتایا کہ ریاست کے 17 اسمبلی حلقوں کوڈرما، برکٹا، برہی، بڑکاگاؤں، رام گڑھ، مانڈو، ہزاری باغ، سمریا (ریزرو)، دھنوار، گومیا، بیرمو،ایچاگڑھ، سلی، کھجری ،رانچی، ہٹیا اور کانے کےلئے زبردست سلامتی کے انتظامات کے درمیان پرامن طریقے سے ووٹنگ شام پانچ بجے ختم ہوگئی۔اس دوران تقریبا 93ء61 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
ووٹنگ ختم ہونے پر سلی حلقہ میں سب سے زیادہ 98ء76 فیصد ووٹنگ ہوئی جبکہ سب سے کم 1ء49 فیصد ووٹنگ رانچی میں ہوئی۔


12 Dec 2019, 5:11 PM

آسام: شہریت ترمیمی بل کے خلاف تشدد جاری، کئی افسروں کے تبادلے، 10 اضلاع میں انٹرنیٹ بند

آسام میں شہریت ترمیمی بل 2019 کے خلاف پرتشدد مظاہروں کا دور جاری ہے اور اس بے قابو حالات کو دیکھتے ہوئے کئی افسروں کا تبادلہ بھی کر دیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق آسام پولس چیف کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ آسام کے تقریباً 10 اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی طرح سے حالات کو قابو میں کیا جا سکے۔

12 Dec 2019, 4:25 PM

ایودھیا فیصلہ: سپریم کورٹ نے نظرثانی کی سبھی عرضیوں کو کیا خارج

سپریم کورٹ نے ایودھیا معاملہ پر 9 نومبر کو سنائے گئے فیصلہ کے خلاف داخل سبھی 18 نظرثانی عرضیوں کو میرٹ کی بنیاد پر خارج کر دیا ہے۔


12 Dec 2019, 4:13 PM

بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ عبدالمومن نے دورۂ ہند رد کیا

بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے کے عبدالمومن نے اپنا دورۂ ہند رد کر دیا ہے۔ 12 سے 14 دسمبر کے درمیان وہ ہندوستان کے دورہ پر آنے والے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ریاستی وزیر میڈرڈ میں ہیں، خارجہ سکریٹری ہیگ میں ہیں، اس لیے میں ’بدھی جیوی دیبوش‘ میں حصہ نہیں لے پاؤں گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں اپنے ڈائریکٹر جنرل کو پروگرام میں حصہ لینے کے لیے بھیج رہا ہوں۔ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے کے عبدالمومن نے ایسے وقت میں ہندوستان کا دورہ رد کیا جب ملک کے الگ الگ حصوں میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف مظاہرہ ہو رہا ہے۔ عبدالمومن خود اس بل کو لے کر سخت اعتراض ظاہر کر چکے ہیں۔

12 Dec 2019, 3:32 PM

مہاراشٹر: بی جے پی لیڈر پنکجا منڈے نے یک روزہ بھوک ہڑتال کا کیا اعلان

مہاراشٹر میں بی جے پی میں مچی ہلچل کے درمیان پنکجا منڈے نے یک روزہ ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ یہ ہڑتال 27 جنوری 2020 کو کریں گی۔ انھوں نے بتایا کہ ان کا یہ ہڑتال کسی پارٹی کے خلاف نہیں ہے اور نہ ہی وہ پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ رکھتی ہیں، بلکہ یہ بھوک ہڑتال اس لیے ہے تاکہ لیڈرشپ کی توجہ مراٹھواڑا کے مسائل کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔


12 Dec 2019, 2:55 PM

آسام: ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولس لاء اینڈ آرڈر کا تبادلہ

آسام میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ اس درمیان لاء اینڈ آرڈر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولس مکیش اگروال کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ انھیں اب ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولس (سی آئی ڈی) کی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔

12 Dec 2019, 2:13 PM

مغربی بنگال: سی اے بی اور این آر سی سے متعلق ممتا بنرجی کی اہم میٹنگ 20 دسمبر کو

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سی اے بی اور این آر سی سے متعلق ایک انتہائی اہم میٹنگ 20 دسمبر کو طلب کی ہے۔ اس میٹنگ میں ترنمول کانگریس کے لیڈران شرکت کریں گے اور تبادلہ خیال اس بات پر ہوگا کہ کس طرح سی اے بی اور این آر سی سے منسلک اندیشوں کو دور کیا جا سکتا ہے اور اس بل سے عوام کو ہونے والی پریشانیوں کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔


12 Dec 2019, 1:34 PM

شہریت ترمیمی بل 2019: آسام میں مظاہرین پر پولس نے کی فائرنگ، کئی افراد زخمی

شہریت ترمیمی بل 2019 کے خلاف آسام میں احتجاجی مظاہرے نے مزید شدت اختیار کر لی ہے اور ایسی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ پولس نے مظاہرین پر کھلی فائرنگ کر دی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس فائرنگ میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فی الحال کسی ہلاکت کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔

12 Dec 2019, 12:59 PM

کشمیر سے کنیا کماری تک حالات خراب، لیکن شمال مشرق میں حالت سب سے بدتر: غلام نبی آزاد

کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے آسام کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک میں کشمیر سے کنیا کماری تک حالات خراب ہیں، لیکن شمال مشرقی ریاستوں میں حالت سب سے زیادہ بدتر ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’دونوں ایوان میں شہریت ترمیمی بل 2019 پاس ہونے کے نتیجہ میں حالات بے قابو ہو رہے ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں کے لوگ مذہب سے اوپر اٹھ کر اس بل کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔‘‘


12 Dec 2019, 12:06 PM

پی ایم مودی بھول گئے کہ آسام میں انٹرنیٹ بند ہے، کانگریس نے کیا طنز

پی ایم مودی نے ٹوئٹ کے ذریعہ آسام کے لوگوں سے نہ گھبرانے کی اپیل کی ہے۔ اس ٹوئٹ پر کانگریس نے طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’آسام میں ہمارے بھائی-بہن آپ کے پیغامات کو نہیں پڑھ سکتے مودی جی، اگر آپ بھول گئے ہیں تو بتا دیں کہ ان کا انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ہے۔‘‘

12 Dec 2019, 11:13 AM

آسام میں پرتشدد مظاہروں کے سبب رنجی ٹرافی میچ کے بعد انڈین سپر لیگ بھی ملتوی

آسام میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف پرتشدد مظاہرے جاری ہیں۔ ان مظاہروں کے پیش نظر شہر میں ہونے والے فٹ بال میچ اور کرکٹ میچوں کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ریاست سے اڑنے والی اور دوسری ریاستوں سے آنے والی پروزوں کو رد کر دیا گیا تھا اور ساتھ ہی ٹرینوں کی آمد و رفت میں بند کر دی گئی ہے۔ فٹ بال اسپورٹس ڈیولپمنٹ لمیٹڈ نے انڈین سپر لیگ میچ ملتوی ہونے کی خبر دی جو کہ گواہاٹی میں نارتھ ایسٹ یونائٹیڈ ایف سی اور چنئین ایف سی کے درمیان کھیلی جانی تھی۔


12 Dec 2019, 10:54 AM

انڈین یونین مسلم لیگ نے شہریت ترمیمی بل کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی

شہریت ترمیمی بل کے خلاف آسام اور تریپورہ میں زبردست احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور ان مظاہروں کو دیکھتے ہوئے یہاں ہونے والے رنجی ٹرافی میچ کو ختم کر دی اگیا ہے۔ اس درمیان بڑی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) نے شہریت ترمیمی بل کے خلاف عرضی سپریم کورٹ میں داخل کر دی ہے۔ سینئر وکیل کپل سبل مسلم لیگ کی طرف سے وکیل ہوں گے اور مسلم لیگ نے اپنی عرضی میں شہریت ترمیمی بل 2019 کو غیر قانونی اور ناقابل قبول بتایا ہے۔

12 Dec 2019, 10:25 AM

جمعیۃ علما ہند شہریت ترمیمی بل 2019 کو سپریم کورٹ میں کرے گی چیلنج

شہریت ترمیمی بل 2019 لوک سبھا کے بعد راجیہ سبھا میں بھی پاس ہو چکا ہے اور اس پر اب صرف صدر جمہوریہ کے دستخط کی ضرورت ہے۔ لیکن اس درمیان جمعیۃ علماء ہند کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ نے بھی شہریت ترمیمی بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس معاملے میں جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے کپل سبل وکیل ہوں گے۔


12 Dec 2019, 9:38 AM

سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جھارکھنڈ میں تیسرے مرحلے کی ووٹنگ جاری

جھارکھنڈ اسمبلی الیکشن کے تیسرے مرحلہ کے تحت 17 سیٹوں پر ہونے والی ووٹنگ کی تیاری پوری ہو گئی ہے۔ رانچی، ہٹیا، رام گڑھ، کانکے اور برکٹھا اسمبلی حلقوں میں صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ باقی اسمبلی حلقوں میں 3 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔

تیسرے مرحلہ میں 309 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، ان میں 32 خواتین ہیں۔ اس مرحلہ میں سب سے زیادہ 5618267 ووٹرس اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ اس میں مرد ووٹروں کی تعداد 2937976 ہے۔ وہیں، خواتین کی تعداد 2680205 ہے۔

گزشتہ الیکشن میں ان 17 سیٹوں میں سے 7 پر بی جے پی، 3 پر جھارکھنڈ مکتی مورچہ، 3 پر جے وی ایم، 2 پر کانگریس اور 1-1 سیٹ پر آجسو اور سی پی آئی ایم کے امیدوار جیت کر اسمبلی پہنچے تھے۔ اس مرحلہ میں بی جے پی کے لیے اپنی سیٹ بچانے کا بھی چیلنج ہوگا، کیونکہ اس مرحلہ میں ان 4 سیٹوں پر بھی ووٹنگ ہو رہی ہے جہاں پارٹی بدل کر انتکابی جنگ میں اترے امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

12 Dec 2019, 8:45 AM

ایودھیا کیس: 18 نظرثانی عرضیوں پر آج غور کرے گا سپریم کورٹ

ایودھیا اراضی تنازعہ معاملہ میں 9 نومبر کو سپریم کورٹ کے ذریعہ دیے فیصلے کے خلاف داخل نظرثانی عرضیوں پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی صدارت والی 5 رکنی آئینی بنچ دوپہر قریب 1.40 بجے 18 نظرثانی عرضیوں پر سماعت کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔