ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات آج ادا ہوں گی، سیفئی میں رات بھر لگا رہا آخری دیدار کرنے والوں کا تانتا، یوگی-اعظم نے پیش کیا خراج عقیدت

ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی، سیفئی میں آخری دیدار کے لئے رات بھر لوگوں کا تانتا لگا رہا۔ وزیرا علیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور سماجوادی لیڈر اعظم خان نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا

ملائم سنگھ یادو / آئی اے این ایس
ملائم سنگھ یادو / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے سرپرست اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو کا گزشتہ روز (10 اکتوبر کو) میدانتا اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ ان انتقال پر ریاست سمیت بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ سیفئی میں آخری دیدار کے خواہش مند افراد کا رات بھر تانتا لگا رہا۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور بیمار اعظم خان نے بھی یہاں پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات آج (11 اکتوبر) سہ پہر 3 بجے اٹاوہ میں ان کے آبائی گاؤں سیفئی میں سرکاری اعزاز کے ساستھ ادا کی جائیں گی۔ آخری رسومات سے قبل ان کی میت کو صبح 10 بجے سے سیفئی کے میلہ گراؤنڈ میں آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا۔ یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی اہم لیڈروں کے آخری رسومات میں شامل ہونے کی توقع ہے۔ مرکزی وزرا بشمول وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، اوم برلا، ہیمنت سورین بھی خراج عقیدت پیش کرنے آئیں گے۔


ملائم سنگھ یادو کے انتقال کے بعد سیاسی حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے انتقال پر ہر رہنما نے دکھ کا اظہار کیا۔ سماج وادی پارٹی کی خواتین ایم ایل اے وجما یادو اور سابق وزیر اروند سنگھ گوپ تو ملائم کی یاد میں پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔ وزیر اعظم مودی گجرات میں اپنے خطاب کے دوران انہیں یاد کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔

کافی دنوں سے علیل چل رہےا اعظم خان ایمبولینس کے ذریعے ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات میں شامل ہونے کے لئے پہنچیں گے، ان کے ساتھ ڈاکٹروں کی ٹیم بھی ہوگی۔ عبداللہ اعظم نے اس کی تصدیق کی ہے۔ کانگریس کے تمام لیڈران سمیت راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی بھی آخری رسومات میں شرکت کے لئے سیفئی پہنچ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ راجناتھ سنگھ، تیجسوی یادو، بھوپیش بگھیل، برجلال کھابری، نکول دوبے، بھوپیندر چودھری، ایس پی سنگھ بگھیل، راجا بھیا، پرمود تیواری، تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ، یوپی کے ڈپٹی سی ایم کیشو موریہ، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور ورون گاندھی بھی ان کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔


راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت کانگریس کے تمام لیڈر بھی آخری رسومات میں جا سکتے ہیں۔ بی جے پی لیڈروں کے ساتھ چارٹر طیارہ دہلی سے سیفئی لے جانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، راجناتھ سنگھ کی قیادت میں سبھی لیڈر آج سیفئی جائیں گے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر بہار میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اسی دوران، اڈیشہ کے ریت آرٹسٹ سدرشن پٹنائک نے پوری بیچ پر ملائم سنگھ یادو کو اپنے فن سے خراج عقیدت پیش کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔