اہم خبریں: کرناٹک میں وزیر اعلیٰ یدی یورپّا کو لے کر بی جے پی لیڈران میں رسہ کشی جاری

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

16 Jun 2021, 8:39 PM

کرناٹک: وزیر اعلیٰ یدی یورپا کو لے کر بی جے پی لیڈران میں رسہ کشی جاری

کرناٹک میں برسراقتدار بی جے پی دو حصوں میں منقسم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ پارٹی کے کچھ لیڈران وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے خلاف نظر آ رہے ہیں، تو کچھ ان کے حق میں بیان دے رہے ہیں۔ آج بی جے پی کے سینئر وزیر ایس ایشورپا نے کہا کہ پارٹی کے اندر کا ایک گروپ یہ مانتا ہے کہ وزیر اعلیٰ یدی یورپا کو ہٹایا جانا چاہیے۔ حالانکہ کرناٹک بی جے پی کے صدر نلن کمار کٹیل نے کہا کہ قیادت میں تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، یدی یورپا آئندہ دو سال تک عہدہ پر بنے رہیں گے۔

16 Jun 2021, 6:28 PM

بکسر میں کرنٹ لگنے سے کسان کی موت

بکسر: بہار میں بکسر ضلع کے مفصل تھانہ علاقہ میں بدھ کو کرنٹ لگنے سے بزرگ کسان کی موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ ایجری گاﺅں باشندہ دوبری ساہ آج صبح کھیت میں کام کر رہے تھے۔ اسی درمیان کھیت میں گرے بجلی تار کی زد میں آگئے۔ جب تک وہاں موجود لوگ کچھ سمجھ پاتے تب تک کسان کی موت ہوچکی تھی۔ کسی طرح مقامی لوگوں نے دوبری ساہ کو تار سے الگ کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے کسان کی لاش کو جائے وقوع کے نزدیک بکسر۔ ایٹاڑھی اہم شاہراہ کو جام کر دیا۔ حالانکہ معاملہ کی جانکاری ملنے کے بعد موقع پر پہنچے افسران کی جانب سے یقین دہانی کرائے جانے کے بعد گاﺅں والوں نے جام ختم کر دیا۔ اس کے بعد پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے صدر اسپتال بھیج دی۔

16 Jun 2021, 5:31 PM

بنگلور میں کوکین فروخت کرنے کے الزام میں نائجیریائی شہری گرفتار

بنگلور: سینٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) پولیس نے نائجیریائی شہری کو کوکین فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے اس کے پاس سے چار لاکھ روپیے کی نشہ آور اشیاء برآمد کی ہے۔ پولیس نے بدھ کے روز بتایا کہ گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت نائجیریا کے کیلوِن ایڈیکا (24) کے طور پر ہوئی ہے۔ بنگلور سی سی بی کی اینٹی نارکوٹِکس ونگ نے اپنے بیان میں کہا کہ گرفتار ملزم ویزہ پر بنگلور آیا تھا اور وہ نشہ آور اشیاء فروخت کرنے میں ملوث تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ’ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر رام مورتی نگر ہورماوو سگنل کے پاس گاہک کو نشہ آور اشیاء فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیلوِن کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کو اس کے پاس سے چار لاکھ روپیے کی قیمت کی 54 گرام کوکین کے ساتھ ایک الیکٹرانک تول مشین اور تین موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم اکثر ممبئی جاتا تھا اور وہاں سے کوکین لاکر یہاں فروخت کرتا تھا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔


16 Jun 2021, 4:51 PM

مجھے والد کے انتقال نے یتیم نہیں کیا، چچا کی دغا نے کر دیا، چراغ پاسوان

لوک جن شکتی پارٹی لیڈر چراغ پاسوان نے چچا کی طرف سے جھٹکا دئے جانے کے بعد آج پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ جب میرے والد کا انتقال ہوا تو میں نے اپنے چچا (پشوپتی کمار پارس) کو بڑا مانا۔ میں والد کے گزرنے کے بعد یتیم نہیں ہوا لیکن چچا کے دغا دینے کے بعد ہو گیا۔‘‘

16 Jun 2021, 3:01 PM

چراغ پاسوان کے حامیوں کا پشوپتی کمار کی دہلی میں واقع رہائش کے باہر مظاہرہ

لوک جن شکتی پارٹی میں چل رہا تنازعہ اب دہلی کی سڑکوں پر بھی نظر آنے لگا ہے۔ چراغ پاسوان کے حامیوں نے لوک سبھا میں ایل جے پی کے نئے قائد پشوپتی کمار پارس کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا اور ان پر دھوکہ دہی کرنے کا الزام عائد کیا۔ بڑی تعداد میں لوگوں کے احتجاجی مظاہرہ کے پیش نظر پشوپتی کمار کی رہائش کے باہر حفاظتی انتظامات سخت کئے گئے ہیں۔


16 Jun 2021, 1:48 PM

آصف اقبال تنہا، دیوانگنا اور نتاشا کی ضمانت کے خلاف دہلی پولیس کی سپریم کورٹ میں اپیل

دہلی میں فسادات بھڑکانے کے الزمات میں گرفتار کئے گئے سماجی کارکنان جامعہ کے طالب علم آصف اقبال تنہا اور پنجرا توڑ کی کارکنان دیوانگنا کالیتا اور نتاشا نروال کی گزشتہ روز دہلی ہائی کورٹ سے درخواست ضمانت منظور ہونے کے بعد دہلی پولیس نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ میں دائر کی گئی اپنی سپیشل لیو پٹیشن (ایس ایل پی) میں دہلی پولیس نے ضمانت منظور کئے جانے کی مخالفت کی ہے۔

16 Jun 2021, 10:40 AM

تاج محل کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا، ٹکٹ آن لائن حاصل کریں

دنیا کے عجائب میں شمار تاریخی عمارت تاج محل کو آج سے سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا ہے اور یہاں سیلایوں نے آیا شروع کر دیا ہے۔ تاج محل کے علاوہ آج سے آثار قدیمہ کے زیر انتظام محفوظ تاریخی عمارتوں، مقامات اور عجائب گھروں کو بھی کھول دیا گیا ہے۔ تاج محل کے اندر ایک بار میں 650 لوگوں سے زیادہ نہیں جا سکتے اور ٹکٹ آن لائن حاصل کیا جا سکتا ہے۔


16 Jun 2021, 9:34 AM

ہندوستان میں کورونا کے 62 ہزار نئے کیسز، 2.5 ہزار اموات

مرکزی وزارت صحت کے مطابق، ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 62224 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران 107628 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 2542 لوگوں کی موت ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔