اہم خبریں: لارڈس میں ہندوستان نے لہرایا فتح کا پرچم، سراج نے انگلینڈ کو کیا پست

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

16 Aug 2021, 11:11 PM

ہندوستان نے لارڈس ٹیسٹ 151 رن سے جیت لیا، انگلینڈ کی دوسری اننگ 120 رن پر سمٹی

انگلینڈ کے خلاف لارڈس ٹیسٹ میں ہندوستان نے فتح کا پرچم لہرا دیا ہے۔ پانچویں دن جب یہ میچ ختم ہوا تو تقریباً 8 اوور کا کھیل ہی باقی رہ گیا تھا۔ جوس بٹلر اور رابنسن نے ایک وقت میچ کو ڈرا کی طرف بڑھا دیا تھا، لیکن جب بمراہ نے رابنسن کو آؤٹ کر دیا تو اس کے اگلے ہی اوور میں محمد سراج نے خطرناک گیندبازی کرتے ہوئے دیر سے جمے ہوئے جوس بٹلر کو، اور پھر نئے بلے باز جیمس اینڈرسن کو پویلین بھیج کر جیت ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیا۔ انگلینڈ دوسری اننگ میں صرف 120 رن بنا سکی۔ اس طرح ہندوستان لارڈس ٹیسٹ 151 رن سے جیت گیا۔ دوسری اننگ میں محمد سراج نے سب سے زیادہ 4 وکٹ حاصل کیے، جب کہ جسپریت بمراہ کو 3، ایشانت شرما کو 2 اور محمد سمیع کو 1 وکٹ حاصل ہوا۔ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 33 رن کپتان جو روٹ نے بنائے۔

16 Aug 2021, 11:04 PM

محمد سراج نے بٹلر کو بھی کیا آؤٹ، ہندوستان جیت سے 1 وکٹ دور

لارڈس ٹیسٹ پر ہندوستان کی گرفت انتہائی مضبوط ہو گئی ہے کیونکہ ایک طرف جسپریت بمراہ نے کافی دیر سے جمے ہوئے اولی رابنسن کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر پویلین بھیج دیا، اور پھر اگلے ہی اوور میں محمد سراج نے بہترین بلے بازی کر رہے جوس بٹلر کو رشبھ پنت کے ہاتھوں آؤٹ کرا دیا۔ اس وقت انگلینڈ کا اسکور 9 وکٹ کے نقصان پر 120 رن ہے۔ گویا کہ انگلینڈ کو جیت کے لیے 150 سے زائد رن بنانے ہیں اور ہندوستان کو صرف 1 وکٹ کی ضرورت ہے۔ پانچویں دن کے کھیل کا ابھی تقریباً 8 اوور باقی ہے۔

16 Aug 2021, 10:19 PM

لارڈس ٹیسٹ: محمد سراج نے لگاتار دو گیندوں پر معین علی اور سیم کرن کو کیا آؤٹ

لارڈس ٹیسٹ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے کیونکہ آخری سیشن میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 182 رنوں کی ضرورت ہے اور اس کے 7 وکٹ آؤٹ ہو چکے ہیں۔ محمد سراج نے لڑکھڑاتی ہوئی انگلینڈ کی پاری کو اس وقت دو زبردست جھٹکے دیے جب معین علی اور جوس بٹلر بہت سمجھداری کے ساتھ بلے بازی کر رہے تھے۔ محمد سراج نے معین علی اور پھر اس کے بعد آنے والے بلے باز سیم کرن کو لگاتار دو گیندوں پر کیچ آؤٹ کرا کر بیک فٹ پر ڈال دیا ہے۔ اس وقت انگلینڈ کا اسکور 7 وکٹ کے نقصان پر 90 رن ہے۔


16 Aug 2021, 9:49 PM

اوبی سی ریزرویشن کے معاملے میں مرکز نے خالص دھوکہ دیا ہے: شرد پوار

ممبئی: دو سال پہلے مرکزی حکومت نے ریاستوں سے ان کے اختیارات چھین لیے۔ اب پارلیمنٹ میں آئین میں ترمیم کرکے ریاستوں کو او بی سی سے متعلق فہرستیں بنانے کا حق دیا ہے، جس سے بہتوں نے یہ سمجھا کہ مرکزی حکومت نے اوبی سیز سے متعلق کوئی بہت اہم قدم اٹھایا ہے جبکہ سچائی یہ ہے کہ اوبی سی ریزرویشن کے معاملے میں مرکزی حکومت نے خالص دوھوکہ دیا ہے۔یہ سنگین الزام آج یہاں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی سربراہ شردپوار نے پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران عائد کیا ہے۔ شردپوار نے کہا کہ 1992 میں 9 ججوں کی بینچ نے اندراساہنی بمقابلہ حکومت ہند کے مقدمے میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ 50 فیصد سے زیادہ ریزرویشن نہیں دیا جاسکتا۔ اسی دوران اس میں 10 فیصد اضافہ کرنے کے لیے آئین میں ایک اور ترمیم کی گئی۔اس میں کہا گیا کہ ریاستی حکومتیں فہرست بناکر اوبی سیز کو ریزرویشن دے سکتی ہیں۔ لیکن درحقیقت اس ترمیم کاکوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ آج ملک میں تقریبا 90فیصد ریاستوں میں 50فیصد سے زائدریزرویشن ہے۔مدھیہ پردیش، تامل ناڈو، ہریانہ، راجستھان، لکش دیپ، ناگالینڈ، میزورم، میگھالیہ، اروناچل پردیش، مہاراشٹر، تلنگانہ، تریپورہ، جھارکھنڈ، اتر پردیش،ہماچل پردیش، گجرات اورکرناٹک وغیرہ میں ریزرویشن کی شرح 50فیصد سے زائد ہے۔ اس لیے ریاستوں کو اختیار دیا گیا، اس میں سچائی نہیں ہے۔ مرکزی حکومت نے مکمل او بی سی طبقے کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اسے لوگوں کے سامنے لائیں۔راشٹروادی کی کوشش ہے کہ مرکزنے جودھوکہ کیا ہے اس معاملے میں تمام اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کیا جائے۔

16 Aug 2021, 8:46 PM

لارڈس ٹیسٹ: کپتان جو روٹ بھی پویلین واپس، انگلینڈ کی نصف ٹیم 67 رن پر آؤٹ

ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے چائے کے بعد تیسری ہی گیند پر انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کو پویلین بھیج کر ہندوستان کے لیے جیت کی راہ کو مزید آسان کر دیا ہے۔ جو روٹ محض 33 رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور اس وقت ٹیم کا اسکور 5 وکٹ پر 67 رن ہے۔ ابھی انگلینڈ کو جیت کے لیے مزید 205 رنوں کی ضرورت ہے اور آج پانچویں و آخری دن تقریباً 37 اوور کا کھیل باقی ہے۔


16 Aug 2021, 8:20 PM

لارڈس ٹیسٹ: ہندوستان نے انگلینڈ کے 4 کھلاڑیوں کو محض 67 رن پر بھیجا پویلین

لارڈس ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کی پوزیشن مضبوط نظر آ رہی ہے۔ دوسری اننگ میں ہندوستان نے 298 رن پر اپنی اننگ ڈکلیئر کر دی، جس کے بعد انگلینڈ کے سامنے جیت کے لیے 272 رن کا ہدف ہے۔ لیکن انگلینڈ نے محض 67 رن پر 4 وکٹ گنوا دیے ہیں۔ کپتان جو روٹ دیوار بن کر ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے کھڑے ہوئے ہیں، اگر ان کا وکٹ جلد مل جاتا ہے تو ہندوستان کے لیے جیت مزید آسان ہو جائے گا۔ اب تک برنس، سبلی، حمید اور بیرسٹو آؤٹ ہو چکے ہیں۔ بیرسٹو چائے سے قبل آخری گیند پر ایشانت شرما کا شکار بنے۔

16 Aug 2021, 6:43 PM

دہلی: 9 سالہ دلت بچی کی عصمت دری اور قتل کے خلاف جنتر منتر پر کینڈل مارچ کا انعقاد

دہلی کینٹ میں 9 سالہ دلت بچی کے ساتھ عصمت دری اور قتل معاملے کو لے کر 16 اگست کی دہلی کے جنتر منتر پر شام 6.30 بجے کینڈل مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سابق رکن پارلیمنٹ اور کانگریس لیڈر ڈاکٹر ادت راج کے علاوہ کئی معزز پروفیسر، وکیل اور ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ سماجی کارکنان بھی موجود ہیں۔


16 Aug 2021, 5:29 PM

مہاراشٹر: دوبارہ لاک ڈاؤن کی وارننگ، ممبئی میں عوامی مقامات کے لیے رعایت کا فیصلہ

ممبئی: ممبئی میں کووڈ-19 کے معاملات میں کمی کے پیش نظر ممبئی میونسپل کارپوریشن نے چند رعایتیں دینے کا فیصلہ کیا ہے،لیکن گزشتہ روز احتیاطی تدابیر نہیں کرنے سے ناراض وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے وارننگ دی تھی کہ اگر احتیاط نہیں کیاگیا تو دوبارہ سخت لاک ڈاؤن لگایا جاسکتا ہے۔بی ایم سی نے میدان،گارڈن اور ساحل پر رات 10بجے جانے کی اجازت دے دی ہے۔ بی ایم سی نے اپنی ہدایات میں کہاہے کہ اس دوران عوام۔کو کوویڈ19 کے پروٹوکول کاخیال رکھناہوگا۔ گزشتہ روز سے حکومت نے چند شرائط پر لوکل ٹرینوں میں سفر کی اجازت دے دی ہے۔پہلے سرکاری،نیم سرکاری ملازمین کو اس کی اجازت تھی۔جن لوگوں نے دونوں خوراک لگالی ہیں انہیں لوکل میں سفر کی اجازت ہوگی ،یوم آزادی سے اس کی اجازت دی گئی ہے۔

16 Aug 2021, 4:55 PM

کنّور حادثہ: دو مزید لاشیں برآمد، مہلوکین کی تعداد 25 ہو گئی

شملہ: ہماچل پردیش کے کنور ضلع میں گزشتہ بدھ کو نگلسری میں تودے گرنے اور گاڑیوں سمیت کئی لوگوں کے ملبہ میں دب جانے کے حادثہ میں آج مزید دو لوگوں کی لاشیں ملنے سے حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 25 ہوگئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر عابد حسین صدیقی نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ میں سات لوگ ابھی لاپتہ ہیں جنہیں تلاش کیا جارہا ہے۔


16 Aug 2021, 4:29 PM

تھوک مہنگائی میں زبردست اضافہ، جولائی میں 11.16 فیصد تک پہنچ گیا

نئی دہلی: ایندھن کے ساتھ ساتھ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کے ساتھ تھوک مہنگائی رواں سال جولائی میں دو ہندسوں تک پہنچ گئی اور گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں اسی مہینے میں یہ شرح بڑھ کر 11.16 فیصد تک پہنچ گئی وزارت تجارت و صنعت کی جانب سے آج یہاں جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2020 میں یہ شرح 0.25 فیصد تھی لیکن اس سال اس میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ جون 2021 میں 0.60 فیصد تھی۔ تھوک مہنگائی میں دوگنا اضافہ پٹرولیم مصنوعات اور قدرتی گیس نیز معدنی تیل، تیار شدہ مصنوعات وغیرہ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے درج کیا گیا ہے۔

16 Aug 2021, 3:30 PM

سپریم کورٹ کے باہر دو لوگوں نے کی خود سوزی کی کوشش

نئی دہلی: ایک خاتون اور ایک مرد نے پیر کو قومی دارالحکومت میں سپریم کورٹ کے باہر خود سوزی کی کوشش کی۔ نئی دہلی کے ڈپٹی پولیس کمشنر دیپک یادو نے بتایا کہ ایک مرد اور ایک خاتون نے مبینہ طور پر سپریم کورٹ کے باہر خود سوزی کی کوشش کی ہے۔ آگ سے زخمی ہونے والے دونوں متاثرین کو رام منوہر لوہیا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔


16 Aug 2021, 2:30 PM

کابل ایئر پورٹ پر امریکی فوجیوں کی فائرنگ سے متعدد ہلاک

ماسکو: افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ہوائی اڈے پر امریکی فوج کی فائرنگ سے کئی افراد کے ہلاک ہو نے کی اطلاعات ہیں۔ سیکورٹی فورسز کے ایک ذریعے نے یہ اطلاع پیرکو اسپوتنک کو دی۔ قبل ازیں اے ایف پی نے ایک عینی شاہد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی فوج نے ہجوم کو رن وے سے پیچھے دھکیلنے کے لئے ہوا میں فائرنگ کی۔

16 Aug 2021, 1:29 PM

آندھراپردیش میں آج سے اسکولس کھل گئے

حیدرآباد: آندھراپردیش میں آج سے اسکولس کھول دیئے گئے۔ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ان اسکولس کو گزشتہ سال اپریل میں بند کر دیا گیا تھا، تاہم آج سے ریاست میں اسکولس کو کھول دیا گیا ہے۔ پہلے دن طلبہ کی کثیرتعداد اسکولس پہنچی۔ اسکولس کے ساتھ ساتھ جونیر کالجس بھی کھول دیئے گئے ہیں۔ کورونا کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پہلی تا دسویں جماعت کی کلاسس کا آغاز کیا گیا۔ کلاسس میں ماسک، سماجی فاصلہ اور تھرمل اسکریننگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسکولس کو کھولنے کا فیصلہ وزیراعلی جگن موہن ریڈی کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں 23جولائی کو لیا گیا۔ اسکولس میں آج تہوار جیسا ماحول ہے کیونکہ طلبہ کافی دنوں تک تعلیمی سرگرمیوں سے دور رہنے کے بعد شخصی کلاسس میں حاضر ہوئے۔ اسکولس کو ہدایت دی گئی کہ وہ کورونا سے مرنے والے افراد کے بچوں کے لئے کتابوں، تعلیمی مواد، یونیفارمس اور جوتوں کا مفت اہتمام کریں۔ پرائیویٹ اسکولس کے انتظامیہ سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے تدریسی و غیر تدریسی اسٹاف کو ٹیکوں پرتوجہ مرکوز کرے، یہ کام احتیاطی طور پر کیا جائے۔


16 Aug 2021, 12:31 PM

کانسٹبل نے خود کو گولی ماری، حالت سنگین

نئی دہلی: دلّی کے وسنت کنج تھانہ علاقے میں ایک پولیس کانسٹبل نے پیر کی صبح خود کو گولی مار لی۔ جنوب مغربی ضلع کے پولیس کمشنر انگد پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ زخمی کانسٹبل راکیش (35) کو ایمس میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کی حالت سنگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی صبح تقریباً 6 بجے کے آس پاس اطلاع ملی کہ وسنت کنج تھانہ علاقے کی پولیس پیکٹ پر راکیش نامی ایک کانسٹبل نے خود کو گولی مار لی ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس کو کانسٹبل راکیش بیہوش حالت میں ملا۔ پولیس اہلکار نے اسے فوری طور پر ایمس کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا، جہاں اس کی حالت نازک ہے۔ راکیش نے سرکاری پستول سے اپنی داہنی جانب سر میں گولی ماری۔ پولیس کے مطابق صبح کی سیر پر نکلے ایک لڑکے نے پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ موقع پر کرائم اور ایف ایس ایل کی ٹیم نے پہنچ کر تفتیش کی، مزید جانچ جاری ہے۔

16 Aug 2021, 10:58 AM

نائجیریا، سڑک حادثے میں 21 لوگوں کی موت

لاگوس: نائجیریا کی شمال ریاست جیگاوا میں ایک بس اور ٹرک ٹوٹے کلورٹ پر گر جانے سے کم از کم 21 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے ترجمان لوان شیسو نے بتایا کہ حادثہ اتوار کو ریاست کے گوارم علاقے کے رادابی گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا جب دونوں گاڑیاں سیلاب کے پانی سے ڈھکے ہوئے ٹوٹے کلورٹ پر گر گئیں۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح 6 بجے ہمیں رادابی گاؤں سے فون آیا کہ گوارم۔ بسرکا روڈ پر سڑک حادثہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کے ایک مقامی ڈاکٹر نے حادثے میں 21 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جو کہ واقعہ کے بعد موقع پر پہنچ گئے تھے۔ اس حادثے میں ایک مسافر بچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔


16 Aug 2021, 9:06 AM

ہیتی میں آئے زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 1293 ہوئی

پورٹ او پرنس، کیریبیائی ملک ہیتی میں سنیچر کی صبح زلزلے کے تیز جھٹکوں سے مرنے والوں کی تعداد کم از کم 1297 ہو گئی ہے۔ ملک کی سول پروٹیکشن ایجنسی نے اتوار کو اپ ڈیٹ میں اس بات کی اطلاع دی ہے۔ ایجنسی نے اموات کی تعداد کی تفصیلات پوسٹ کی جس میں سود (خطے) میں 1054 اموات، گرینڈ اینس ڈپارٹمنٹ میں 119، نپس میں 122 اور نارڈ اویسٹ میں دو افراد کی اموات درج کی گئی ہیں۔ ایجنسی کے مطابق زخمیوں کی تعداد دوگنی سے زیادہ 5700 ہے۔ اس سے قبل ایجنسی سے نیچر کو بتایا تھا کہ 2800 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔