اہم خبریں: علی گڑھ میں خواتین مظاہرین کو ہٹانے پر ہوا ہنگامہ، پولیس لاٹھی چارج میں کئی زخمی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 Feb 2020, 7:45 PM

علی گڑھ میں خواتین مظاہرین کو ہٹانے پر ہوا ہنگامہ، پولیس نے کیا لاٹھی چارج، کئی زخمی

اتر پردیش کے علی گڑھ کے اوپركوٹ میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف چل رہے مظاہرے کو پولیس ہٹانے گئی تھی، اسی درمیان مظاہرین اور پولیس کے مابین ہنگامہ ہوگیا، پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کر دیا، خبروں کے مطابق پولیس لاٹھی چارج میں کئی لوگ زخمی بھی ہو گئے ہیں۔ حالات پر قابو پانے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کے گولے بھی چھوڑے ہیں۔

خبروں کے مطابق اسی دوران کچھ نوجوانوں نے ترکمان گیٹ پر قدیم نودرگا پتھواری مندر پر پتھراؤ کر دیا۔ جس کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔ خبروں کے مطابق کچھ لوگوں نے اوپركوٹ کوتوالی پر بھی پتھراؤ کیا۔

23 Feb 2020, 5:45 PM

شاہین باغ میں مظاہرہ پرامن، ناکہ بندی سے پریشانی: حبیب اللہ

نئی دہلی: راجدھانی کے شاہین باغ مظاہرہ معاملے میں مداخلت کی عرضی دائر کرنے والے سابق چیف اطلاعات افسر وجاہت حبیب اللہ نے متعلقہ علاقے میں پولس نے پانچ جگہ ناکہ بندی کرکے راہ گیروں کو ہونے والی پریشانیوں کی اہم وجہ بتائی ہے۔ محبیب اللہ نے سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کرکے شاہین باغ علاقے میں دہلی پولس کی پانچ جگہ پر ناکہ بندی کو بے وجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہین باغ میں پرامن مظاہرہ ہو رہا ہے۔ پولس بند راستے کھولے تو آمدورفت معمول کے مطابق ہوجائے جس سے لوگوں کو پریشانی ہو رہی ہے۔

انہوں نے شاہین باغ علاقے میں پولس کے ذریعہ راستہ بند کرنا غیرضروری قرار دیا اور کہا کہ پولس جانچ کے بعد اسکول وین اور ایمبولنس کو ان سڑکوں سے گزرنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے، نیشنل پاپولیشن رجسٹر(این پی آر) اور قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) پر حکومت کو مظاہرین سے بات چیت کرنی چاہیے۔

فی الحال شاہین باغ کے سلسلے میں پیر کو یعنی 24 فروری کو ملک کی سپریم کورٹ میں سماعت ہونی ہے ایسے میں سماعت کے ایک دن پہلے حبیب اللہ نے اتوار کو اعلی ترین عدالت میں اپنی رپورٹ سونپ دی ہے۔

23 Feb 2020, 5:30 PM

دلت نوجوان سے مار پیٹ کے دو ملزم گرفتار

جیسلمیر: راجستھان کے فتح گڑھ سب ڈویژن کے سانگڈ تھانہ علاقہ کے راما گاؤں میں پولیس نے تین دلت نوجوانوں کے ساتھ ہجوم کی مار پیٹ کرنے کا ویڈیو وائرل ہونے پر آج دو ملزموں کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کرن کنگ نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ملزمین کی شناخت بھوانی دان اور گھیور دان کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں 9 دیگر نوجوانوں کو نامزد کیا ہے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ملزمین کو سرگرمی سے تلاش کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 15 فروری کو تین نوجوانوں کو گدھے چرانے کے شبے میں بھیڑ نے مار پیٹ کرکے سانگڈ پولیس کے سپرد کردیا۔ پولیس نے تینوں نوجوانوں کو دفعہ 151 کی کارروائی کرکے ضمانت پر چھوڑ دیا۔ لیکن اس کے بعد سنیچر کو ان نوجوانوں کے ساتھ مار پیٹ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ اس کے بعد اعلی افسران کے دباؤ کے بعد پولیس نے ان نوجوانوں سے معاملہ درج کرواکر دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔


23 Feb 2020, 5:07 PM

دہلی میں بھارت بند کے دوران سی اے اے حامیوں کا ہنگامہ، پتھربازی کے بعد حالات کشیدہ

دہلی میں سی اے اے مخالف مظاہرے کے دوران موج پور میں حالات اس وقت کشیدہ ہو گئے جب سی اے اے کے حامی لوگ بھی سڑک پر اتر آئے۔ دراصل یہاں پر بی جے پی لیڈر کپل مشرا نے سی اے اے کی حمایت میں سڑکوں پر اترنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ دہلی میں ایک اور شاہین باغ نہیں بننے دیں گے۔

موج پور میں اس وقت حالات کشیدہ ہیں۔ جے شری رام کے نعرے لگانے والے مظاہرین نے ایک ٹی وی چینل کے صحافی پر بھی حملہ کر دیا۔ پولیس اس صورت حال کو سنبھالنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

23 Feb 2020, 5:01 PM

اڈیشہ میں آگ سے جل کر تین بچوں کی موت، ایک دیگر کی حالت سنگین

بھونیشور: اڈیشہ میں گنجم ضلع کے پولاسارا تھانہ کے تحت کھیرچٹا گاؤں میں اتوار کو آگ لگنے کے ایک واقعہ میں تین بچوں کی موت ہوگئی اور ایک دیگر سنگین طور سے زخمی ہوگیا۔ مرنے والے بچوں میں دو لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہے۔ واقعہ کے بعد اسپتال لے جانے کے فوراً بعد ڈاکٹر نے دو بچوں کو مردہ قرار دے دیا جبکہ تیسرے کی موت علاج کے دوران ہوگئی۔ آگ میں جھلسے چوتھے بچے کی حالت سنگین ہے۔ چونکہ ایم کے سی جی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال میں برن یونٹ نہیں ہے اس لئے اس بچے کو کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل بھیجا جارہا ہے۔

اڈیشہ کے وزیراعلی نوین پٹنائک نے واقعہ میں بچوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ان کے اہل خانہ کی تعزیت کی ہے۔ نوین پٹنائک نے مرنے والے بچوں کو چار چار لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے اور زخمی بچوں کی مفت علاج کرانے کا اعلان کیا ہے۔


23 Feb 2020, 4:13 PM

ٹرمپ کی آمد سے قبل اسٹیڈیم کا عارضی گیٹ ہوا زمیں بوش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہندوستان آمد سے قبل احمد آباد میں واقع موٹیرا اسٹیڈیم کا ایک عارضی گیٹ تیز ہوا کی وجہ سے زمیں بوش گیا۔ ٹرمپ کو اسی گیٹ سے اسٹیڈیم میں داخل ہونے تھے۔

اہم خبریں: علی گڑھ میں خواتین مظاہرین کو ہٹانے پر ہوا ہنگامہ، پولیس لاٹھی چارج میں کئی زخمی

موٹیرا کرکٹ اسٹیڈیم میں امریکی صدر کے اعزاز میں ’نمستے ٹرمپ‘ تقریب کا انعقاد کیا جانا ہے۔ یہاں کے جس گیٹ نمبر 3 سے ٹرمپ کو داخل ہونا تھا وہ گیٹ تیز ہوا سے گر گیا۔ غنیمت یہ رہی کہ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیکن حکومت کی طرف سے کی جا رہی عظیم الشان تیاریوں کی پول ضرور کھل گئی۔

23 Feb 2020, 3:54 PM

گوا میں مگ 29 حادثے کا شکار، پائلٹ صحیح سلامت

پنجی: ہندوستانی فضائیہ کا مگ 29 طیارہ گوا میں باقائدہ تربیتی پرواز کے دوران اتوار کو حادثے کا شکار ہوگیا لیکن پائلٹ طیارے سے صحیح سلامت نکلنے میں کامیاب رہا ہے۔ فضائیہ کے مطابق یہ حادثہ آج صبح ساڑھے دس بجے ہوا۔ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔ فضائیہ نے ٹوئٹر پر کہا، ’’آج صبح تقریباً ساڑھے دس بجے مگ 29 طیارہ باقائدہ تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر گر گیا۔ پائلٹ طیارے سے صحیح سلامت نکلنے میں کامیاب رہا اور اس کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔


23 Feb 2020, 1:11 PM

ایران: کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی

تہران: ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر چھ ہو گئی ہے۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صوبہ مركزی کے گورنر علی آغا زادہ کے مطابق شہر اراك میں اس مہلک وائرس کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ متوفی دل کے عارضہ میں بھی مبتلا تھا۔

اس سے پہلے ایران کی صحت اور طبی تعلیم کی وزارت کے تعلقات عامہ اور انفارمیشن سینٹر کے سربراہ كيانشو جهان پور نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس سے 28 افراد متاثر تھے، جن میں سے پانچ افراد کی موت ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اس انفیکشن سے متاثر زیادہ تر لوگ شہر قم کے رہنے والے ہیں۔ ان میں کچھ لوگ تہران اور رشت کے رہنے والے ہیں۔

23 Feb 2020, 11:23 AM

داکٹر کفیل کے ماموں کا گولی مار کر قتل

ڈاکٹر کفیل کے ماموں نصرت اللہ وارثی کا سنیچر کے روز گورکھ پور میں واقع ان کی رہائش پر نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق نصرت اللہ دیر رات گئے پڑوسی کے گھر سے کیرم کھیلنے کے بعد لوٹ رہے تھے۔ پولیس معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

داکٹر کفیل خان گورکھ پور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں 60 بچوں کی موت کے وقت شہ سرخیوں میں رہے تھے اور حال میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز بیان دینے پر انہیں پولیس نے گفتار کر لیا تھا۔ داکٹر کفیل ابھی تک متھرا جیل میں قید ہیں۔


23 Feb 2020, 1:12 PM

بلند شہر سڑک حادثے میں میاں، بیوی اور سالی کی موت

بلند شہر: اترپردیش میں بلند شہر کے گُلا وٹھی علاقے میں سڑک حادثے میں میاں، بیوی اور سالی کی دردناک موت ہوگئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس نے اتوار کو یہاں کہا کہ سنیچر کی تاخیر شب دھولانا کا ساجد اپنی اہلیہ اور سالی روبی کے ساتھ موٹر سائیکل سے سکندراباد سے دھولانا واپس آرہا تھا۔ گُلاوٹھی کے گاؤں سون پور کا زاہد بھی اپنے ساتھی شعیب کے ساتھ اپنے گاؤں لوٹ رہا تھا۔

پولیس کے مطابق گاؤں دیولی کے نزدیک دونوں موٹر سائیکلوں کی آمنے سامنے کی ٹکر ہوگئی۔ اسی وقت پیچھے سے آرہی ایک نامعلوم گاڑی نے بھی ساجد کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ساجد کی اہلیہ نشا اور سالی روبی کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ گاؤں والوں نے ساجد، شعیب اور زاہد کو پولیس اسپتال میں داخل کرایا جہاں ساجد نے بھی دم توڑ دیا۔ سنگین حالت میں شعیب کو میڈیکل کالج میرٹھ میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہیں۔

23 Feb 2020, 9:54 AM

جعفرآباد میں خواتین سی اے اے کے خلاف سراپا احتجاج، ٹریفک متاثر، میٹرو اسٹیشن بند

بھیم آرمی سربراہ چندرشیکھر آزاد کی کال پر آج ریزرویشن کے حق میں اور سی اے اے، این آر سی و این پی آر کی مخالفت میں بھارت بند کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ملک کے کئی شہروں سے بند کے دوران مظاہرے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔

اہم خبریں: علی گڑھ میں خواتین مظاہرین کو ہٹانے پر ہوا ہنگامہ، پولیس لاٹھی چارج میں کئی زخمی

راجدھانی دہلی کے جعفرآباد میں بڑی تعداد میں خواتین سنیچر کی دیر رات سے ہی جمع ہو گئیں اور سیلم پور کو موجپور اور یمنا وہار سے جوڑنے والی شاہراہ نمبر 68 کو بند کر دیا۔ موقع پر بھاری تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے۔ خاتون مظاہرین لگاتار آزادی کے نعرے لگا رہی ہیں۔

دریں اثنا، خواتین کی بڑی تعداد کے جعفرآباد میٹرو اسٹیشن کے نیچے جمع ہو جانے کے سبب اسٹیشن کے دروازوں کو بند کر دیا گیا ہے اور یہاں ٹرین کے ٹھہراؤ پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔ ادھر، بہار میں بھی بھارت بند کا بڑے پیمانے پر اثر دیکھا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */