اہم خبریں: پرمود ساونت ایک بار پھر بنیں گے گوا کے وزیر اعلیٰ، میٹنگ میں لگی مہر

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

21 Mar 2022, 7:35 PM

پرمود ساونت پھر بنیں گے گوا کے وزیر اعلیٰ، بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں لگی مہر

گوا میں ایک بار پھر پرمود ساونت وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں۔ بی جے پی کے مرکزی نگراں نریندر سنگھ تومر نے آج گوا قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے بعد کہا کہ سبھی نے اتفاق رائے سے پرمود ساونت کو لیڈر منتخب کیا ہے۔ وہ آئندہ 5 سال تک قانون ساز پارٹی کے لیڈر رہیں گے۔ لیڈر چنے جانے کے بعد ساونت نے پی ایم مودی اور امت شاہ کا شکریہ ادا کیا۔

21 Mar 2022, 5:47 PM

پنجاب کی عآپ حکومت میں محکموں کی تقسیم، بھگونت مان نے محکمہ داخلہ اپنے پاس رکھا

پنجاب کے نومنتخب وزیراعلیٰ بھگونت مان نے اپنی کابینہ میں محکموں کی تقسیم کر دی ہے۔ مان نے محکمہ داخلہ کو اپنے پاس رکھا ہے۔ ہرپال چیمہ کو فنانس، گرمیت سنگھ میٹ ہیر کو تعلیم، ڈاکٹر وجے سنگلا کو صحت، ہرجوت ایس بینس کو قانون اور سیاحت کا قلمدان دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر بلجیت کور کو سماجی تحفظ، خواتین اور بچوں کی ترقی، ہربھجن سنگھ کو ای ٹی او بجلی، لال چند کٹاروچک کو فوڈ اینڈ سپلائیز، کلدیپ سنگھ دھالیوال کو دیہی ترقی اور پنچایتی محکمہ دیا گیا ہے۔ لعل جیت سنگھ بھلر کو ٹرانسپورٹ اور برہم شنکر جیمپا کو پانی کے ساتھ آفات کی وزارت دی گئی ہے۔

21 Mar 2022, 4:29 PM

چین میں 132 مسافروں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ

ناننگ: جنوبی چین کے گوانگشی زوانگ علاقے میں پیر کی سہ پہر ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں 132 مسافر سوار تھے۔ حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے حکام نے بتایا کہ کنمنگ سے گوانگزو جانے والا چینی ایسٹرن ایئرلائن کا بوئنگ 737 صوبہ ووزو شہر کے ٹینگزیان میں گر کر تباہ ہو گیا اور پھر اس میں آگ لگ گئی۔ چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ 132 افراد میں سے 123 مسافر اور عملے کے نو اراکین تھے۔ تاہم اس حادثے میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔


21 Mar 2022, 1:38 PM

محبت سے انکار کرنے پر نوجوان نے لڑکی کا گلا کاٹ دیا

حیدرآباد: محبت سے انکار کرنے پر ایک نوجوان نے لڑکی کا گلا کاٹ دیا۔ یہ واردات آندھراپردیش کے ضلع نیلور کے وینکٹ گری علاقہ میں پیش آئی۔ لڑکی کی شناخت انٹرمیڈیٹ میں زیرتعلیم 18سالہ جیوتیکا کے طور پر کی گئی ہے۔ سی کرشنا نامی نوجوان اس لڑکی کو محبت قبول کرنے کے لئے اصرار کر رہا تھا، تاہم لڑکی نے محبت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ لڑکی پیر کو کالج پہنچی تاہم لڑکے نے چاقو سے اس کا گلا کاٹ دیا اور وہاں سے فرار ہوگیا۔ اس زخمی لڑکی کو علاج کے لئے فوری طورپر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ زیرعلاج ہے۔ لڑکی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔ پولیس نے مفرور حملہ آور کی تلاش شروع کردی ہے۔

21 Mar 2022, 12:20 PM

ملک میں کووڈ ویکسین لینے والوں کی تعداد 181.24 کروڑ سے متجاوز

نئی دہلی: کووڈ ویکسینیشن مہم کے تحت ملک بھر میں 181.24 کروڑ سے زیادہ افراد کووڈ ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے پیر کو یہاں بتایا کہ آج صبح 7 بجے تک 181 کروڑ 24 لاکھ 97 ہزار 303 افراد کووڈ ویکسین دی گئی ہیں۔ وزارت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ وائرس کے ایک ہزار 549 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 25 ہزار 106 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ متاثرہ کیسز کا 0.06 فیصد ہے۔ یومیہ کیسز کی شرح 0.40 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت نے کہا کہ اسی مدت میں دو ہزار 652 مریض جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے اور اب تک مجموعی طور پر چار کروڑ 24 لاکھ 67 ہزار 774 لوگ کووڈ سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ کورونا سے بحالی کی شرح 98.74 فیصد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں تین لاکھ 84 ہزار 499 کووڈ ٹسٹ کیے گئے ہیں۔ ملک میں کل 78 کروڑ 30 لاکھ 45 ہزار 157 کووڈ ٹسٹ کیے جاچکے ہیں۔


21 Mar 2022, 9:08 AM

حوثیوں کا آرامکو کے ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر ڈرون حملہ

الریاض: جدہ میں حوثیوں نے آرامکو کے پیٹرولیم مصنوعات کے ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر ڈرون حملہ کیا۔ عرب اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈرون حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ایک آئل ٹینک میں محدود پیمانے پر آگ لگی تھی جس پر قابو پالیا گیا ہے۔ ادھر سعودی اتحادی فورسز نے حوثی باغیوں کی بارود سے بھری کشتی تباہ کر دی ہے۔ سعودی ٹی وی کے مطابق ایران سے جڑے گروپ کی دھماکہ خیز مادہ سے لدی کشتی کو یمن کے ساحلی شہر حدیدہ کے نزدیک تباہ کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔