کُرلا بس حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوئی، 42 زخمی، ڈرائیور کے تجربے پر سوالات

کُرلا مغرب میں بیسٹ بس کے حادثے میں 7 افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہوئے۔ ڈرائیور کی تقرری حال ہی میں ہوئی تھی، اور اسے تجربہ نہیں تھا۔ حادثے نے حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھائے ہیں

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ممبئی کے کُرلا مغربی ریلوے اسٹیشن کے قریب پیر کی رات ایک المناک حادثہ پیش آیا جب بیسٹ بس نے متعدد افراد اور گاڑیوں کو کچل دیا۔ اس افسوسناک واقعے میں جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد 7 ہو گئی، جبکہ 42 زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد پولیس نے ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے، جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ رات 9 بج کر 45 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب بس ساکی ناکہ کی جانب جا رہی تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ڈرائیور سنجے مورے کی تقرری حال ہی میں یکم دسمبر کو ہوئی تھی اور اسے بس چلانے کا تجربہ نہیں تھا۔ حادثے کے دوران ڈرائیور نے بس پر سے کنٹرول کھو دیا جس کے نتیجے میں یہ ہولناک سانحہ پیش آیا۔


بس میں موجود مسافروں کی تعداد تقریباً 60 بتائی گئی ہے، جبکہ حادثے میں 20 سے 25 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں میں 3 پولیس اہلکار اور ایک مہاراشٹر سکیورٹی فورس (ایم ایس ایف) کا اہلکار بھی شامل ہیں۔ پولیس سب انسپکٹر پرشانت چوہان کو بھی چوٹیں آئیں۔

حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال، بھابھا اسپتال، کوہینور اسپتال، سیون ہلز اسپتال اور حبیب اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

اس حادثے کے بعد علاقے کے رکنِ اسمبلی مہیش کوڈالکر بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا چاور حادثے کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔

یہ حادثہ بیسٹ بس انتظامیہ کے حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھاتا ہے۔ ڈرائیور کی تقرری اور تربیت کے عمل کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور ان کے علاج کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔