اہم خبریں: مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کی حالت ہنوز نازک، ہیلتھ بلیٹن جاری

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

16 Jun 2020, 10:50 PM

مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کی حالت اب بھی نازک

مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کا علاج اس وقت اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ واقع میدانتا اسپتال میں چل رہا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اب بھی لال جی ٹنڈن کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور وہ الیکٹیو وینٹی لیٹر سپورٹ پر ہیں۔ میدانتا اسپتال نے شام کو جاری کردہ ہیلتھ بلیٹن میں جانکاری دی ہے کہ ان کی حالت نازک، لیکن مستحکم ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپتال میں کریٹیکل کیئر ایکسپرٹ کی ٹیم ان کی صحت پر گہرائی کے ساتھ نظر رکھے ہوئی ہے۔

16 Jun 2020, 9:13 PM

مرکزی حکومت چین کے ساتھ سرحدی معاملے کی واضح تصویر پیش کرے: اکھلیش یادو

ہند۔چین کے مابین سرحدی تنازع، چینی فوج کی دراندازی اور تین بہادر جانبازوں کے شہید ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سماجو ادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو کہا کہ مرکزی حکومت کو سرحد پر حقیقی حالات سے ملک کی عوام کا آگاہ کرنا چاہئے۔ اکھلیش یادو نے چین کی دھوکے بازی کے سلسلے میں ایس پی فاؤنڈر ملائم سنگھ یادو کے لوک سبھا میں دئیے گئے بیان کا ویڈیو بھی شئیر کیا۔ ایک منٹ 59 سکنڈ کی اس ویڈیو میں ملائم سنگھ ہندوستانی حکومت کو چین سے محتاط رہنے کی نصیحت کررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اکھلیش نے کہا کہ ”چین کی طرف سے خطرے اور چیلنجز کے سلسلے میں ایس پی نگراں نے وقت وقت پر سرکاروں کو آگاہ کیا ہے لیکن حکومت کا رویہ اس ضمن میں کافی مایوس کن رہا ہے۔“ ساتھ ہی انہوں نے مرکزی حکومت سے سوال کیا کہ وہ جواب کب دے گی؟

16 Jun 2020, 8:11 PM

مغربی بنگال: کورونا کے 415 نئے معاملوں سے دہشت، 10 مزید افراد ہلاک

ہندوستان میں کورونا کے بڑھتے قہر کے درمیان مغربی بنگال میں آج کورونا انفیکشن کے 415 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے ریاست کے لوگوں میں دہشت کا عالم ہے۔ اس درمیان 10 مزید افراد کی موت بھی واقع ہو گئی ہے جس سے مجموعی طور پر مغربی بنگال میں مہلوکین کی تعداد 495 پہنچ گئی ہے۔


16 Jun 2020, 7:12 PM

مہاراشٹر: پالگھر ہجومی تشدّد معاملے میں گرفتار 11 ملزمین کورونا وائرس کا شکار

پال گھر میں ہجومی تشدد کے دوران ایک سادھو کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار 11 ملزمین کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں اس طرح کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پال گھر ہجومی تشدّد کے معاملے میں گرفتار یہ 11 ملزمین کی کوویڈ-19 جانچ رپورٹ مثبت پائی گئی۔ یہ تمام ملزمین کو عدالتی احکامات کے مطابق 3 دن قبل عدالتی تحویل میں دیا گیاتھا ۔ اس سے قبل یہ ملزمین واڑا پولس اسٹیشن میں تھے۔ پالگھر ہجومی تشدّد کے معاملے میں پولس نے جملہ 17 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ اور انھیں 3 روز قبل تک واڑا پولس کی کسٹڈی میں رکھا گیا تھا۔ ان تین ملزمین میں سے 11 ملزمین کی جانچ رپورٹ مثبت پائی گئی۔ انکی کی روپورٹ مثبت آنے کے بعد احتیاطی اقدامات اٹھائے جا ریے ہیں۔

16 Jun 2020, 5:55 PM

دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ظفرالاسلام خان سے دہلی پولس نے کی پوچھ تاچھ

دہلی پولس کی اسپیشل سیل نے دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ظفرالاسلام خان سے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی۔ یہ پوچھ تاچھ اسپیشل سیل نے جنک پوری واقع اپنے دفتر میں کی۔ اس سے قبل پیر کے روز اسپیشل سیل نے ظفرالاسلام خان کو نوٹس بھیجا تھا اور پوچھ تاچھ میں شامل ہونے کے لیے کہا تھا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق منگل کی صبح تقریباً 11.30 بجے ظفرالاسلام خان اسپیشل سیل کے دفتر پہنچے اور تقریباً ڈھائی گھنٹے کی پوچھ تاچھ کے بعد باہر نکلے۔ واضح رہے کہ ظفرالاسلام خان کے خلاف ملک سے بغاوت کا کیس درج ہے۔


16 Jun 2020, 4:42 PM

اتر پردیش: وزیر اعلیٰ ہیلپ لائن نمبر میں کام کرنے والے 88 اہلکار کورونا پازیٹو

کورونا وائرس کا قہر مہاراشٹر، دہلی، گجرات اور تمل ناڈو کے ساتھ ساتھ اتر پردیش میں بھی جاری ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق اتر پردیش میں وزیر اعلیٰ ہیلپ لائن نمبر 1076 سے جڑی کمپنی میں کام کرنے والے 88 ملازمین کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس خبر سے ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا ہے۔ یہ بات سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ دفتر کی طرف سے کمپنی کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔ کمپنی پر لاک ڈاؤن گائیڈ لائنس پر عمل نہیں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

16 Jun 2020, 4:10 PM

ملک کی موجودہ صورت حال پر کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ 23 جون کو

ہندوستان میں کورونا کا قہر خوفناک صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ ایسے ماحول میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی انتہائی اہم میٹنگ 23 جون کو منعقد ہونے والی ہے۔ خبر رساں ادارہ اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ میٹنگ میں کورونا بحران کے سبب ملک کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا۔


16 Jun 2020, 3:10 PM

دہلی: وزیر صحت ستیندر جین کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ نگیٹو برآمد

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ نگیٹو برآمد ہوئی ہے۔ یہ خبر ان کے لیے خوش آئند ہے کیونکہ ڈاکٹروں نے کورونا کی علامت دیکھ کر انفیکشن کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔ لیکن بتایا جا رہا ہے کہ اب بھی انھیں بخار ہے، لیکن حالت پہلے سے بہتر ہے۔

16 Jun 2020, 2:30 PM

الٰہ آباد ہائی کورٹ سے یو پی کانگریس صدر اجے کمار للو کو ملی ضمانت

اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو کو الٰہ آباد ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ اجے کمار للو کو گزشتہ مہینے گرفتار کیا گیا تھا جب وہ مہاجر مزدوروں کے لیے بسیں بھیجے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔


16 Jun 2020, 12:59 PM

اتر پردیش حکومت کا سکریٹریٹ بھی بدعنوانی کا اڈہ: پرینکا گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا جو اساتذہ کی بھرتی گھپلے پر اتر پردیش حکومت پر مسلسل حملہ آور ہیں، نے آج یوگی حکومت پر سکریٹریٹ میں بدعنوانی سے متعلق ایک خبر کے ذکر کے ساتھ حملہ کیا اور کہا کہ اب یہ ثابت ہورہا ہے کہ ریاست کا سب سے بڑا دفتر یعنی اترپردیش سکریٹریٹ بھی بدعنوانی کا اڈہ بن گیا ہے۔

پرینکا گاندھی واڈرا نے ٹوئٹ کیا، "ریاست کا سب سے بڑا دفتر سکریٹریٹ اترپردیش کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت میں بدعنوانی کا مرکز بن گیا ہے۔ مویشی پروری کے محکمے کے گھپلے نے حکومت کے پورے بدعنوان نظام کو بے نقاب کردیا ہے۔ ریاست کے ایگزیکٹو مرکز کے گرد بدعنوانی ہی بدعنوانی ہے۔ کیا وزراء اور وزیر اعلی کو اس بارے میں کوئی اشارہ نہیں ملا۔ اگر ایسا ہے تو یہ حقیقت حیران کن ہے۔ یہ اترپردیش حکومت کے عملی طرز پر سوالیہ نشان ہے۔‘‘

16 Jun 2020, 12:13 PM

امریکی رکن پارلیمنٹ ٹام رائس کورونا سے متاثر

واشنگٹن: امریکی رکن پارلیمنٹ ٹام رائس اور ان کی اہلیہ اور بیٹا کورونا وائرس (کوویڈ ۔19) سے متاثر پائے گئے ہیں۔ اس کا اعلان خود ٹام رائس نے کیا ہے۔ امریکی ریاست جنوبی کیرولینا سے تعلق رکھنے والے ایک ریپبلکن رکن نے پیر کو فیس بک پر لکھا ، "ہماری صحت بہتر ہو رہی ہے۔" انہوں نے کہا ، "ہم اپنا قرنطینہ وقت گزار رہے ہیں اور امید ہے کہ آپ سب کو دوبارہ ملیں گے۔" دوستو، براہ کرم اپنے ہاتھ دھوئیں، دیکھ بھال کریں۔ صحت مند رہیں، جلد ہی ملتے ہیں۔" امریکی پارلیمنٹ کے دیگر 6 ارکان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔


16 Jun 2020, 11:11 AM

مصر، کورونا سے ایک دن میں ریکارڈ 97 افراد ہلاک

قاہرہ: مصر میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں 97 افراد کی موت ہوجا نے سے یہ تعداد 1672 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ جانکاری وزیر صحت نے دی ہے۔ وزارت کے ترجمان خالد مجاہد نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں 1691 نئے کیسز سامنے آنے سے کورونا مریضوں کی تعداد 46289 ہوگئی ہے۔ ان کے مطابق 398 مریضوں کا کامیاب علاج کیا گیا ہے اور اب تک اس بیماری سے مجموعی طور پر 12329 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

مجاہد نے بتایا کہ مصر اس وبا کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت سے قریبی رابطے میں ہے۔ مصر میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 14 فروری کو سامنے آیا تھا اور یہاں کورونا سے پہلی موت 8 مارچ کو ہوئی تھی۔ گزشتہ 25 مارچ سے مصری حکومت نے کورونا سے بچاؤ کے لئے رات کا کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔ حکومت نے اتوار سے کرفیو کا وقت نو گھنٹے کی بجائے آٹھ گھنٹے کردیا تھا۔

16 Jun 2020, 10:34 AM

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین اسپتال میں داخل

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو تیز بخار کی وجہ سے راجیو گاندھی سپر اسپیشلٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے


16 Jun 2020, 10:04 AM

بڑھی قیمتیں فوراً واپس لی جائیں، سونیا گاندھی نے وزیر اعظم کو لکھا خط

پٹرول او رڈیزل کی مستقل بڑھ رہی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ ان بڑھی قیمتوں کو فوراً واپس لیں۔ سونیا گاندھی نے لکھا ہے کہ کووڈ بحران سے جوجھ رہے لوگوں پر اس وقت کسی قسم کا مالی بوجھ نہیں پڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے اور اس کا سیدھا فائدہ عام صارفین کو پہنچنا چاہیے نہ کہ کمپنیوں کو۔

16 Jun 2020, 9:43 AM

برازیل، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 20000 سے زیادہ معاملے

میکسکو سٹی: برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 20647 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جس سے یہاں متاثرین کی تعداد 888271 تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت صحت نے منگل کو اس کی اطلاع دی۔ اس دوران کل 627 اموات ہوئی ہیں اور برازیل میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 43959 ہوگئی ہے۔ برازیل میں پیر کو کورونا سے 612 اموات ہوئی تھیں۔ صحت انتظامیہ کے مطابق یہاں اموات کی شرح 4.9 فیصد ہے۔ برازیل امریکہ کے بعد ایسا دوسرا ملک ہے جہاں کورونا کے سب سے زیادہ معاملے ہیں۔ امریکہ میں کورونا سے 21 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہیں اور 116000 لوگوں کی موت ہوچکی ہیں۔


16 Jun 2020, 8:50 AM

امریکہ میں کورونا کیسز 21 لاکھ سے متجاوز

نیویارک: جان ہاپکنس یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے معاملات 21 لاکھ سے زائد ہوگئے ہیں۔ یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں اب تک مجموعی طور پر 2100749 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ یہاں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 115827 تک پہنچ گئی ہے۔ امریکہ کے نیویارک صوبہ میں کورونا کے سب سے زیادہ 383944 کیسز ہیں اور یہاں اب تک 30825 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ نیوجرسی، کیلیفورنیا، ایلینوس اور میساچیوسٹ میں ایک لاکھ سے زائد کیسز ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔