’آنجہانی شیلا دیکشت جدید دہلی کی معمار تھیں‘، یومِ پیدائش پر منعقد تقریب سے دیویندر یادو کا خطاب
دیویندر یادو نے کہا کہ شیلا دیکشت کی قیادت میں دہلی نے بنیادی ڈھانچے، پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیم و صحت کے شعبہ میں تاریخی ترقی ترقی۔

شیلا دیکشت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو و دیگر پارٹی لیڈران
’’سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی شیلا دیکشت جدید دہلی کی معمار تھیں۔ ان کی قیادت میں دہلی نے بنیادی ڈھانچے، پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیم و صحت کے شعبہ میں تاریخی ترقی کی۔ ان کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کا نظریہ ہمیں مستقل حوصلہ بخشتا رہے گا۔‘‘ یہ بیان دہلی کانگریس دفتر میں آنجہانی شیلا دیکشت کے یوم پیدائش پر منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے دیا۔ اس موقع پر دیویندر یادو کے علاوہ سندیپ دیکشت، نریندر ناتھ، کرن والیہ، انل بھاردواج، جتن شرما سمیت پارٹی کے دیگر لیڈران و کارکنان نے شیلا دیکشت کی تصویر پر گلپوشی کی۔
اس تقریب میں دیویندر یادو نے 1998 سے 2013 کے درمیان کی شیلا حکومت کی کچھ اہم حصولیابیوں کو یاد کیا۔ ساتھ ہی بی جے پی کی دہلی حکومت سے امید ظاہر کی کہ وہ شیلا دیکشت کے ذریعہ تیار کردہ عالمی سطح کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنا کر دہلی میں ترقی کرے گی، نہ کہ عآپ کی دہلی حکومت کی 11 سالہ مدت کار کی طرح دہلی کے تنظیمی ڈھانچے کو برباد کر کے صرف اشتہارات کے ذریعہ دہلی والوں گمراہ کرنے کا کام کرے گی۔
اپنے خطاب میں دیویندر یادو نے کہا کہ شیلا دیکشت کو جدید دہلی کا معمار کہا جاتا ہے، کیونکہ انھوں نے دہلی کی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کی اور منفعت بخش منصوبے چلائے۔ انھوں نے دہلی کے بجٹ کو ہمیشہ ریونیو سرپلس رکھا، جبکہ کیجریوال حکومت میں 31 سالوں کے بعد یہ خسارے میں پہنچ گیا۔ دہلی کانگریس صدر نے دہلی اسمبلی میں حزب اختلاف کی قائد آتشی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کیجریوال حکومت نے شیلا دیکشت کے 24 گھنٹے بجلی کے لیے تیار انفراسٹرکچر کا سہرا لینے کی کوشش کی، جبکہ انھوں نے دہلی کے بجلی نظام میں کوئی بہتری نہیں کی۔ انھوں نے دہلی کانگریس کے ذریعہ 400 میگا واٹ بجلی بغیر ٹنڈر کے خریدے جانے کے سوال پر خاموشی اختیار کرنے اور اشاروں میں الزام عائد کرنے کی مذمت کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔