لکھیم پور تشدد: کلیدی ملزم آشیش مشرا پولیس کے سامنے پیش، کسانوں کی موت کے معاملہ میں پوچھ گچھ

کرائم برانچ نے آشیش مشرا کو صبح 11 بجے پیش ہونے کے لئے کہا تھا، آشیش 10.38 بجے ہی کرائم برانچ کے دفتر پہنچ گیا۔ پیشی کے حوالہ سے پولیس لائن میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں

لکھیم پور پولیس لائن / تصویر ویڈیو گریب
لکھیم پور پولیس لائن / تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ میں کلیدی ملزم اور مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کا بیٹا آشیش مشرا ہفتہ کی صبح لکھیم پور کھیری پولیس کی کرائم برانچ کے سامنے پیش ہو گیا۔ کرائم برانچ نے آشیش مشرا کو صبح 11 بجے پیش ہونے کے لئے کہا تھا، آشیش 10.38 بجے ہی کرائم برانچ کے دفتر پہنچ گیا۔ پیشی کے حوالہ سے پولیس لائن میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

آشیش مشرا کو پولیس نے طلب کیا ہے اس کے باوجود وہ گزشتہ روز تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوا تھا۔ آشیش کے نیپال فرار ہونے کے چرچے کے درمیان اجے مشرا نے ایک دن پہلے واضح کیا تھا کہ آشیش کہیں نہیں گیا ہے اور وہ کل ثبوتوں کے ساتھ پیش ہوگا۔


آشیش مشرا کرائم برانچ کی طرف سے دی گئی 11 بجے کی مدت سے تقریبا 22 منٹ قبل صبح 10.38 بجے کرائم برانچ کے دفتر پہنچ گیا۔ محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کرائم برانچ کے دفتر پہلے ہی پہنچ چکی تھی۔ تفتیشی ٹیم کے سامنے آشیش کی پیشی کے لیے پولیس لائن میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس لائن کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔ ہر جگہ رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں اور چپے چپے پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

قابل ازیں، جب لکھیم پور پولیس مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے گھر سمن لے کر پہنچی تھی تو وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔ چنانچہ پولیس وزیر مملکت کے گھر پر دوسرا نوٹس چسپاں کر کے آ گئی تھی کہ کرائم برانچ نے آشیش مشرا کو دوبارہ طلب کیا ہے۔


خیال رہے کہ لکھیم پور کھیری میں کسان مظاہرہ کے دوران تشدد بھڑک اٹھا تھا جس میں چار کسانوں اور ایک صحافی سمیت 8 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ اس واقعہ کے حوالے سے کسانوں کی جانب سے درج ایف آئی آر میں اشیش مشرا پر کسانوں پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اجے مشرا ٹینی نے آشیش کا دفاع کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ آشیش جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔