اہم خبریں: ڈبلیو ٹی سی فائنل کا چوتھا دن بارش کی نذر، نہیں پھینکی جا سکی ایک بھی گیند

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

21 Jun 2021, 7:28 PM

ڈبلیو ٹی سی فائنل: چوتھے دن بارش کے سبب نہیں پھینکی جا سکی ایک بھی گیند

ساوتھمپٹن: ہندستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے چوتھے دن پیر کو بارش ہونے کی وجہ سے ایک بھی گیند نہیں پھینکا جا سکا۔ ہندستانی اننگز تیسرے دن کل لنچ کے بعد پہلی اننگز میں 217 رن پر سمٹ گئی تھی۔ نیوزی لینڈ نے اس کے جواب میں خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم ہونے تک 49 اوور میں دو وکٹ کھوکر 101رن بنا لئے تھے اور وہ ہندستان کے اسکور سے 116رن پیچھے ہے۔ اسٹمپس کے وقت نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 37 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 12 رن اور روس ٹیلر کھاتہ کھولے بغیر کریز پر موجود تھے۔

21 Jun 2021, 7:10 PM

بارہویں کے امتحانات معاملے کی سماعت منگل کو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بارہویں جماعت کے امتحانات منسوخ کرنے کے حکم کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت منگل کے لئے ملتوی کردی ہے جسٹس اے ایم خانویلکر اور جسٹس دنیش مہیشوری کی تعطیلی بنچ نے پیر کے روز سی بی ایس ای سے کہا کہ اس نے بورڈ کے منصوبے پراصولی رضامندی ظاہر کی ہے، لیکن کچھ عرضیوں میں بورڈ امتحانات کو منسوخ کرنے کو چیلنج کیا ہے ، اس لئے ان عرضی گزاروں کی بات سننا بھی ضروری ہے۔ عدالت نے کہا کہ بنچ صرف انہی عرضیوں پرسماعت کرے گی جو داخل ہو چکی ہیں ۔ اب نئی درخواستیں قبول نہ کرنےکی ہدایت رجسٹری کو دی گئی ہے ۔ عدالت نے ان عرضیوں کی سماعت کل دوپہر 2 بجے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

21 Jun 2021, 5:29 PM

تیز رفتار ٹرک نے دو بائیک سواروں کو روندا، ایک خاتون سمیت دو افراد کی موت

سونبھدر: اترپردیش کے ضلع سونبھدر کے چوپن علاقے میں ریلائنس پٹرول پمپ کے نزدیک ایک تیز رفتار ٹرک نے دو بائیک سواروں کو روند دیا، جس میں ایک خاتون سمیت دو افراد کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کو ریلائنس پٹرول پمپ کے نزدیک ایک تیز رفتار ٹرک نے دو بائیک سواروں کو روند دیا جس میں میرا سنگھ اور امت اپادھیائے کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ وہیں پرمود سنگھ و امرجیت بری طرح سے زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ٹرک کو قبضے میں لے لیا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا دونوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔


21 Jun 2021, 4:29 PM

جوتا فیکٹری میں لگی آگ، نقصان کی اطلاع نہیں

نئی دہلی: دہلی کے ادھوگ وہار میں جوتا فیکٹری میں پیر کی صبح اچانک آگ لگ گئی جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق صبح تقریبا 8:22 بجے آگ لگنے کے بعد 24 فائر ٹینڈر جائے واقع پر پہنچ گئے۔ جائے واقع پر پہنچے فائر بریگیڈ نے کئی پھنسے مزدوروں کو بچایا اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے اور ابھی تک نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا ہے۔

21 Jun 2021, 3:27 PM

جموں میں ایک خاتون نے چار بچوں کو دیا جنم

جموں: جموں کے چھنی ہمت کے ایس ڈی ڈی ایم اسپتال میں ایک خاتون نے بہ یک وقت چار بچوں کو جنم دیا اور چاروں بچے اپنی ماں سمیت صحت مند ہیں۔ معروف ماہر امراض اطفال ڈاکٹر وکاس مہاجن، جنہوں نے ان نوزائیدہ بچوں کی نگرانی کی، نے یو این آئی کو بتایا کہ یہ معاملہ اس وقت پیچیدہ ہو گیا جب خاتون قبل از وقت ہی درد زہ میں مبتلا ہو گئی اور ان کی ایمرجنسی سرجری کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ڈی ایم اسپتال میں ڈاکٹروں نے کامیاب سرجری کی اور اس خاتون نے چار بچوں کو جنم دیا جو اپنی ماں سمیت نہ صرف کورونا سے محفوظ ہیں بلکہ تندرست اور صحت مند بھی ہیں۔ موصوف ڈاکٹر نے کہا کہ قبل از وقت پیدا ہونے کی وجہ سے چونکہ چاروں بچوں میں ہر ایک کا وزن ایک سے ایک کلو دو سو گرام کے درمیان ہے لہٰذا ان کو قریب دو ماہ تک این آئی سی یو میں رکھنا پڑے گا۔ دریں اثنا اسپتال انتظامیہ اور بچوں کے والدین جن کا تعلق ضلع پونچھ سے ہے، نے ان ڈاکٹروں کی سراہنا کی ہے جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے یہ کار نامہ انجام دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔