لالو پرساد لگاتار گیارہویں مرتبہ بنے آر جے ڈی صدر، 10 دسمبر کو لگے گی مہر

جس وقت پٹنہ واقع بیر چند پٹیل پتھ میں موجود آر جے ڈی ہیڈ کوارٹر میں لالو یادو کے نام کا پرچہ داخل کیا گیا، اس وقت اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو سمیت پارٹی کے سبھی سینئر لیڈران موجود تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو بھلے ہی مدت دراز سے جیل میں بند ہوں، لیکن جیل سے باہر ان کی مقبولیت و عزت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ اس کا پتہ اس بات سے بخوبی لگتا ہے کہ انھیں ایک بار پھر پارٹی کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ لگاتار گیارہویں مرتبہ پارٹی سربراہ بنے ہیں۔ 3 دسمبر کی دوپہر آر جے ڈی کے تنظیمی انتخاب میں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں چار سیٹوں میں لالو یادو کا پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا۔ رکن اسمبلی بھولا یادو نے ان کا نامزدگی پرچہ داخل کیا۔ چونکہ صدر عہدہ کے لیے واحد نامزدگی لالو یادو کے ہی نام سے تھا، اس لیے ان کا دوبارہ صدر بننا بھی طے تھا۔


میڈیا ذرائع کے مطابق لالو پرسا دکے ساتھ ہی ان کے بیٹے تیجسوی یادو کے نام کو بھی آگے بڑھائے جانے کی خبریں سامنے آ رہی تھیں لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ صرف لالو یادو کے نام کا پرچہ داخل کیے جانے کے بعد واضح ہو گیا کہ تیجسوی یادو سے متعلق جو بھی خبریں ہوا میں تیر رہی تھیں، وہ محض افواہیں تھیں۔ بہر حال، آر جے ڈی تشکیل کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب لالو یادو کی غیر موجودگی میں ان کا پرچہ نامزدگی داخل ہوا اور یہ کام ان کے نمائندے نے کیا۔

جس وقت پٹنہ واقع بیر چند پٹیل پتھ میں موجود آر جے ڈی ہیڈ کوارٹر میں لالو یادو کے نام کا پرچہ داخل کیا گیا، اس وقت اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو سمیت پارٹی کے سبھی سینئر لیڈران موجود تھے۔ خبروں کے مطابق قومی صدر کے انتخاب میں تقریباً 600 قومی کونسل کے رکن حصہ لیتے ہیں۔ یہ سبھی اراکین 10 دسمبر کو آر جے ڈی سربراہ کی شکل میں لالو یادو کے نام پر مہر لگائیں گے۔ لالو یادو فی الحال چارہ گھوٹالہ سے جڑے معاملے میں سزا یافتہ ہیں اور رانچی کے ریمس میں گزشتہ کچھ مہینوں سے علاج کرا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔