اہم خبریں: تین بار کے اولمپک چمپئن 84 سالہ بابی مورو کا انتقال

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

31 May 2020, 12:40 PM

بیوی نے بیٹیوں کے ساتھ مل کر شوہر کا کیا قتل

حیدرآباد: خاندانی جھگڑوں پر ایک بیوی نے اپنے بیٹیوں کے ساتھ مل کر شوہر کا قتل کردیا۔ یہ واردات اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے دوباک علاقہ میں پیش آئی۔ پولیس نے بتایا کہ 41 سالہ جی رمیش اور اس کی بیوی پدما اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ دوباک علاقہ میں رہتے تھے۔ خاندانی مسائل کے پیش نظرشوہر اور بیوی میں کچھ دنوں سے جھگڑے ہو رہے تھے۔ اسی دوران پدما نے اپنی دونوں بیٹوں کے ساتھ مل کر شوہر کی گلا دبا کر قتل کردیا اور بعد ازاں مقامی پولیس اسٹیشن میں خودسپردگی اختیار کی۔ پولیس جائے واردات پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔

31 May 2020, 9:10 PM

تین بار کے اولمپک چمپئن بابی مورو کا انتقال

واشنگٹن: امریکہ کے تین بار کے اولمپک چمپئن بابی مورو کا 84 سال کی عمر میں ہفتہ کو انتقال ہو گیا۔
بابی کے خاندان نے بتایا کہ ہفتہ کو ٹیکساس میں بابی کا انتقال ہو گیا۔بابی نے سال 1956 میں آسٹریلیا میں ہوئے میلبورن اولمپکس میں تین طلائی تمغے جیتے تھے۔ انہوں نے 100 میٹر، 200 میٹر اور چار گنا 100 ریلے دوڑ میں طلائی تمغہ جیتے تھے۔بابی نے 200 میٹر ریس 20.6 سیکنڈ میں جیت کر عالمی ریکارڈ کی برابری کی تھی اور چار گنا 100 ریلے ریس 39.5 سیکنڈ میں مکمل کرکے عالمی ریکارڈ بھی بنایا تھا۔ بابی اولمپک میں 100، 200 اور چار گنا 100 دوڑ میں جیتنے والے چار کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ان کے علاوہ جیسی اووینس (1936)، کارل لیوس (1984) اور يوسین بولٹ (2012 اور 2016) نے یہ کارنامہ کیا ہے۔

31 May 2020, 8:10 PM

دہلی کے کئی اسپتالوں کو کو کیجریوال حکومت نے جاری کیا وجہ بتاؤ نوٹس

ایمس (دہلی)، لوک نایک اسپتال (ایل این جے پی)، آر ایم ایل اسپتال اور صفدر جنگ اسپتال کو دہلی حکومت نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ نوٹس اس لیے جاری کیا گیا ہے کیونکہ یہ اسپتال کورونا سے ہونے والی اموات کی خبر تاخیر سے دے رہی ہی تھیں۔ نوٹس میں دہلی حکومت نے کہا ہے کہ اموات کے معاملوں کی رپورٹنگ میں تاخیر ہونے کی وجوہات تفصیلات کے ساتھ بتائیں۔


31 May 2020, 7:10 PM

خطرناک ہوتا جا رہا کورونا، دہلی میں آج 1295 نئے معاملے آئے سامنے، 13 اموات

دہلی میں کورونا کیسز بڑھتے جا رہے ہیں اور تازہ ترین خبروں کے مطابق آج کل 1295 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 13 مزید اموات بھی ہوئی ہیں۔ اس طرح سے دہلی میں مجموعی کورونا مریضوں کی تعداد 19844 ہو گئی ہے جب کہ مہلوکین کی تعداد 473 ہو گئی ہے۔

31 May 2020, 6:01 PM

مہاراشٹر: جون میں نہیں کھلیں گے عبادت گاہوں کے دروازے، لاک ڈاؤن میں کوئی نرمی نہیں

مہاراشٹر کی ادھو ٹھاکرے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ لاک ڈاؤن 5.0 کے دوران مذہبی عبادت گاہوں کو کھولنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ریاستی حکومت نے جو رہنما ہدایات جاری کی ہے اس میں واضح لفظوں میں لکھا گیا ہے کہ مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کے ساتھ ساتھ ہوٹل، ریستوران، شاپنگ مال، نائی کی دکان، اسپا اور بیوٹی پارلر پوری ریاست میں بند رہیں گے۔


31 May 2020, 5:12 PM

مہاراشٹر نے پوری ریاست میں لاک ڈاؤن 5.0 نافذ کرنے کا کیا اعلان

مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن کے معاملے لگاتار تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں اور اس کو دیکھتے ہوئے ریاست کی ادھو ٹھاکرے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پوری ریاست میں 30 جون تک لاک ڈاؤن 5.0 نافذ رہے گا۔ یہ بھی العان کیا گیا ہے کہ ضروری سرگرمیوں کو چھوڑ کر رات 9 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان لوگوں کی آمد و رفت پر بھی سختی کے ساتھ پابندی رہے گی۔ سمندری ساحلوں، کھیل کے میدانوں، پارکوں اور کھلے عوامی مقامات پر صبح 5 بجے سے شام 7 بجے کے درمیان نجی جسمانی ورزش کی اجازت ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ مودی حکومت نے ہفتہ کے روز ہی لاک ڈاؤن 5.0 کا اعلان کیا تھا، لیکن کہا گیا تھا کہ پابندیاں کنٹنمنٹ زون تک ہی محدود رہیں گی اور بقیہ مقامات سے پابندیاں مرحلہ وار ہٹائی جائیں گی۔ لیکن ادھو ٹھاکرے حکومت نے مہاراشٹر میں مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے پوری ریاست میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔

31 May 2020, 4:12 PM

اتر پردیش: رہنما ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عبادت گاہوں کو 8 جون سے کھولنے کا اعلان

اتر پردیش کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اونیش اوستھی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ریاست میں 8 جون سے مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کو کھولا جائے گا۔ لیکن ان سب کو حکومت ہند کی رہنما ہدایات اور ریاستی حکومت کی رہنما ہدایات کے تحت ہی کھولنے کی اجازت ہوگی۔ اونیش اوستھی نے مزید ب تایا کہ ہوٹل، ریستوران اور شاپنگ مال بھی 8 جون سے شرائط کے ساتھ کھل سکیں گے۔ علاوہ ازیں دوسرے مرحلہ میں اسکول، کالج، کوچنگ، تعلیمی ادارے، تربیتی ادارے وغیرہ جولائی 2020 سے کھلیں گے اور اس کے لیے حکومت ہند جب رہنما ہدایات جاری کرے گی تب ریاستی حکومت بھی باضابطہ حکم جاری کرے گی۔


31 May 2020, 3:10 PM

مہاراشٹر: گزشتہ 24 گھنٹے میں 91 پولس اہلکاروں میں کورونا کی تشخیص

مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن کا اثر بڑھتا ہی جا رہا ہے اور لگاتار پولس اہلکاروں کے پازیٹو ہونے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 91 پولس اہلکاروں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد مہاراشٹر میں کورونا کی زد میں آنے والے پولس اہلکاروں کی مجموعی تعداد 2416 ہو گئی ہے۔

31 May 2020, 2:23 PM

اترپردیش: یوگی حکومت آج 'اَن لاک-1' کے لیے رہنما ہدایات جاری کرے گی

لاک ڈاؤن 4.0 کی مدت آج ختم ہو رہی ہے اور یکم جون سے لاک ڈاؤن 5.0 کا نفاذ عمل میں آئے گا جو کہ کنٹنمنٹ زون تک محدود ہوگا۔ اس درمیان کنٹنمنٹ زون کو چھوڑ کر بقیہ علاقوں میں پابندیاں مرحلہ وار ہٹائے جانے کا منصوبہ ہے۔ اس کے تحت یوگی حکومت ’اَن لاک-1‘ کی سمت میں آگے بڑھتے ہوئے آج رہنما ہدایات جاری کرنے والی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس سلسلے میں کہا کہ اگر کوئی پرائیویٹ گاڑی سے ایک ریاست سے دوسری ریاست جا رہا ہے تو اس میں پابندی نہیں ہوگی بشرطیکہ وہ عوامی صحت کے لیے خطرناک نہ ہو۔


31 May 2020, 2:04 PM

بجلی کے کرنٹ کی زد میں آنے کے سبب شوہر و بیوی کی موت

پرتاپ گڑھ : اترپردیش میں ضلع پرتاپ گڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے چالیس کلو میٹر دور لال گنج کوتوالی علاقے کے پورے گوسائیں اماواں گاؤں میں گزشتہ ہفتہ و اتوار کی شب بجلی کے کرنٹ کی زد میں آنے کے سبب شوہر بیوی سمیت دو افراد کی موت ہوگئی۔ ڈی ایس پی لال گنج جگموہن سنگھ نے بتایا کہ پورے گوسائیں اماواں گاوں میں گزشتہ شب راج کماری (42) کسی کام کے سبب گھر کے ٹین شیڈ میں گئی تھی جس میں لائٹ کا کرنٹ اترنے سے وہ اس کی زد میں آگئی۔ بیوی کو بچانے دوڑے شوہر راجیندر کمار موریہ 45 کے بھی زد میں آنے کے سبب شوہر و بیوی سمیت دونوں کی جائے حادثہ پر موت ہوگئی۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ضلع اسپتال بھیج دیا ہے۔

31 May 2020, 1:12 PM

آرمی کینٹین میں آگ لگی،کوئی زخمی یا ہلاک نہیں

نئی دہلی: دارالحکومت کے چھاونی علاقے میں صدر بازار کے نزدیک جنرل ڈیسوزا روڈ پر واقع آرمی کینٹین میں اتوار کو آگ لگ گئی۔ فائربریگیڈ افسرکے مطابق آگ لگنے کی اطلاع صبح نو بج کر چار منٹ پر ملی۔ موقع پر آٹھ فائربریگیڈ کی گاڑیوں کو بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو بج کر 50 منٹ پر آگ پر قابو پا لیا گیا۔ اس میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے۔


31 May 2020, 11:33 AM

اسپین میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 271 نئے معاملے

میڈرڈ: اسپین میں کورونا وائرس کووڈ-19 کے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 271 نئے معاملے روشنی میں آئے ہیں۔ اسپین کی وزارت صحت نے سنیچر کو یہ اطلاع دی۔ اسپین میں متاثر افراد کی تعداد بڑھ کر 239228 ہوگئی ہے۔ میڈرڈ میں 95 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ کوٹالونیا میں 88 معاملے سامنے آئے ہیں۔ اسپین میں گزشتہ سات روز میں کورونا وائرس سے 43 افراد کی موت ہوئی ہے۔ کورونا سے مرنے والوں کی کل تعداد 27125 ہوگئی ہے۔ اسپین میں لاک ڈاؤن میں ڈھیل دینے کے لئے 28 اپریل سے چار مرحلوں کا پلان شروع کیا گیا ہے جس میں پہلے مرحلے کی شروعات 11 مئی سے ہوئی ہے۔

31 May 2020, 10:20 AM

قطر میں کورونا کے 2355 نئے معاملے

دوحہ: قطر میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2355 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ یہاں متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر 55262 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت نے سنیچر کو یہ اطلاع دی۔ دریں اثنا کورونا سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے۔ یہاں مرنے کی کل تعداد اب تک 36 ہے۔ قطر میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 5235 کورونا کے مریضوں کی حالت میں بہتری آئی ہے۔ جس سے صحتیاب مریضوں کی تعداد بڑھ کر 25839 ہوگئی ہے ۔ قطر میں ابھی تقریباً 29387 ایکٹیو معاملے ہیں۔ صحت کے افسران کے مطابق غیر ملکی مزدوروں اور قطر کے شہریوں کے درمیان نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ قطر میں انفیکشن کا خطرہ بڑھنے کے باوجود اتوار سے بیشتر کاروباری ادارے کھل رہے ہیں۔


31 May 2020, 9:11 AM

سعودی عرب میں کورونا کے 1681 نئے معاملے

ریاض: سعودی عرب میں کورونا وائرس کووڈ-19 کے 1681 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ وزارت صحت نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر کے ذریعہ یہ اطلاع دی۔ سعودی عرب میں متاثرہ افراد کی تعداد کل 83384 ہوگئی ہے جبکہ اس دوران 22 اموات سامنے آنے کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 480 تک پہنچ گئی ہے۔ سعودی عرب میں 1870 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد یہ تعداد 58883 ہوگئی ہے۔ وزیر صحت توفیق الرابعیہ نے ٹوئیٹ کرکے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔