افغانستان سے شمالی ہندوستان تک رات گئے زلزلے کی دہشت، پاکستان میں 9 افراد ہلاک، ایمرجنسی الرٹ جاری

زلزلہ کا مرکز افغانستان کے ہندوکش علاقہ میں تھا، تاہم اس سے پاکستان میں 9 افراد کے ہلاک ہونے اور تقریباٍ 200 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے

<div class="paragraphs"><p>زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہونے پر باہر نکلے لوگ / آئی اے این ایس</p></div>

زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہونے پر باہر نکلے لوگ / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: گزشتہ شب دہلی این سی آر سمیت پورے شمالی ہند میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ لوگوں میں زلزلہ کی سب سے زیادہ دہشت نظر آئی اور خوف زدہ لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ کا مرکز افغانستان کے ہندوکش علاقہ میں تھا، تاہم اس سے پاکستان میں 9 افراد کے ہلاک ہونے اور تقریباٍ 200 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ جبکہ افغانستان میں دو افراد کی جان گئی ہے۔

ہندوستان میں زلزلے کا اثر دہلی-این سی آر، اتر پردیش، جموں کشمیر، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، پنجاب اور مدھیہ پردیش دیکھ گیا۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ اونچی عمارتوں کا بھی یہی نظاہرہ تھا اور یہاں کے مکین بھی اپنے اپارٹمنٹس سے باہر نکل آئے۔ گھبراہٹ میں آنے والوں میں بوڑھے، خواتین اور چھوٹے بچے بھی شامل تھے جب کہ کچھ لوگ اپنے پالتو جانور بھی ساتھ لے آئے تھے۔


لوگوں نے گھروں سے ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگوں کے گھروں کے بجلی کے پنکھے اور دیگر چیزیں ہل رہی تھیں۔ لوگوں نے اپنے رشتہ داروں کی خیریت معلوم کرنے کے لیے ان سے فون پر بات کی۔

رپورٹ کے مطابق زلزلہ کے ہندوستان، پاکستان اور افغانستان میں زلزلے کے جھٹکے رات 10.20 پر محسوس کئے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.6 بتائی گئی ہے۔ ہندوستان میں جان و مال کے نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، افغانستان میں ایک بچے سمیت دو افراد کی موت ہوئی ہے۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ ملک بھر کے صحت مراکز کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ کابل کے رہائشی نور محمد نے بتایا کہ انہوں نے رات کو سڑک پر ہی خیمہ لگا لیا اور بچوں کے ساتھ اسی میں رات گزاری۔ ان کا کہنا تھا کہ زلزلے کے جھٹکے اتنے تیز تھے کہ وہ پوری رات گھر لوٹنے کی ہمت نہیں کر پائے۔


پاکستان کی بات کریں تو یہاں 9 افراد کی ہلاکت کے علاوہ متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ لہذا انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن چلایا گیا۔ ملک کے اسپتالوں کے لئے ایمرجنسی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں زلزلہ کے بعد 3.7 کی شدت کا آفٹر شاک (زلزلہ کے بعد کا جھٹکا) بھی محسوس کیا گیا۔

خیال رہے کہ افغانستان میں گزشتہ سال جون میں زلزلہ آیا تھا، جس میں ایک ہزار افراد کی جان چلی گئی تھی اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے تھے۔ اس وقت زلزلہ کی شدت 5.9 قرار دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ابھی حال ہی میں فروری میں ترکی اور شام میں زلزلہ کی تباہ کاریاں پوری دنیا دیکھ چکی ہے۔ یہاں 55 ہزار افراد ہلاک ہو گئے اور لاکھوں عمارتیں زمین دوز ہو گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔