کنّور حادثہ: ملبہ سے 2 مزید لاشیں برآمد، مہلوکین کی تعداد 25 ہو گئی

کنّور کے ڈپٹی کمشنر عابد حسین نے بتایا کہ حادثہ کی جگہ سے اب تک 25 لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں، نگلسری کے نزدیک راحتی کام کے چھٹے دن مزید 2 لاشیں برآمد ہوئی ہیں اور مسلسل راحتی کام جاری ہے۔

فائل، تصویر آئی اے این ایس
فائل، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

شملہ: ہماچل پردیش کے کنور ضلع میں کچھ دن قبل نگلسری میں تودے گرنے کے مقام سے آج مزید دو لاشیں ملنے سے حادثہ میں اب تک مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 25 ہوگئی ہے۔ تودے گرنے سے ایک بس اور کئی گاڑیاں دب گئی تھیں۔ حادثہ کے بعد سے ہی انتظامیہ کی طرف سے راحتی کام جاری ہے۔ سنیچر کو بھی ملبہ سے چھ لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ کنور ضلع میں نگلسری کے نزدیک بدھ کو تودے گرنے سے ہوئے حادثہ کے بعد سے لاشوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ بدھ کو دوپہر کو تقریباً 12 بجے کنور میں زمینی تودے گرے تھے۔ اس دوران نگلسری کے نزدیک سڑک سے گزر رہی کئی گاڑیاں اس کی زد میں آگئی تھیں۔ پہاڑی سے پتھر گرنے کی وجہ سے ہماچل پردیش روڈویز کی بس، دو کار، ایک مسافر گاڑی (ٹاٹا سومو) اور ایک ٹرک ملبہ کے نیچے دب گئے تھے۔

کنور کے ڈپٹی کمشنر عابد حسین صادق نے بتایا کہ واقعہ کی جگہ سے اب تک 25 لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں۔ آج نگلسری کے نزدیک راحتی کام کے چھٹے دن مزید دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں اور مسلسل راحتی کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ میں ابھی سات آٹھ لوگوں کے لاپتہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تبت ہندستان قومی شاہراہ نمبر پانچ پر گاڑیوں کی سرگرمیاں جاری ہیں اور ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس ٹیم تعینات کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔