اہم خبریں: پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ ہوئے کورونا پازیٹو، پرائیویٹ اسپتال میں داخل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

10 May 2021, 8:31 PM

پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ این رنگاسامی کورونا کی زد میں، پرائیویٹ اسپتال میں داخل

مرکز کے زیر انتظام پڈوچیری کے نومنتخب وزیر اعلیٰ این رنگاسامی کورونا پازیٹو ہو گئے ہیں۔ طبیعت خراب ہونے کے بعد انھیں چنئی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ گورنر تملیسائی سوندرراجن نے ان کی صحت کی جانکاری لی اور جلد صحت یاب ہونے کی دعاء کی۔

10 May 2021, 3:29 PM

نقلی ریمڈیسیور انجیکشن معاملہ، اسپتال کے ڈائریکٹر سمیت تین کے خلاف معاملہ درج

جبل پور: کورونا بحران کے دوران مریضوں کو نقلی ریمڈیسیور انجیکشن مہیا کرانے کے سلسلے میں پولیس نے یہاں ایک اسپتال کے ڈائریکٹر سمیت تین افراد کے خلاف فوجداری معاملہ درج کرکے اس معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اومتی تھانہ پولیس نے کل یہاں ایک اسپتال کے ڈائریکٹر سربجیت موکھا اور اس کے دو ساتھیوں دیویش چورسیا اور سپن جین کے خلاف معاملہ درج کرکے جانچ کا آغاز کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپتال کا ڈائریکڑ اپنے ساتھیوں کے ساتھ ریمڈیسیور کے نقلی انجیکشن سپلائی کر رہا تھا۔ اس سلسلے میں گجرات پولیس سے موصولہ اطلاع کی بنیاد پر جبل پور پولیس بھی متحرک ہو گئی اور ابتدائی تفتیش کے بعد یہ معاملہ درج کیا۔ اب اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔

10 May 2021, 1:30 PM

بستر میں ٹیچر میاں اور بیوی کا کورونا سے انتقال

جگدلپور: چھتیس گڑھ کے بستر ضلع میں ایک ٹیچر کی کورونا سے موت ہوگئی۔ اس کی طلاع کے تقریباً دو گھنٹے بعد ہوم آئسولیشن میں رہ رہی ان کی بیوی کا بھی انتقال ہوگیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہاں کے سرکاری اسکول کے 49 سالہ ٹیچر کا گزشتہ صبح کورونا کے علاج کے دوران اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ اس کی اطلاع بیوی کو جب ملی تو اس کے دو گھنٹے بعد اس نے بھی دم توڑ دیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع میں کل سات متاثرہ افراد کی موت ہوئی تھی اور اب تک مجموعی طور پر کورونا سے 164 اموات ہوچکی ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ روز کورونا کے 182 نئے معاملے سامنے آئے۔


10 May 2021, 11:44 AM

ویشالی میں 200 کارٹن غیر ملکی شراب برآمد

حاجی پور: بہار کے ضلع ویشالی کے رستم پور پولیس آؤٹ علاقہ سے پولیس نے 200 کارٹن غیر ملکی شراب برآمد کی۔ پولیس ذرائع نے پیر کے روز یہاں بتایا ہے کہ اطلاع کی بنیاد پر بیریار پور گاؤں میں واقع ایک ٹھکانے پر اتوار دیر رات ایک چھاپہ مارا گیا۔ اس دوران موقع سے ہریانہ میں تیار کردہ 200 کارٹن غیر ملکی شراب برآمد کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ موقع سے کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

10 May 2021, 8:25 AM

کٹیہار میں بجلی گرنے سے ایک کی موت، چھ زخمی

کٹیہار: بہار میں کٹیہار ضلع کے بار سوئی تھانہ علاقہ میں اتوار کو بجلی گرنے سے ایک نوجوان کی موت ہوگئی اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ ظفر پور گاﺅں کے رہنے والے کچھ نوجوان مہانندا ندی کے کنارے گھونگھا چن رہے تھے۔ اسی دوران تیز بارش کے ساتھ آسمان سے بجلی گری۔ اس واقعے میں ایک نوجوان کی موت ہوگئی جبکہ چھ دیگر جھلس کر زخمی ہوگئے۔

ذرائع نے بتایاکہ متوفی کی شناخت گورکھ کمار رائے کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمی سبھی لوگوں کو مقامی بارسوئی ریفرل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دریں اثناءواقعہ کی جانکاری کے بعد موقع پر پہنچے بارسوئی کے سرکل افسر امر کمار رائے نے بتایا کہ متوفی کے اہل خانہ کو قریب آخری رسومات منصوبہ کے تحت تین ہزار روپے کی رقم دی جا رہی ہے اور متاثرہ کنبہ کو آفات مینجمنٹ فنڈ سے چار لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔