اہم خبریں: بی جے پی رکن پارلیمنٹ مینکا گاندھی کے خلاف کیرالہ میں ایف آئی آر درج

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

05 Jun 2020, 10:15 PM

کیرالہ: بی جے پی رکن پارلیمنٹ مینکا گاندھی کے خلاف ملپورم میں ایف آئی آر درج

کیرالہ کے ملپورم میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ مینکا گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر تعزیرات ہند کی دفعہ 153 کے تحت درج کی گئی ہے جو مذہب، ذات، مقام پیدائش، رہائش، زبان وغیرہ کی بنیاد پر مختلف گروپوں کے درمیان نفرت کو فروغ دینے سے متعلق ہے۔ دراصل مینکا گاندھی نے حاملہ ہتھنی کی موت کے بعد ایک بیان دیا تھا جس کو مدنظر رکھ کر ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کیرالہ کا ملپورم ایسے واقعات کے لیے بدنام ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کیرالہ ملک کی سب سے پرتشدد ریاست ہے۔ ملپورم سے متعلق مینکا گاندھی کے بیان کو لے کر سات سے زیادہ شکایتیں کی گئی تھیں لیکن ایک شکایت کی ب نیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی۔

05 Jun 2020, 9:13 PM

کورونا چین کے ذریعہ دیا گیا برا تحفہ ہے: امریکی صدر

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کورونا وبا کے لیے چین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ وائرس چین کے ذریعہ دیا گیا ایک برا تحفہ ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ چین ہمیشہ سے امریکہ کا فائدہ اٹھاتا آیا ہے۔ اس کے لیے انھوں نے ملک کی گزشتہ حکومتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

05 Jun 2020, 8:09 PM

کیرالہ میں 9 جون کو کھلیں گے عبادت گاہوں اور ریستورانوں کے دروازے

مرکزی حکومت نے ’اَن لاک-1‘ کے تحت کنٹنمنٹ زون کے باہر موجود سبھی عبادت گاہوں اور ریستورانوں وغیرہ کو 8 جون سے کھولنے کی اجازت دے دی ہے، لیکن کیرالہ میں 9 جون سے عبادت گاہوں، ریستورانوں اور مال وغیرہ کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے میڈیا کو بتایا کہ ”کیرالہ میں 9 جون سے عبادت گاہوں، ریستوراں، مال کو کھولنے کی اجازت ہوگی۔ مرکز کے ذریعہ جاری سبھی رہنما ہدایات کو ریاست میں نافذ کیا جائے گا۔“


05 Jun 2020, 7:10 PM

مغربی بنگال 'کورونا' اور 'سازش' دونوں پر جیت حاصل کرے گا: ممتا بنرجی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کورونا بحران اور گردابی طوفان امفان سے پیدا مشکل حالات کے درمیان کچھ سیاسی پارٹیوں کی سیاست سے کافی ناراض نظر آ رہی ہیں۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ”کیا یہ سیاست کرنے کا وقت ہے؟ گزشتہ تین مہینوں سے وہ کہاں تھے؟ ہم زمین پر کام کر رہے تھے۔ بنگال کورونا اور سازش دونوں کے خلاف جیتے گا۔“

05 Jun 2020, 6:15 PM

بہار میں الگ الگ سڑک حادثات میں پانچ افراد کی موت، ایک زخمی

بہار کے مختلف اضلاع میں سڑک حادثات میں پانچ لوگوں کی موت ہوگئی اورایک شخص زخمی ہوگیا۔ بہار کے پورنیہ ضلع کے مرنگا تھانہ علاقہ میں سڑک حادثے میں دو لوگوں کی موت ہوگئی۔ پولس ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ پورنیہ واقع ہوٹل میں کام کرنے والے دو لوگ جمعرات کی دیر رات موٹر سائیکل سے کٹیہار واقع اپنے گھر لوٹ رہے تھے تبھی درہا گاﺅں کے نزدیک نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل میں ٹکر مار دی۔ اس حادثہ میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ مرنے والوں کی شناخت متھلیش کمار ساہ (45) اور بونے پاسوان (30) کے طور پرکی گئی ہے۔ دوسری طرف پورنیہ ضلع کے ہی چمپا نگر پولس آﺅٹ پوسٹ علاقہ میں جمعہ کو ٹریکٹر سے کچل کر ایک دیہی باشندے کی موت ہوگئی اور اس کا پوتا زخمی ہوگیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ پرساد پور چریا رہیکا اہم شاہراہ پر ٹریکٹر نے سڑک کنارے کھڑے جگدیش سہنی (55) اور اس کے پوتا کو کچل دیا۔

دوسری طرف چھپرہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سارن ضلع کے مشرق تھانہ علاقہ میں سڑک حادثے میں ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ پولس ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ شیوری گاﺅں باشندہ شیو پوجن مہتو کی اہلیہ کثم دیوی (45) جمعرات کی دیر شام ایک نوجوان کے ساتھ موٹر سائیکل سے مشرق بازار میں سامان کی خریداری کیلئے جارہی تھی تبھی مشرق تھانہ احاطہ کے نزدیک وہ موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گئی۔ بعد ازاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔

دیگر سڑک حادثہ بیگو سرائے میں پیش آیا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق ضلع کے نگر تھانہ علاقہ میں جمعہ کو ٹریکٹر سے کچل کر ایک مزدور کی موت ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ لالو نگر باشندہ دھنراج مہتو (42) سائیکل سے مزدوری کرنے کے لئے بیگو سرائے جارہا تھا تبھی محمد پور چوک کے نزدیک بے قابو ٹرک نے اسے کچل دیا۔


05 Jun 2020, 5:04 PM

اتراکھنڈ: چار دھام یاترا شروع کرنے سے پہلے پروہتوں اور تاجروں سے مشورہ ضروری... وزیر اعلیٰ

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے چار دھام یاترا پروہتوں اور تاجروں سے بات چیت کے بعد ہی شروع کیے جانے کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ”ہم چار دھام یاترا کو شروع کرنے پر کوئی بھی فیصلہ وہاں کے اپنے پروہت سماج اور تاجر سماج سے بات چیت کر کے ہی لیں گے۔ یاترا محفوظ رہے یہی ہمارا ہدف ہے۔ یاترا کو کیسے محفوظ بنایا جا سکتا ہے، اس پر ہمارے افسران غور کر رہے ہیں۔ حکومت اس سلسلے میں جلد فیصلہ لے گی۔“

05 Jun 2020, 4:15 PM

مہاراشٹر: طوفان نسرگ سے متاثرہ رائے گڑھ کے لیے 100 کروڑ روپے راحت پیکیج کا اعلان

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے طوفان ’نسرگ‘ سے بری طرح متاثر ہوئے ضلع رائے گڑھ کے لیے راحتی پیکیج کا آج اعلان کیا۔ انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ”رائے گڑھ ضلع میں گردابی طوفان نسرگ کے سبب ہوئے نقصان کی فوری جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے اور 100 کروڑ روپے ایمرجنسی راحت کی شکل میں فراہم کیے جائیں گے۔“


05 Jun 2020, 3:09 PM

تبلیغی جماعت معاملہ میں سی بی آئی انکوائری کی ضرورت نہیں: مرکزی حکومت

مرکزی حکومت نے راجدھانی دہلی کے نظام الدین تبلیغی مرکز میں جماعتیوں کے اجتماع کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے ذریعہ جانچ کی ضرورت سے انکار کیا ہے۔ دریں اثنا، عدالت نے معاملے کی سماعت جمعہ کے روز دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔ مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں سی بی آئی انکوائری کی ضرورت نہیں ہے، کیوں کہ دہلی پولس کی کرائم برانچ کی تفتیش بہت آگے بڑھ چکی ہے۔ مرکز ی حکومت کے حلف نامے پر غور کرنے کے بعد، چیف جسٹس شرد اروند بوبڑے، جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس رشی کیش رائے پر مشتمل ڈویژن بنچ نے درخواست گزار سپریا پنڈتا سے دو ہفتے کے اندر جوابی حلف نامہ داخل کرنے کو کہا۔ اب اس معاملے کی سماعت دو ہفتے کے بعد ہوگی۔

05 Jun 2020, 2:17 PM

پی ایم کے ذریعہ صرف خود کفیل بننے کا اعلان کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا: کپل سبل

کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پی ایم مودی کے ذریعہ خود کفیل بننے کے لیے ایک سلوگن دینے سے بات نہیں بنے گی بلکہ خود کفیل بننے کے لیے راستہ ہموار کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ”پی ایم کے ذریعہ خود کفیل بننے کا اعلان کر دینے سے پونجی تیار نہیں ہو جائے گی۔ ملک کو بتائیے کہ بغیر معاشی پالیسی، صنعتی پالیسی، مینوفیکچرنگ پالیسی کے کیسے خود کفیل ہوں گے؟ صرف سلوگن کے ساتھ خود کفیلی پیدا نہیں ہوگی۔“


05 Jun 2020, 1:10 PM

مہاراشٹر، گجرات اور دہلی میں کورونا سے 71.12 فیصد ہلاکتیں

نئی دہلی: مہاراشٹر، دہلی اور گجرات میں اب تک کورونا وائرس سے 4515 افراد کی موت ہوچکی ہے جو مجموعی اموات کا 71.12 فیصد ہے۔ جمعہ کو وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 9851 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 226770 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وبا سے مجموعی طور پر 6348 افراد ہلاک اور 109462 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔

05 Jun 2020, 12:02 PM

کووڈ ۔19 سے امریکہ میں 1.08 لاکھ افراد ہلاک

واشنگٹن: امریکہ میں کورونا وائرس سے 1.08 لاکھ سے زائد افراد فوت ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں اس وبا نے شدید شکل اختیار کرلی ہے اور اب تک 18 لاکھ سے زیادہ افراد اس کی زد میں آچکے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرکے 108208 ہوگئی ہے، جبکہ متاثرین افراد کی تعداد 18 لاکھ سے تجاوز کر کے 1872528 ہوچکی ہے۔ امریکہ میں ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے پوری طرح صحت یاب ہوئے ہیں۔


05 Jun 2020, 10:11 AM

نائجیریا: فوج کی مہم میں 392 بندوق بردار ہلاک

ابوجا: نائیجیریا کی فوج کے مطابق اس نے کئی دنوں سے جاری ایک بڑی مہم میں 392 بندوق برداروں کو ہلاک کیا ہے۔ جمعرات کو فوج کے ترجمان جان انیچے نے میڈیا کو یہ اطلاع دی۔ جان انیچے کے مطابق 14 مئی کو فوج نے پولیس کے ساتھ شمال مغربی صوبہ کتسینا میں پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن چلایا۔ اس کا مقصد ملک کے شمالی خطے میں ڈاکوؤں اور دیگر جرائم کے خطرات کو ختم کرنا تھا۔ اس کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے بنیادی طور پر دونوں علاقوں میں سینکڑوں بندوق برداروں کو ہلاک کردیا۔ یکم جون کو سیکورٹی فورسز نے بقیہ بندوق برداروں کا صفایا کردیا۔

فوج کے ترجمان کے مطابق ’’ملک کے شمال مغربی اور شمال وسطی علاقوں میں ڈاکوؤں اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج بن گیا تھا۔ اس سلسلے میں متعدد اہداف کی نشاندہی کی گئی اور بندوق برداروں کو زمینی اور فضائی حملوں کے ذریعے ختم کیا گیا۔

05 Jun 2020, 8:59 AM

ایران نے کیے امریکی فوجی آزاد، ٹرمپ کا اظہار تشکر

واشنگٹن:ایران کی جانب سے امریکی فوجی آزاد کرنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے معاہدہ ممکن ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں لکھا کہ جب سے وہ صدر بنے ہیں 40 سے زائد امریکی قیدیوں یا یرغمالیوں کو واپس لایا جا چکا ہے۔ انہوں نے ایران کی جانب سے رہا کیے گئے امریکی فوجی قیدی سے فون پر بات کرنے کی بھی تصدیق کی اور لکھا کہ مائیکل وائٹ بہت جلد امریکا پہنچ جائے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی نیوی اہلکار مائیکل وائٹ کی رہائی ایرانی سائنسدان سائرس اصغری کی رہائی کے بعد عمل میں آئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔