اہم خبریں: 3 ملازمین کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد دہلی جل بورڈ کی دوسری منزل 30 مئی تک بند

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

28 May 2020, 7:09 PM

دہلی جل بورڈ کی 3 مزید ملازمین کورونا پازیٹو، دوسری منزل 30 مئی تک بند

دہلی جل بورڈ کی دوسری منزل کچھ ملازمین کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد بند کر دیا گیا تھا اور اب جب کہ مزید تین ملازمین کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آئی ہے تو اسے 30 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

28 May 2020, 6:14 PM

تبلیغی جماعت معاملہ: دہلی پولس نے 541 بیرون ملکی شہریوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی

تبلیغی جماعت معاملہ میں دہلی پولس کی کرائم برانچ نے 541 بیرون ملکی شہریوں کے خلاف 12 چارج شیٹ داخل کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ تبلیغی جماعت کے نظام الدین واقع مرکز میں لاک ڈاؤن کے دوران کئی ہندوستانی اور بیرون ملکی تبلیغی جماعت اراکین ٹھہرے ہوئے تھے جس کی وجہ سے کافی تنازعہ پیدا ہو گیا تھا۔ اسی تعلق سے دہلی پولس کرائم برانچ نے چارج شیٹ داخل کی ہے۔

28 May 2020, 5:14 PM

بس-ٹرین سے سفر کرنے والے مزدوروں سے کرایہ نہ وصولا جائے: سپریم کورٹ

مہاجر مزدوروں سے متعلق عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ جو بھی مزدور پیدل سڑک پر نظر آئے انھیں فوراً شیلٹر میں لے جایا جائے اور انھیں کھانا و بنیادی سہولیات دی جائیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ جو مزدور ٹرین اور بس سے بھیجے جا رہے ہیں ان سے کرایہ نہیں لیا جانا چاہیے۔ علاوہ ازیں عدالت نے کہا کہ ٹرین یا بس میں سفر کرنے والے مزدوروں کو حکومتیں کھانا دیں۔ اگر وہ ریل میں سفر کر رہے ہیں تو انھیں ریلوے کے ذریعہ کھانا مہیا کیا جانا چاہیے۔


28 May 2020, 3:51 PM

بی جے پی ترجمان سمبت پاترا میں ملی کورونا کی علامت، اسپتال میں داخل

بی جے پی ترجمان سمبت پاترا میں کورونا وائرس کی علامت نظر آنے کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق انھیں گڑگاؤں کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ ان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو ہے یا نہیں۔

28 May 2020, 3:17 PM

اسپیک اَپ انڈیا کے ذریعہ پرینکا گاندھی نے بھی اٹھائی ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آواز

کانگریس کے ذریعہ شروع ہوئی مہم ’اسپیک اَپ انڈیا‘ کے تحت پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آواز اٹھائی۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک پیغام شیئر کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ساتھ مل کر ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آواز اٹھائیں۔ میں آواز اٹھا رہی ہوں، آپ بھی اٹھائیں۔“


28 May 2020, 2:16 PM

اسپیک اَپ انڈیا: راہل گاندھی نے مودی حکومت سے کیے 4 مطالبات

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کورونا بحران کے درمیان ’اسپیک اَپ انڈیا‘ مہم کے تحت ملک کے غریبوں کی آواز بلند کی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ”کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں ایک طوفان برپا ہے۔ سب سے زیادہ چوٹ غریب عوام کو لگی ہے۔ مزدوروں کو ہزاروں کلو میٹر پیدل بھوکے پیاسے چلنا پڑا۔“ اپنے ویڈیو پیغام میں راہل گاندھی نے مودی حکومت کے سامنے چار مطالبات رکھتے ہوئے کہا کہ ”سب سے پہلے ہر غریب فیملی کے بینک اکاؤنٹ میں مہینے کا 7500 روپے 6 مہینے کےلیے ڈالا جائے۔ دوسرا، منریگا کو 100 دن نہیں بلکہ 200 دن چلایا جائے۔ تیسرا، جو ہمارے چھوٹے اور میڈیم کاروبار ہیں، ان کے لیے فوراً ایک پیکیج تیار کیا جائے۔ چوتھا، جو ہمارے مزدور آج سڑکوں پر کھڑے ہیں، واپس گھر کے لیے لوٹ رہے ہیں، ان کو لوٹنے کے لیے فوری سہولت دی جائے۔“

28 May 2020, 1:12 PM

اروناچل پردیش میں کورونا کے تیسرے معاملے کی تصدیق

ایٹا نگر: اروناچل رپدیش میں کورونا انفیکشن کا ایک اور معاملہ سامنے آنے سے ریاست میں متاثرین کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔ ریاست میں اس وقت اس وائرس کا ایک سرگرم معاملہ ہے جبکہ دو لوگ اس سے صحت مند ہوچکے ہیں۔ ریاست کے ہیلتھ سکریٹری پی پرتیبن نے یو این آئی کو بتایا کہ چنئی سے آنے والے شخص کی بدھ کے روز کورونا جانچ کی گئی جس میں وہ پازیٹو پایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ شخص کوارنٹائن مرکز میں تھا لیکن پازیٹو پائے جانے کے بعد اسے کووڈ کیئر سینٹر میں منتقل کردیا گیا ہے۔ اس دوران ریاست کے وزیراعلی پیما کھانڈو نے سوشل میڈیا پر لکھا ’’ایک اور شخص بدھ کی رات کورونا پازیٹو پایا گیا۔ مریض کو کوارنٹائن سینٹر سے کووڈ۔ 19 کیئر سینٹڑ میں شفت کردیا گیا ہے‘‘۔


28 May 2020, 12:40 PM

ناسک میں کورونا متاثرین کے 48 نئے معاملے

ناسک: مہاراشٹر کے ناسک ضلع میں کورونا وائرس (کووڈ -19) سے اور 48 لوگوں کے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد یہاں کُل متاثرین کی تعداد 1058 ہوگئی۔ ضلع انتظامیہ کے افسروں نے بتایا کہ بدھ کو 204 مشتبہ معاملوں کی جانچ رپورٹ ملی، جن میں 199 رپورٹ نگیٹو رہیں، جبکہ 48 معاملوں میں انفیکشن کی تصدیق ہوئی۔ مالیگاؤں میں گزشتہ دو دن سے کورونا متاثرین کا ایک بھی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا لیکن پچھلے 24 گھنٹوں میں اچانک 17 معاملوں کا پتہ چلا۔ ان میں چھ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں اب تک 1058 لوگ کورونا وائرس کی زد میں آئے ہیں، جن میں 138 ناسک شہر،157 دیہی علاقوں، 715 مالیگاؤں اور 48 ضلع کے باہر سے ہیں۔ اس کے علاوہ اب تک 60 لوگوں کی اس بیماری سے موت ہوچکی ہے جبکہ 739 لوگ ٹھیک ہوچکے ہیں، جنہیں اسپتالوں سے چھٹی دی جاچکی ہے۔ فی الحال ضلع میں 259 معاملے فعال ہیں۔

28 May 2020, 12:40 PM

مہاراشٹر اور تمل ناڈو میں ابھی تک 75493 افراد کورونا سے متاثر، 2030 افراد کی موت

نئی دہلی: مہاراشٹرا اور تمل ناڈو میں عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ-19) کا قہر اب بھی جاری ہے اور ان دو ریاستوں میں اب تک 75493 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 2030 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ جمعرات کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 6566 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 158333 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس انفیکشن کی وجہ سے مجموعی طور پر 4531 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور 67692 افراد ٹھیک ہوئے ہیں۔


28 May 2020, 11:11 AM

مصر میں کورونا کے تقریباً 20 ہزار معاملے

قاہرہ: مصر میں کورونا وائرس کے 910 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی یہاں اس سے متاثر مریضوں کی تعداد 19666 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان نے اس کی اطلاع دی۔ خالد مغیث نے بیان جاری کرکے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 910 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور 19 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک یہاں 816 لوگوں کی کورونا سے موت ہوچکی ہے جبکہ 5205 لوگ صحت مند ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا کے 50 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ مریض ہیں اور اس سے 354000 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

28 May 2020, 10:04 AM

ترکی میں کورونا کے 1035 نئے معاملے

انقرہ: ترکی می کورونا وائرس کے 1035 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی ملک میں کورونا سے متاثر مریضوں کی تعداد 159797 ہوگئی ہے۔ ترکی کے وزیر صحت فخر الدين قوجة نے بدھ کے روز اس کی اطلاع دی۔ وزیر نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور اب تک یہاں 4431 لوگوں کی کورونا سے موت ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1286 مریض صحت مند ہوئے ہیں۔ قوجہ کے مطابق ایک دن میں یہاں کورونا کے 21043 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اب تک کل 1894650 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔


28 May 2020, 8:58 AM

امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ

واشنگٹن: امریکہ میں کورونا وائرس کی زد میں آکر مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ این بی ایس نیوز کاؤنٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ امریکہ میں اب تک کورونا کے 16 لاکھ 90 ہزار معاملے سامنے آئے ہیں، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔ کل متاثرین لوگوں میں 62 ہزار ڈاکٹر، نرس اور دیگر طبی عملہ شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */