مہاراشٹر میں زبان پر ہنگامہ جاری، مراٹھی نہیں بولنے پر آٹو ڈرائیور کی پٹائی کا ویڈیو وائرل

شیو سینا (یو بی ٹی) کے ادئے جادھو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی مراٹھی زبان، مہاراشٹر یا مراٹھی لوگوں کی توہین کرے گا تو اسے شیو سینا کے طریقے سے جواب ملے گا

<div class="paragraphs"><p>مراٹھی نہیں بولنے پر آٹو ڈرائیور سے ہاتھ جوڑ کر معافی منگوائی گئی۔ ویڈیو گریب/یوٹویب</p></div>

مراٹھی نہیں بولنے پر آٹو ڈرائیور سے ہاتھ جوڑ کر معافی منگوائی گئی۔ ویڈیو گریب/یوٹویب

user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے پالگھر ضلع کے ورار میں ہفتہ کو ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کی پٹائی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیو سینا (یو بی ٹی) اور مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے کارکنان آٹو ڈرائیور کو مراٹھی زبان اور مہاراشٹر کے خلاف مبینہ طور پر ’قابل اعتراض‘ تبصرہ کرنے کے الزام میں سرعام پیٹ رہے ہیں۔

’دینک بھاسکر‘ کی خبر کے مطابق وائرل ویڈیو میں آٹو ڈرائیور کہہ رہا ہے، ’’ہندی اور بھوجپوری میں ہی بولوں گا، کیا کرو گے۔ مراٹھی نہیں بولتا ہوں۔‘‘ اس کے بعد شیو سینا کارکنان نے آٹو ڈرائیور کو پکڑا اور کان پکڑ کر مراٹھی میں ہاتھ جوڑ کر معافی منگوائی اور اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ ویڈیو میں ڈرائیور ہاتھ جوڑ کر کہتا ہے کہ غلطی ہو گئی ہے، اب مراٹھی میں بولوں گا۔ اس دوران اسے کئی تھپڑ مارے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی چھترپتی شیواجی مہاراج کے ’جئے کارے‘ بھی اس سے لگوائے گئے۔


وائرل ویڈیو کے مطابق یہ واقعہ ورار ریلوے اسٹیشن کے پاس ایک مصروف ترین سڑک پر پیش آیا۔ بتایا گیا کہ ڈرائیور جو دوسری ریاست کا شہری تھا، اس نے مراٹھی زبان، مہاراشٹر ریاست اور مراٹھی آئیکانس کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ دعویٰ ہے کہ ایک الگ ویڈیو پہلے سے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا تھا جس سے مقامی سیاسی تنطیموں اور لوگوں میں ناراضگی تھی۔

ہفتہ کو ایک گروپ جس میں خواتین بھی شامل تھیں، نے اس آٹو ڈرائیور کو تھپڑ مارا اور اسے عوامی طور سے ایک شخص اور اس کی بہن سے معافی مانگنے کے لیے مجبور کیا جن سے اس نے مبینہ طور پر بدسلوکی کی تھی۔ اس کے علاوہ اس سے مہاراشٹر اور اس کی ثقافت کی بھی عوامی طور پر ’توہین‘ کرنے کے لیے معافی منگوائی۔


شیو سینا (یو بی ٹی) ورار سٹی چیف ادئے جادھو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی مراٹھی زبان، مہاراشٹر یا مراٹھی لوگوں کی توہین کرے گا تو اسے شیو سینا کے طریقے سے جواب ملے گا۔ ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیور نے مہاراشٹر اور مراٹھی مانش کے خلاف بولنے کی ہمت دکھائی تھی، اس لیے اسے سبق سکھایا گیا اورلوگوں سے معافی منگوائی گئی۔

دوسری طرف پولیس نے بتایا کہ اسے ویڈیو کی جانکاری ہے لیکن اب تک اس معاملے میں کوئی باضابطہ شکایت نہیں ملی ہے، اس وجہ سے ابھی تک کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔