اہم خبریں: پی ایم مودی نے ’سوامی پربھوپاد‘ کی یاد میں جاری کیا 125 روپے کا سکہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

01 Sep 2021, 6:31 PM

سوامی پربھوپاد کی یاد میں پی ایم مودی نے جاری کیا 125 روپے کا سکہ

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ’سوامی پربھوپاد‘ کے 125ویں یوم پیدائش کے موقع پر 125 روپے کا سکہ جاری کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’آج ہم شریل پربھوپاد جی کی 125ویں جنم جینتی منا رہے ہیں۔ یہ ایسا ہے جیسے سادھنا کا سکھ اور سکون ایک ساتھ مل جائے۔ اسی جذبہ کو آج پوری دنیا میں شریل پربھوپاد سوامی کے لاکھوں کروڑوں مرید اور لاکھوں کروڑوں کرشن بھکت محسوس کر رہے ہیں۔‘‘

01 Sep 2021, 4:51 PM

کسانوں اور مزدوروں کی نوٹ بندی ہوئی اور مودی جی کے دوستوں کو پیسہ دیا گیا، راہل گاندھی 

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی حکومت کو نوٹ بندی کے حوالہ سے نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا ، ’’نوٹ بندی صرف کسانوں، مزدوروں چھوٹے اور درمیانے کاروباریوں، ملازم پیشہ افراد، سرکاری ملازمین اور ایماندار صنعت کاروں کے خلاف کی گئی۔ یہ پیسہ کسے دیا گیا؟ مودی جی کے 4-5 دوستوں کو۔‘‘

01 Sep 2021, 3:47 PM

کنگنا رانوت کے خلاف جاوید اختر کا ہتک عزت کا مقدمہ، بامبے ہائی کورٹ میں سماعت ملتوی

بامبے ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رانوت کی اس عرضی پر سماعت ملتوی کر دی ہے جس میں ان کے خلاف نغمہ نگار جاوید اختر کی جانب سے دائر کئے گئے ہتک عزت کے مقدمہ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ میں اب اس معاملہ کی سماعت 14 ستمبر کو کی جائے گی۔ اس سے قبل کنگنا کے وکیل نے اندھیری کورٹ کے مقدمہ میں اسٹے آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن عدالت نے ان کی درخواست کو نامنظور کر دیا۔


01 Sep 2021, 2:10 PM

معروف اداکارہ اور دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کی طبیعت ناساز، آئی سی یو میں داخل

اپنے زمانے کی بہترین اداکارہ اور شہنشاہ جذبات مرحوم دلیپ کمار کی شریک حیات سائرہ بانو کی طبیعت ناساز ہو گئی ہے۔ تین روز قبل ہائی بلڈ پریشر کی شکایت کے بعد انہیں ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں آج انہیں آئی سی میں منتقل کیا گیا ہے۔

01 Sep 2021, 1:19 PM

کرناٹک میں ایک کالج کے 32 طلبا کورونا سے متاثر، وزیر صحت کا انتظامیہ پر کارروائی کا اشارہ

کرناٹک کے کولار میں ایک ہی کالج کے 32 طلبا کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ریاست کے وزیر صحت ڈاکٹر کے سودھاکر نے اس معاملہ پر کہا، ’’تمام متاثرین کیرالہ سے لوٹے ہیں۔ میں کالج کا دورہ کروں گا، انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘


01 Sep 2021, 12:31 PM

دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانہ کی تقرری کے خلاف عرضی، مرکزی حکومت سے جواب طلب

دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانہ کی تقرری کو چیلنج کرنے والی عرضی پر دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔ یہ عرضی غیر سرکاری تنظیم سی پی آئی ایل اور ایک دیگر شخص کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ اس معاملہ کی اگلی سماعت 8 ستمبر کو ہوگی۔

01 Sep 2021, 11:51 AM

معروف مصنف اور دہلی یونیورسٹی کے استاذ پروفیسر علی جاوید کا انتقال

دہلی یونیورسٹی کے استاذ پروفیسر علی جاوید کا رات تقریباً 12 بجے انتقال ہو گیا ہے۔ علی جاوید انجمن ترقی پسند مصنفین کے کارگزار صدر بھی تھے۔ وہ تقریباً 15 دنوں سے دہلی کے جی بی پنت اسپتال میں داخل تھے۔ جہاں رات کے وقت انہیں برین اسٹروک ہوا۔ وہ اس سے پہلے بھی ایک مرتبہ برین اسٹروک کا شکار ہو چکے تھے لیکن اس مرتبہ وہ اسٹروک کو برداشت نہیں کر سکے اور دار فانی سے کوچ کر گئے۔ مرہوم کی نماز جنازہ دوپہر 2 بجے باب العلم اوکھلا میں پڑھائی جائے گی اور اس کے بعد ان کی تدفین ہوگی۔


01 Sep 2021, 10:08 AM

ہندوستان میں کورونا تقریباً 42 ہزار نئے کیسز، 460 اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 41965 نئے معاملے درج کئے گئے۔ اس دوران 33964 افراد نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 460 افراد کی جان چلی گئی۔ نئے کیسز کے بعد ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 کروڑ 28 لاکھ 10 ہزار 845 ہو گئی ہے، جن میں سے 3 کروڑ 19 لاکھ 93 ہزار 644 افراد شفایاب ہو چکے ہیں۔ فی الحال 3 لاکھ 78 ہزار 181 کیسز فعال ہیں اور مجموعی طور پر 4 لاکھ 39 ہزار سے زیادہ افراد فوت ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔