چارہ گھوٹالہ: لالو یادو چوتھے معاملہ میں بھی مجرم قرار

رانچی کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے لالو پرساد یادو سمیت 19 ملزمان کو مجرم قرار دے دیا ہے جبکہ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جگن ناتھ مشرا سمیت 12 ملزمان کو بری کر دیا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو سے وابستہ چارہ گھوٹالہ کے دمکا کیس میں عدالت نے فیصلہ سنا دیا ہے۔ رانچی کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے لالو پرساد یادو سمیت 19 ملزمان کو مجرم قرار دے دیا ہے جبکہ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جگن ناتھ مشرا سمیت 12 ملزمان کو بری کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق لالو یادو کو عدالت نے پیش ہونے کے لئے کہا تھا لیکن ان کے عدالت میں پہنچنے سے پہلے ہی ان کے خلاف فیصلہ سنا دیا گیا، حالانکہ ابھی سزا کا اعلان نہیں ہوا ہے۔

سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے اجیت کمار ورما، آنند کمار سنگھ، نند کشور، مہندر سنگھ ویدی، راج کمار، راجا رام، رگھو نندن پرساد، راجندر کمار اور سرمیندر داس کو مجرم قرار دیا ہے۔ جبکہ سابق وزیر اعلیٰ جگن ناتھ مشرا کے علاوہ ایم سی سوورنو، گھرو بھگت اور ادھیپ چند کو بری کر دیا گیا ہے۔

سی بی آئی کے وکیل نے کہا ’’دمکا کیس میں 12 لوگوں کو رہا کیا گیا ہے جبکہ 19 ملزام کو مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔ حالانکہ سزا کا اعلان ابھی نہیں ہوا ہے۔ عدالت میں 21، 22 اور 23 مارچ کو سزا پر بحث ہوگی اور ہر دن 6-6 مجرمان کو سزا سنائی جائے گی۔ ‘‘ تصور کیا جا رہا ہے کہ 22 مارچ کو سزا کا اعلان ہو سکتا ہے۔

قبل ازیں لالو یادو کو چارہ گھوٹالے سے وابستہ 3 دیگر معاملات میں مجرم ٹھہرایا جا چکا ہے اور وہ رانچی کی برسا منڈا جیل میں بند ہیں۔ جس چوتھے معامل میں لالو یادو کو مجرم قرار دیا گیا ہے وہ دمکا خزانہ سے وابستہ ہے اور اس میں بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور سابق وزیر اعلیٰ جگن ناتھ مشرا سمیت 31 لوگوں کو ملزم بنایا گیا تھا۔ اس معاملہ میں میں تین کروڑ، تیرہ لاکھ روپے کا غبن کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Mar 2018, 2:16 PM