سرکاری اعزاز کے ساتھ منوہر پاریکر کی آخری رسومات ادا

منوہر پاریکر کی آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران وزیرعظم نریندر مودی، گوا کی گورنر مردولا سنہا، بی جے پی کے صدر امت شاہ، وزیر دفاع نرملا سیتا رمن سمیت کئی رہنما موجود رہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پنجی: گوا کے وزیر اعلی منوہر پاریکر کی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ پیر کی شام کو آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کافی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ منوہر پاریکر کے بیٹے نے ان کی چتا کو آگ (مکھیہ اگنی) دی۔

منوہر پاریکر کی آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران وزیر اعلیٰ نریندر مودی، گوا کی گورنر مردولا سنہا، بی جے پی کے صدر امت شاہ، وزیر دفاع نرملا سیتا رمن سمیت کئی رہنما موجود رہے۔ واضح رہے کہ طویل علالت کے بعد اتوار کی دیر شام منوہر پاریکر کا انتقال ہو گیا تھا۔

مرکزی حکومت نے سابق وزیر دفاع اور چار مرتبہ گوا کے وزیر اعلی رہے منوہر پاریکر کے انتقال پر آج ایک دن کا قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، اس دوران سرکاری دفاتر میں قومی پرچم سرنگوں رہے۔ گوا میں 7 دن کے ریاستی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

قبل ازیں پاریکر کے جسد خاکی کو آخری دیدار کے لئے صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے دس بجے تک پارٹی دفتر میں رکھا گیا۔ اس کے بعد اسے ’کلا اکیڈمی‘ لے جایا گیا جہاں 11 بجے سے شام چار بجے تک عام لوگوں نے اپنے لیڈر کو خراج عقیدت پیش کی۔

منوہر پاریکر کے جسد خاکی کو چار بجے ميرامر لے جایا گیا جہاں سے ان کا آخری سفر شروع ہوا۔ شام کو ان کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔

منوہر پاریکر کے انتقال کے بعد گوا میں وزیر اعلیٰ کا عہدہ خالی ہو گیا ہے۔ صوبہ کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس ہے جس کے پاس 14 ارکان اسمبلی ہیں۔ کانگریس نے گورنر مردولا سنہا سے ملاقات کر کے حکومت سازی کا دعوی پیش کر دیا ہے۔ وہیں بی جے پی کا کہنا ہے کہ پیر کے روز ہی نیا وزیر اعلیٰ حلف لے لے گا، حالانکہ تا حال اس پر کوئی رسمی اعلان نہیں ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔