جھارکھنڈ میں بزرگ کی بھوک سے موت! تین مہینے سے نہیں مل رہا تھا راشن

جھارکھنڈ کے لاتیہار میں ایک 65 سالہ بزرگ کی بھوک کی وجہ سے موت ہو گئی، حالانکہ ریاست کی وزیر برائے سماجی بہبود نے اس موت کا سبب بھوک ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رانچی: جھارکھنڈ کے لاتیہار میں ایک بزرگ کی موت بھوک کی وجہ سے ہو جانے کی اطلاع ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق 65 سالہ رام چرن منڈا سے تین چار دنوں سے کھانا نہیں کھایا تھا کیوں کہ خاندان کو تین مہینے سے راشن نہیں مل پایا تھا۔ گھر پر تین دنوں سے اناج کا ایک دانہ نہیں تھا۔ اتنا ہی نہیں کچھ دنوں سے گھر میں چولہا تک نہیں جلا تھا۔

حالانکہ انتظامی افسران اس بات سے انکار کر رہے ہیں کہ موت بھو کی وجہ سے ہوئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ معاملہ کی جانچ چل رہی ہے۔

حالانکہ ریاست کی سماجی بہبود کی وزیر لوئس مرانڈی نے موت کی وجہ بھوک کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کئی مفاد عامہ کی اسکیمیں چلائی ہوئی ہیں اور کسی نہ کسی اسکیم کا فائدہ متوفی کو مل رہا ہوگا، لہذا یہ کہنا صحیح نہیں ہے کہ موت بھوک کی وجہ سے ہوئی ہے۔

وزیر نے کہا کہ معاملہ کی جانچ کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی مود کی اصل وجوہات معلوم ہو سکیں گی۔


فوت ہونے والے رام چرن منڈا کی بیٹی نے کہا، ’’تین مہینے سے خاندان کو راشن نہیں ملا تھا۔ اس لئے میرے والد نے چار دنوں سے کچھ نہیں کھایا تھا۔‘‘ بتایا جا رہا ہے کہ راشن کی ترسیل کرنے والے مقامی ڈیلر نے نیٹورک میں گڑبڑی کا بہانا بناکر تین مہینے سے راشن کی ترسیل نہیں کی ہے۔ جبکہ انتظامی افسران اس کی وجہ کچھ اور ہی بتا رہے ہیں۔ ایس ڈی ایم نے ٹوئٹ کر کے اس معاملہ پر وضاحت کی ہے۔

موت کی خبر نے جیسے ہی میڈیا میں گرردش کی ویسے ہی آناً فاناً میں انتظامیہ کے ہاتھ پیر پھول گئے۔ رام چرن منڈا کے خاندان کو فوری طور پر آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے پیسے فراہم کئے گئے۔ یوں تو رم چرن منڈا کی موت کی جانچ ہونی چاہئے لیکن اگر یہ موت بھوک کی وجہ سے ہوئی ہے تو یہ سرکاری مشینری کے کام کاج پر سوالہ نشان لگاتی ہے۔


ایک طرف تو حکومت اپنے منصوبوں کی خود تشہیر کرتے نہیں تھکتی اور گاؤں گاؤں تک اسکیموں کا فائدہ پہنچانے کا دعویٰ کرتی ہے اور دوری طرف آج بھی ملک میں بھوک سے اموات ہو رہی ہیں۔ حال ہی میں لوک سبھا انتخابات میں بڑی جیت کے بعد کئی ماہرین نے کہا تھا کہ مودی کے منصوبوں کی وجہ سے یہ جیت ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں اگر کوئی موت بھوک سے ہو رہی ہے تو حکومت کے لئے نہایت شرم کا مقام ہے اور زمینی حقیقت کچھ اور ہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Jun 2019, 8:10 AM