لالو پرساد کو دہلی ایمس سے ملی چھٹی، 19 دنوں تک چلے علاج کے بعد اسپتال سے ہوئے ڈسچارج
سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی طبیعت رواں ماہ کے اوائل میں خراب ہو گئی تھی، جس کے بعد انھیں پٹنہ واقع پارس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، پھر انھیں بہتر علاج کے لیے دہلی ایمس میں داخل کیا گیا تھا۔

آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو دہلی ایمس سے آج ڈسچارج ہو گئے۔ ڈاکٹروں نے انھیں گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ اجازت انھیں 19 دنوں تک چلے علاج کے بعد ملی ہے۔ گزشتہ 2 اپریل کو دہلی ایمس میں لالو پرساد کو داخل کرایا گیا تھا۔ کچھ ضروری علاج اور ڈاکٹروں کی سخت نگرانی کے بعد صحت میں بہتری کو دیکھتے ہوئے آج انھیں ڈسچارج کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لالو یادو فی الحال دہلی میں ہی رہیں گے اور 4 مئی کے بعد پٹنہ جائیں گے۔ 4 مئی کو سنگاپور کے ڈاکٹر لالو یادو کا دہلی میں ہی روٹین چیک اَپ کریں گے، اس کے بعد پٹنہ روانگی ممکن ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو دہلی میں مزید کچھ وقت ٹھہریں گے۔ یعنی ڈاکٹروں کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی لالو پرساد کی پٹنہ روانگی ہو پائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو کی طبیعت خراب ہونے کے بعد رواں ماہ کے اوائل میں انھیں پٹنہ واقع پارس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس وقت بتایا گیا تھا کہ بلڈ شگر لیول زیادہ بڑھنے کی وجہ سے طبیعت ناساز ہو گئی تھی۔ فوری طور پر انھیں پارس اسپتال میں داخل کر کچھ ضروری ٹیسٹس کرائے گئے، اور پھر آناً فاناً دہلی ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔