اہم خبریں: دہلی-این سی آر میں محسوس کیا گیا زلزلہ کا تیز جھٹکا، روہتک تھا مرکز

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

29 May 2020, 9:43 PM

دہلی-این سی آر میں محسوس کیے گئے زلزلے کے 2 جھٹکے

دہلی-این سی آر میں آج رات تقریباً 9 بجے زلزلہ کا تیز جھٹکا لوگوں نے محسوس کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جھٹکا دو مرتبہ محسوس کیا گیا اور دوسرا جھٹکا پہلے کے مقابلے کمتر تھا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی رفتار 4.6 درج کی گئی ہے اور اس کا مرکز ہریانہ واقع روہتک تھا۔

29 May 2020, 9:14 PM

دہلی حکومت نے راجدھانی کے چار بڑے ہوٹلوں کو اسپتال میں تبدیل کرنے کا کیا فیصلہ

دہلی کی کیجریوال حکومت نے راجدھانی کے چار بڑے ہوٹلوں کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور انھیں اسپتالوں کے ساتھ جوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے ان ہوٹلوں کو اسپتال کے کام میں لایا جائے گا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت نے ہوٹل کراؤن پلازہ، سوریہ ہوٹل، ہوٹل جیویتیش اور ہوٹل شیریٹن کو اپنے قبضے میں لے کر کورونا اسپتال بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

29 May 2020, 8:12 PM

مشہور ماہر نجومیات بے جان دارو والا کی کورونا سے موت

مشہور و معروف ماہر نجومیات بے جان دارو والا کی جمعہ کے روز کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت واقع ہو گئی۔ انھوں نے 90 سال کی عمر پائی اور گجرات واقع احمد آباد کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی۔ گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے بے جان دارو والا کے انتقال کی خبر دی اور اپنے غم کا اظہار کیا۔


29 May 2020, 7:00 PM

مالی سال 20-2019 میں ہندوستان کی جی ڈی پی شرح ترقی محض 4.2 فیصد

کورونا بحران کے درمیان معاشی شعبہ میں بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ وزارت برائے اسٹیٹسٹکس اینڈ پروگرام امپلیمنٹیشن کے مطابق 19-2018 میں 6.1 فیصد کے مقابلے میں 20-2019 کے دوران جی ڈی پی میں 4.2 فیصد ترقی کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

29 May 2020, 5:45 PM

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے یکم جون سے سبھی مذہبی مقامات کو کھولنے کا کیا اعلان

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”عبادت کے سبھی مقامات یعنی مسجد، مندر، گرودوارہ کھولے جائیں گے، لیکن ایک وقت پر 10 سے زیادہ لوگوں کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ مذہبی مقامات پر کوئی جلسہ نہیں ہوگا۔ اسے یکم جون سے نافذ کیا جائے گا۔“


29 May 2020, 5:03 PM

اجیت جوگی کا انتقال چھتیس گڑھ ریاست کے لیے ایک بڑا خسارہ: بھوپیش بگھیل

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ اجیت جوگی کے انتقال پر اظہار غم کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”چھتیس گڑھ کے پہلے وزیر اعلیٰ اجیت جوگی کا انتقال چھتیس گڑھ ریاست کے لیے ایک بڑا خسارہ ہے۔ ہم سبھی ریاست کے باشندوں کی یادوں میں وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔“

29 May 2020, 4:12 PM

چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ اجیت جوگی کا انتقال

چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ اجیت جوگی کے بیٹے امت جوگی نے ان کے انتقال کی خبر اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے دی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”20 سالہ نوجوان چھتیس گڑھ ریاست کے سر سےآج اس کے والد کا سایہ اٹھ گیا۔ صرف میں نے ہی نہیں بلکہ چھتیس گڑھ نے لیڈر نہیں، اپنا والد کھویا ہے۔“


29 May 2020, 3:12 PM

چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ اجیت جوگی کی حالت نازک

چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ اجیت جوگی کو ایک بار پھر ہارٹ اٹیک آیا ہے۔ نارائنا اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سنیل کھیمکا نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ خبروں کے مطابق 27 مئی کی رات انھیں ہارٹ اٹیک آیا تھا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے کافی کوششوں کے بعد ان کی حالت کو قابو میں لایا ہے۔ فی الحال اجیت جوگی کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔

29 May 2020, 2:11 PM

گوا کے وزیر اعلیٰ نے لاک ڈاؤن مزید 15 دن بڑھانے کا کیا مطالبہ

گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملے کے پیش نظر لاک ڈاؤن مزید 15 دنوں کے لیے بڑھایا جائے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ”میری وزیر داخلہ امت شاہ سے فون پر بات ہوئی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ لاک ڈاؤن جس حالت میں ہے، اسے آگے 15 جون تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ گوا میں ریسٹورینٹس، جِم، ہوٹل شروع ہونے چاہئیں۔ ابھی کووڈ-19 کا گراف بڑھ رہا ہے، لاک ڈاؤن مزید 15 دن بڑھنا ہی چاہیے۔“


29 May 2020, 1:40 PM

چین سرحد کے حالات پر خاموشی توڑے حکومت:راہل

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے چین کی سرحد پر تناؤ کے حالات کے سلسلے میں حکومت کی خاموشی کو خطرناک بتایا اور کہا کہ بحران سے جوجھ رہے ملک کے عوام کو اصلیت بتائی جانی چاہیے۔ راہل گاندھی نے جمعہ کو ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’’بحران کے اس دور میں چین کی سرحد کے حالات کے سلسلے میں حکومت کی خاموشی سے قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں اور بے یقینی کا ماحول بنا ہوا ہے۔ حکومت کو ملک کے عوام کو صاف صاف بتانا چاہیے کہ سرحد پر ہو کیا رہا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ لداخ سے لے کر سکم تک چین کی سرحد پر اس ماہ کی شروعات سے تناؤ کے حالات ہیں اور دونوں طرف سے فوجیوں کی طرف سے پتھراؤ کے واقعات اور جھڑپیں ہوئی ہیں۔

29 May 2020, 1:11 PM

پارلیمنٹ کے ایک حصہ کو کیا گیا سیل، ایک افسر کورونا پازیٹو

پارلیمنٹ میں راجیہ سبھا سیکرٹریٹ کے ایک حصے کو سینیٹائزیشن کے لئے سیل کردیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک افسر کی کورونا مثبت رپورٹ پائے جانے کے بعد لیا گیا۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے یہ خبر دی ہے۔


29 May 2020, 12:39 PM

ملک کی صرف تین ریاستوں میں 57.42 فیصد کورونا متاثر مریض

نئی دہلی: عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ ۔19) مہاراشٹر ، تمل ناڈو اور ملک کے قومی دارالحکومت دہلی میں سب سے زیادہ تباہی کا باعث بنا ہے اور اب تک ان تینوں ریاستوں میں 95199 افراد کو متاثر کیا ہے، جو ملک میں اب تک اس جان لیوا وائرس سے متاثر کل آبادی کا 57.42 فیصد ہے۔ ان تینوں ریاستوں میں اب تک 2443 افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ جمعہ کی صبح مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 7466 نئے کیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 165799 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس انفیکشن کی وجہ سے مجموعی طور پر 4706 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور 71106 افراد ٹھیک ہوگئے ہیں۔

29 May 2020, 12:24 PM

دنیا کی سب سے بڑی کورونا ٹیسٹنگ لیب ہندوستان میں تیار ہوگی

نئی دہلی: انڈین ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ (آئی آئی ٹی) کے سابق طالب علموں نے کورونا وبا (كووڈ -19) کے متاثرین کی جانچ کے لئے دنیا کی سب سے بڑی ٹیسٹنگ لیب تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی آئی ٹی ایلومنائی کونسل نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ ممبئی میں کورونا کے ٹیسٹ کے لئے ایک میگا لیب بنائے گی جس کے ذریعہ ہر ماہ ایک کروڑ لوگوں کا ٹیسٹ کیا جاسکے گا۔ کونسل کے صدر روی شرما نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ دنیا میں کورونا کا ٹیکہ تیار کرنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن کونسل نے وائرس کے ماہرین سے رابطہ کرکے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ممبئی میں ایک بہت بڑی لیب بنائی جائے۔ اس کے لئے گلوبل پارٹنرس کی تلاش اور انہیں مدعو کیا جا رہا ہے۔ آئی آئی ٹی کے تقریباً ایک ہزار سابق طالب علم دنیا بھر میں اپنی سطح پر کوششیں کرکے اس خاص پروجیکٹ کو پورا کرنے میں مصروف ہیں۔ اس لیب میں روبوٹ ٹیکنالوجی کااستعمال کیا جائے گا اور دیگر متعدی امراض کی جانچ بھی ہوگی۔ اس میں مستقبل میں ہر ماہ دس کروڑ لوگوں کے ٹیسٹ کی سہولت ہوگی۔


29 May 2020, 11:54 AM

الشباب کے دہشت گردوں نے نو ڈاکٹروں کو قتل کیا

ماسکو: الشباب دہشت گرد گروہ کے دہشت گردوں نے جنوبی صومالیہ میں اغوا کرکے نو ڈاکٹروں کو قتل کردیا۔ مقامی خبر کے مطابق ڈاکٹروں کی لاشیں شابیلے صوبے کے بلاد شہر کے نزدیک ملیں۔ سبھی ڈاکٹروں کی عمر زیادہ نہیں تھی اور وہ مقامی اسپتال میں کام کرتے تھے۔ صومالیہ 1990 دہائی کی شروعات سے خانہ جنگی کا شکار ہے۔ الشباب کے دہشت گرد اکثر یہاں حملے کرتے رہتے ہیں۔

29 May 2020, 11:11 AM

ناندیڑ میں سڑک حادثے میں بزرگ جوڑے کی موت

ناندیڑ: مہاراشٹر کے ناندیڑ- ناگپور قومی شاہرہ پر ہد گاؤں تحصیل میں جمعہ کی صبح ایک موٹرسائکل اور ٹرک کی ٹکر میں بزرگ جوڑے کی موت ہوگئی۔ اس حادثے میں موٹرسائکل پر سوار کاشی ناتھ بھیمہ راٹھوڑ(65) اور ان کی اہلیہ سولوچنا (60) کی موت ہوگئی جبکہ کاشی ناتھ نے اسپتال لےجاتے وقت دم توڑ دیا۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ ہد گاؤں پولیس نے ڈرائیور کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے۔


29 May 2020, 10:40 AM

میکسیکو میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 9 ہزار کے پار

میکسیکو سٹی:میکسیکو میں کورونا وائرس کی وجہ سے پچھلے 24 گھنٹوں میں 447 لوگوں کی موت کے ساتھ ہی یہاں اس انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 9044 پہنچ گئی ہے۔ نائب وزیر صحت ہوگو لوپیز گیٹیل نے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں یہاں کورونا کے 3377 نئے معاملے سامنے آئے اور اب تک کل متاثرہ مریضوں کی تعداد 81400 ہوگئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ 11 مارچ کو کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیا تھا۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اب تک دنیا بھر میں کورونا سے 58 لاکھ لوگ متاثر ہیں اور 359000 لوگوں کی اس سے موت ہوئی ہے۔

29 May 2020, 10:14 AM

مصر، ایک دن میں کورونا کے 1000 سے زیادہ معاملے

قاہرہ: مصر میں ایک دن میں کورونا وائرس کے 1127 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی یہاں اس سے متاثرین کی تعداد 20793 پہنچ گئی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے اس بات کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 1127 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور 29 لوگوں کی اس سے موت ہوئی ہے۔ افسروں کے مطابق اب تک یہاں 5359 مریض اس بیماری سے ٹھیک ہوئے ہیں اور کُل 845 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ اس سے پہلے انتظامیہ نے کورونا وائرس کے خطرے کو روکنے کےلئے کئی طرح کی پابندیاں لگائی تھیں اور سبھی عوامی ٹریفک کو روک دیا تھا۔


29 May 2020, 9:04 AM

سعودی عرب میں کورونا کے 1644 نئے معاملوں کی تصدیق

ریاض: سعودی عرب میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 1644 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے یہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 80185 پہنچ گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق کُل متاثرہ معاملوں میں 25191 فعال ہیں جبکہ 429 لوگوں کی حالت نازک ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں یہاں 3531 مریض ٹھیک ہوئے ہیں اور اب تک 54553 لوگ اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ سعودی عرب میں کورونا سے جمعرات کو 16 اور اموات ہوئی ہیں جس سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 441 ہوگئی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ اب تک 770696 ٹیسٹ کرائے جاچکے ہیں۔ سعودی عرب اور چین اس وبا سے نمٹنے کے لئے ایک دوسرے کی حمایت کر رہے ہیں۔ گزشتہ فروری میں سعودی عرب نے چین کو مدد کی تجویز دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔