’میں جس جگہ پہ کھڑا ہوں کسی دلیل سے ہوں‘، بیمار لالو کا شاعری کے ذریعہ مخالفین پر حملہ

لالو پرساد یادو نے بہار کی سیاست میں انہیں گزرا ہوا تصور کرنے والے مخالفین پر ایک مرتبہ پھر اپنے شاعرانہ انداز میں حملہ کیا۔

فائل تصویر (یو این آئی)
فائل تصویر (یو این آئی)
user

قومی آوازبیورو

زیر بحث چارہ گھوٹالہ سے منسلک ایک معاملہ میں سزا کاٹ رہے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کا وقت بھلے ہی اچھا نہ چل رہا ہو لیکن انہیں بہار کی سیاست میں گزرا ہوا تصور کرنے والے مخالفین پر انہوں نے آج ایک مرتبہ پھر اپنے شاعرانہ انداز میں حملہ کیا ہے۔

آر جے ڈی کے سپریمو لالو پرساد یادو نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر ٹوئٹر کرتے ہوئے لکھا، ’’میں انقلاب پسندوں کی اک قبیل سے ہوں۔ جو حق پہ ڈٹ گیا اس لشکر قلیل سے ہوں۔ میں یوں ہی دست و گریباں نہیں زمانے سے میں جس جگہ پر کھڑا ہوں کسی دلیل سے ہوں۔‘‘

لالو پرساد یادو ایک مرتبہ پھر بیمار ہو گئے ہیں اور اس وقت رانچی کے اسپتال میں داخل ہیں۔ اس مرتبہ انہیں پیری اترتھرائیٹس نامی بیماری ہوئی ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے ان کا دایاں ہاتھ کام نہیں کر رہا ہے۔ گھٹنوں میں بھی درد کی شکایت ہے۔ ان کا علاج کر رہے ڈاکٹر اومیش نے بتایا کہ لالو پرساد یادو کی جانچ روزانہ کی جاتی ہے اور ان کے لئے فی الحال فیزیوتھیرپی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ وہ لگاتار ڈاکٹروں کی نگاہداشت میں ہیں۔

غور طلب ہے کہ چارہ گھوٹالہ میں سزا کاٹ رہے آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کی درخواست ضمانت جمعرات کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے نامنظور کر دیا تھا۔ مکر سنکرانتی کے موقع پر آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو ہر سال لگائے جانے والا لنگر اس مرتبہ ان کے بغیر ہی لگایا جائے گا۔ اس مرتبہ لالو پرساد یادو کو مکر سنکرانتی بھی قید میں ہی منانی پڑے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */