لال بہادر شاستری کی برسی: کانگریس صدر کا خراج تحسین، کہا- ’ملک کی ترقی میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی‘

دوسرے وزیراعظم لال بہادر شاستری کی برسی کے موقع پر کانگریس اور پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ شاستری نے ملک کی ترقی کے لیے کئی اصلاحات کیں اور ’جے جوان جے کسان‘ کا نعرہ دیا

<div class="paragraphs"><p>لال بہادر شاستری / بشکریہ ایکس</p></div>

لال بہادر شاستری / بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے دوسرے وزیراعظم لال بہادر شاستری کی 58ویں برسی پر آج ملک بھر میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس اور پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے سادہ مزاجی اور بے لوث خدمت کے اس پیکر کو یاد کرتے ہوئے ان کی عظیم خدمات کا ذکر کیا۔

ملکارجن کھڑگے نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک جذباتی پوسٹ میں شاستری جی کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، ’’میری سمجھ سے انتظامیہ کا بنیادی خیال سماج کو متحد رکھنا ہے تاکہ وہ ترقی کر سکے اور اپنے اہداف کی جانب بڑھ سکے۔‘‘

کھڑگے نے انہیں ’جے جوان، جے کسان‘ کا نعرہ دینے والا عظیم رہنما قرار دیا اور کہا کہ وہ ایک مثالی شخصیت اور گاندھیائی اصولوں کے حقیقی پیروکار تھے۔ کھڑگے کے مطابق، شاستری نے زمین اصلاحات سے لے کر دودھ کی پیداوار میں انقلاب، ریل میں تھرڈ کلاس کا خاتمہ اور 1965 کی ہندوستان-پاکستان جنگ میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ ان کی سادگی اور خلوص ہمیشہ لوگوں کے لیے مشعل راہ رہے ہیں۔


کانگریس پارٹی نے بھی اپنے ایکس ہینڈل پر شاستری جی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ پارٹی کے پیغام میں کہا گیا، ’جے جوان-جے کسان‘ کا نعرہ دینے والے شاستری جی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان کا یہ قول آج بھی اہم ہے کہ آزادی کا تحفظ صرف فوجیوں کا کام نہیں بلکہ پوری قوم کو مضبوطی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ لال بہادر شاستری کی پیدائش 2 اکتوبر 1904 کو اتر پردیش کے شہر مغل سرائے میں ہوا۔ وہ نہرو کے بعد 1964 میں ملک کے وزیراعظم بنے اور 18 ماہ کی مختصر مدت تک یہ عہدہ سنبھالے رکھا۔ اس دوران انہوں نے زراعت اور دفاعی شعبوں میں انقلاب برپا کیا۔ شاستری جی کے دور میں 1965 کی جنگ ہوئی، جس میں ان کے قیادت کے فیصلے آج بھی تاریخ میں قابل ستائش ہیں۔

11 جنوری 1966 کو تاشقند معاہدے کے بعد وہ پراسرار حالات میں انتقال کر گئے اور ان کی موت آج تک کئی سوالات کے گھیرے میں ہے۔ ان کی قیادت، دیانتداری، اور اصولوں پر مبنی سیاست ہندوستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔