اہم خبریں: بی جے پی نے عوام کی خوشیاں چھین لیں... کانگریس

کانگریس پارٹی / آئی اے این ایس
کانگریس پارٹی / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

20 Mar 2022, 4:32 PM

بی جے پی نے عوام کی خوشیاں چھین لیں... کانگریس

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی پالیسیوں نے ملک کے لوگوں کی خوشیاں چھین لی ہیں جس کے نتیجے میں 146 ممالک کی خوشی کی فہرست میں ہندوستان 136 ویں نمبر پر ہے۔ کانگریس نے اتوار کو اپنے آفیشل پیج پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ "بی جے پی حکومت کی پالیسیوں نے ملک کے لوگوں کی خوشیاں چھیننے کا کام کیا ہے۔ اس کا اثر ورلڈ ہپی نیس رپورٹ میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔‘‘

20 Mar 2022, 3:24 PM

کینیڈا، مسجد میں کلہاڑی سے حملہ، متعدد نمازی زخمی

اوٹاوا: کینیڈا کے شہر مسیساگا میں واقع مسجد میں ایک شخص نے کلہاڑی کے ذریعے حملہ کر کے متعدد افراد کو زخمی کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فجر کی نماز کے وقت مذکورہ ملزم کلہاڑی سے حملہ آور ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ متاثرہ مسجد دارالتوحید اسلامک سینٹر کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق نمازیوں نے 24 سالہ حملہ آور کو قابو میں کر کے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ دوسری جانب کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے مسجد پر کلہاڑی سے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ایسے پُرتشدد واقعات کی کینیڈا میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میں ان لوگوں کے حوصلے پر بھی داد دینا چاہتا ہوں جو آج صبح وہاں موجود تھے۔ پولیس حملہ آور سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔

20 Mar 2022, 1:48 PM

طوفان کے خطرے کے پیش نظرانڈمان جانے والی پانچ پروازیں منسوخ

چنئی: طوفان کے خطرے کی وجہ سے مسافروں کی تعداد کم ہونے سے چنئی ہوائی اڈے سے انڈمان جانے والی پانچ پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ طوفان کے سبب کئی مسافروں کے ذریعہ اپنی بکنگ منسوخ کئے جانے کے بعد ہوائی اڈے کے حکام نے اتوار کو پورٹ بلیئر کے لیے جانے والی پانچ پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ ہوائی اڈے کے ذرائع نے بتایا کہ انڈمان جزائر سے کل ایک گردابی طوفان کے ٹکرانے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر انڈمان کے تمام سیاحتی مقامات کو منگل تک بند کر دیا گیا ہے اور سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جزیرے کا سفر منسوخ کر دیں۔


20 Mar 2022, 12:49 PM

ملیشیا میں کورونا وائرس کے مزید 22341 نئے معاملے، 85 ہلاک

کوالالمپور: ملیشیا میں کورونا وائرس (کووڈ-19) کی وبا کے مزید 22,341 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 39,51,678 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ وزارت صحت سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق نئے تصدیق شدہ کیسز میں سے 521 باہر کے لوگوں سے ہیں اور 21,817 مقامی انفیکشن کے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسی عرصے کے دوران 85 مریضوں کی موت ہو چکی ہے جس کے ساتھ ہی ملک میں اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 43 ہزار 329 ہو گئی ہے۔ اس دوران 33,347 مریض کووڈ سے شفایاب ہوئے ہیں جس سے اس ملک میں اب تک 3,656,415 افراد اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

20 Mar 2022, 11:21 AM

ارجنٹائنا کی رگبی ٹیم کے سابق کھلاڑی کا پیرس میں گولی مار کر قتل

پیرس: ارجنٹائنا کی رگبی ٹیم کے 42 سالہ سابق کھلاڑی فیڈریکو ارامبورو کو فرانس میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کی راجدھانی پیرس میں گاڑی میں سوار ملزمان نے فیڈریکو ارامبورو پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فیڈریکوا رامبورو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق فیڈریکو ارامبورو کی صبح ایک بار میں چند افراد سے تکرار ہوئی تھی جس کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق کھلاڑی کے قتل کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 42 سالہ فیڈریکو 2007 کے رگبی ورلڈکپ میں ارجنٹائنا کی ٹیم کا حصہ تھے۔


20 Mar 2022, 9:08 AM

روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کا 25واں دن، کیو میں اب تک 228 افراد ہلاک

روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کا آج 25 واں دن ہے۔ یوکرین پر روسی بمباری جاری ہے۔ ادھر یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے حملوں کے بعد سے کیو میں 228 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی حملے میں دارالحکومت کیو میں چار بچوں کی جانیں بھی گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔